سعودی عرب نے پاکستانیوں کیلئے عمرہ ویزے کی مدت بڑھا کر 90 روز کردی
سعودی عرب کے وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ پاکستانی عمرہ زائرین کے لیے ویزے کی مدت بڑھا کر 90 روز کر دی گئی ہے، جو اس سے قبل 30 روز تھی۔
واضح رہے کہ وہ چار روزہ سرکاری دورے پر 20 اگست کو اسلام آباد پہنچے تھے، جس کے دوران ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے اعلیٰ سرکاری شخصیات کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔
غیر ملکی ادارے انڈپینڈنٹ اردو کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے منگل کو کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ویزے کے اجرا کو آسان بنایا گیا ہے اور اب 24 گھنٹوں کے اندر ویزا جاری کیا جا سکتا ہے۔
ڈاکٹر توفیق الربیعہ کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کا وژن 2030 ہے کہ حج اور عمرہ زائرین کے لیے سہولیات کو بہتر بنایا جائے، انہوں نے مزید بتایا کہ اب آنے والے عمرہ زائرین سعودی عرب کے کسی بھی شہر میں جا سکتے ہیں، مثال کے طور پر وہ مکہ اور مدینہ منورہ کے علاوہ ریاض، دمام اور دیگر شہروں کا دورہ کر سکتے ہیں۔
سعودی وزیر برائے حج و عمرہ نے بتایا کہ نئی پالیسی کے بعد اب خواتین محرم کے بغیر بھی مملکت میں آسکتی ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم نے ٹرانزٹ ویزا بھی شروع کیا ہے، جس کے تحت سعودی عرب کے راستے سفر کرنے اور ملک میں 4 روز تک رہنے کی اجازت دی گئی ہے، اس کے علاوہ خاص طور پر سعودی ایئر لائن ایک رات مفت قیام کی سہولت بھی فراہم کرے گی جبکہ ٹکٹ اور ویزے کا اجرا بھی ایک ساتھ کیا جائے گا۔‘
ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے بتایا کہ مکہ اور مدینہ میں مقدس اور تاریخی مقامات کو سعودی عرب آنے والوں کے لیے کھولا جا رہا ہے، مزید کہا کہ ان تاریخی مقامات میں غار حرا، جبل طور، جنگ احد کا مقام وغیرہ شامل ہیں، ان مقامات کو لوگ دیکھنا پسند کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں 100 سے زائد ایسے تاریخی مقامات ہیں، ہم وہاں ترقیاتی کام کروا رہے ہیں تاکہ ان مقامات اور تاریخی ورثے میں اضافہ ہو۔
سعودی عرب کے وزیر برائے حج و عمرہ نے کہا کہ حکومت زائرین کو وہ تمام سہولیات فراہم کرنا چاہتی ہے جس کے سبب زیادہ لوگ متوجہ ہو سکیں، اور میرے پاکستان کے دورے کے دوران پاکستانی اور سعودی فضائی کمپنیوں کے درمیان پروازوں کی تعداد بڑھانے کے لیے معاہدے پر دستخط بھی کیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسی پروازیں جن کے کرائے کم ہوں، اس کے لیے نئی ایئر لائن کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
اس حوالے سے پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ نے 21 اگست کو رپورٹ کیا تھا کہ پاکستان اور مملکت سعودی عرب کے مابین فضائی خدمات کا معاہدہ (اے ایس اے) طے پاگیا ہے، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ڈائریکٹر جنرل خاقان مرتضیٰ اور مملکت سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (جی اے سی اے) کے صدر عبدالعزیز الدو یلج نے بالترتیب حکومت پاکستان اور مملکت سعودی عرب کی جانب سے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔
سفر کی بہتر سہولیات کیلئے نسک ایپ کا اجرا
انڈپینڈنٹ اردو نے مزید رپورٹ کیا کہ سعودی عرب کی ٹورزم اتھارٹی نے پاکستان میں سفر کی منصوبہ بندی اور بکنگ کے لیے ایک ایپ ’نسک‘ کا اجرا کیا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ متذکرہ ایپ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان فلائٹس بڑھانے اور سیاحت کے فروغ کے معاہدے پر دستخط کے ایک روز بعد متعارف کروائی گئی ہے۔
انڈپینڈینٹ اردو کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے ’نُسک‘ پہلا باضابطہ پلیٹ فارم ہے، جس کے استعمال سے مکہ، مدینہ کے علاوہ دیگر مقامات اور حج یا عمرہ کے پروگرام مرتب کرنے مدد ملتی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ نُسک ایپ کے ذریعے دنیا بھر سے زائرین الیکٹرونک ویزا کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، اس کے علاوہ ہوٹلز یا فلائٹس کی بکنگ سمیت پورے دورے کا آسانی سے انتظام کر سکتے ہیں، نُسک پلیٹ فارم کا افتتاح منگل کو کراچی میں سعودی وزیر ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کیا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ 40 سال بعد پاکستان کے تاریخی دورہ 20 اگست کو اسلام آباد پہنچے تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ حرمین الشریفین کے انتظامی بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں۔
سعودی وزیر مذہبی امور کے ہمراہ ڈپٹی وزرا حج عمرہ، سیاحت، عالمی تعاون، سعودی ایئرلائن کے صدر، سعودی ایوی ایشن کے نمائندے، سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے چیئرمین، سعودی ایئرلائن کے صدر، سعودی ٹوریزم اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو، سیکریٹری عمرہ، سیکریٹری حج، سیکریٹری انٹرنیشنل تعاون وزارت حج، ضیوف الرحمٰن پروگرام کے چیف ایگزیکٹو، سعودی مرکزی بینک کے ڈائریکٹر برائے انسداد منی لانڈرنگ و ٹیرر فنانسنگ بھی وفد میں شامل ہیں۔
نگران وزیراعظم کی سعودی عرب کے وزیر سے ملاقات
اس سے قبل نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے 21 اگست کو سعودی عرب کے حج و عمرہ کے وزیر ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ سے ملاقات کی تھی اور حج سیزن کے دوران پاکستانی عازمین کے لیے بہترین انتظامات کرنے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید کا اظہار کیا تھا کہ سعودی عرب پاکستانی حج اور عمرہ زائرین سے خصوصی سلوک جاری رکھے گا۔
نگران وزیراعظم نے وفد کا خیر مقدم کیا تھا اور سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ مثبت تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا، انہوں نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کا قابل اعتماد شراکت دار رہے گا۔
سعودی وزیر نے ان کی اور ان کے وفد کے ارکان کی پرتپاک مہمان نوازی پر نگران وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی عرب، پاکستانی عازمین حج کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا۔