• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

پہلا ون ڈے: پاکستان کی شاندار باؤلنگ، افغانستان کی ٹیم 202 رنز کے تعاقب میں 59 رنز پر ڈھیر

شائع August 22, 2023
حارث رؤف نے 5 وکٹیں حاصل کیں—فوٹو: اے ایف پی
حارث رؤف نے 5 وکٹیں حاصل کیں—فوٹو: اے ایف پی
حارث رؤف نے شان دار باؤلنگ کی—فوٹو: اے ایف پی
حارث رؤف نے شان دار باؤلنگ کی—فوٹو: اے ایف پی
افغانستان کے مجیب الرحمٰن نے 3 وکٹیں حاصل کیں—فوٹو: اے ایف پی
افغانستان کے مجیب الرحمٰن نے 3 وکٹیں حاصل کیں—فوٹو: اے ایف پی
امام الحق نے قومی ٹیم کے لیے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی—فوٹو: اے ایف پی
امام الحق نے قومی ٹیم کے لیے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی—فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کے باؤلرز نے افغانستان کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیٹنگ کی ناکامی کا ازالہ کیا اور 201 رنز کا دفاع کرتے ہوئے افغان ٹیم کو صرف 59 رنز پر آؤٹ کرکے 142 رنز سے کامیابی سمیٹ لی۔

سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کے بلے بازوں نے مایوس کن آغاز کیا اور پہلی وکٹ فخر زمان کی صورت میں صرف 3 رنز پر گری اور وہ 2 رنز بنا پائے۔

کپتان بابراعظم بھی اننگز کے دوسرے اوور میں صفر پر مجیب الرحمٰن کی وکٹ بن گئے تو قومی ٹیم دباؤ کا شکار ہوئی۔

محمد رضوان نے امام الحق کے ساتھ مل کر اسکور آگے بڑھایا لیکن مجیب الرحمٰن کے سامنے وہ بھی زیادہ مزاحمت نہیں کرسکے اور جب پاکستان کا اسکور 40 رنز تک پہنچا ہی تھا کہ وہ پویلین سدھار گئے۔

وکٹ کیپر بلے باز نے 22 گیندوں کا سامنا کرکے 4 چوکوں کی مدد سے 21 رنز بنائے۔

آغا سلمان کو راشد خان نے نشانہ بنایا، جنہوں نے 7 رنز بنائے تھے اور یوں 62 کے اسکور پر پاکستان کی 4 وکٹیں گر گئیں۔

افتخار احمد ایک مشکل وقت میں ٹیم کو سنبھالنے میدان میں آئے اور امید بندھائی لیکن زیادہ پائیدار نہیں ہوئی تاہم انہوں نے 41 گیندوں کا سامنا کرکے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کو پانچواں نقصان 27 ویں اوور کے اختتام پر 112 کے اسکور پر ہوا۔

امام الحق نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 36 ویں اوور کی آخری گیند پر آؤٹ ہوگئے اور 94 گیندوں پر 61 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اسامہ میر آؤٹ ہونے والے ساتویں بلے باز تھے جنہیں مجیب الرحمٰن نے اپنی تیسری وکٹ بنائی جبکہ پاکستان کا اسکور 160 رنز تھا۔

آٹھویں بلے باز شاہین شاہ آفریدی کی وکٹیں راشد خان نے اڑائیں اور ان کی اننگز بھی 2 رنز تک محدود رہی۔

شاداب خان نے ٹیم کا اسکور 200 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا اور 50 گیندوں پر 39 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی آخری وکٹ 48 ویں اوور کی پہلی گیند پر 201 رنز پر گری جب حارث رؤف ایک رن بنا کر رحمت شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے افغانستان کو مقررہ 50 اوورز میں جیت کے لیے 202 رنز کا ہدف دیا۔

نسیم شاہ 27 گیندوں پر 2 چوکون کی مدد سے 18 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمٰن نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، محمد نبی اور راشد خان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، فضل حق فاروقی اور رحمت شاہ نے ایک،ایک وکٹ اپنے نام کی۔

پاکستانی باؤلرز نے بلے بازوں کے برعکس شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور شاہین شاہ آفریدی نے تیسرے اوور میں یکے بعد دیگرے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے میچ میں ٹیم کی واپسی کی امید دلائی۔

شاہین شاہ آفریدی نے تیسرے اوور کی چوتھی گیند پر ابراہیم زدران کو آغا سلمان کے ہاتھوں کیچ کرایا، اس وقت افغانستان کا اسکور 3 رنز تھا۔

افغانستان کو اگلی گیند پر دوسرا نقصان اٹھانا پڑا جب شاہین کی گیند پر ایک مرتبہ پھر آغا سلمان نے کیچ لیا اور اس دفعہ پہلی گیند کا سامنا کرنے والے رحمت شاہ تھے، جنہیں کھاتہ کھولنے کی مہلت بھی نہیں ملی۔

دوسرے اینڈ سے نسیم شاہ نے بھی نپی تلی باؤلنگ جاری رکھی اور چوتھے اوور کی تیسری گیند پر افغان کپتان حشمت اللہ شاہدی کو آؤٹ کیا، شاداب خان نے ایک شان دار کیچ تھام کر وکٹ یقینی بنائی۔

افغانستان کی 3 وکٹوں صرف 4 رنز پر گر گئی تھیں، جس کے بعد حارث رؤف باؤلنگ کے لیے آئے اور 4 رنز بنا کر کھیلنے والے اکرام علیخیل کو محمد رضوان کا کیچ بنایا۔

حارث رؤف نے خطرناک بلے باز رحمٰن اللہ گرباز کو 14 ویں اوور کی تیسری گیند پر نشانہ بنایا تو افغانستان کی ٹیم آسان ہدف کے تعاقب میں 35 رنز پر 5 وکٹوں سے محروم ہوگئی۔

افغانستان کو 16 ویں اوور میں ایک اور نقصان برداشت کرنا پڑا جب حارث رؤف نے اپنی تیسری وکٹ کے لیے تجربہ کار بلے باز محمد نبی کو آؤٹ کیا، جنہوں نے 7 رنز بنائے تھے۔

حارث رؤف نے 48 کے ہی اسکور پر راشد خان کی وکٹیں اڑائیں اور افغانستان کے ساتویں بلے باز کو آؤٹ کیا۔

افغانستان کا اسکور 54 رنز تھا تو عظمت اللہ عمرزئی ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر میدان سے باہر چلے گئے، جس کے بعد شاداب خان نے عبدالرحمٰن کو 55 رنز پر آؤٹ کردیا، جنہوں نے 2 رنز بنائے تھے۔

حارث رؤف نے مجیب الرحمٰن کی 4 رنز کی اننگز کا خاتمہ کیا اور میچ میں اپنی پانچویں وکٹ حاصل کی جبکہ ریٹائرڈ ہرٹ ہونے والے عظمت اللہ بیٹنگ کے لیے واپس میدان میں نہیں اترے۔

افغانستان کی ٹیم 20 ویں اوور میں 59 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور 142 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 6.2 اوورز میں 18 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔

شاہین شاہ آفریدی کو 4 اوورز ملے، جس میں انہوں نے صرف 9 رنز دیے اور 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

نسیم شاہ اور شاداب خان نے ایک،ایک وکٹ اپنے نام کی۔

حارث رؤف کو تباہ کن باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان نے اس کامیابی کے ساتھ 3 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

خیال رہے کہ ایشیا کپ سے قبل پاکستان اور افغانستان کے درمیان 3 میچوں کی ایک روزہ سیریز سری لنکا میں کھیلی جا رہی ہے، جس کے دونوں ٹیمیں گزشتہ ہفتے سرلنکا پہنچی تھیں۔

سیریز کا دوسرا میچ 24 اگست کو ہمبنٹوٹا اور تیسرا اور آخری میچ 26 اگست کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

پہلے میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:

پاکستان: بابراعظم (کپتان)، فخرزمان، امام الحق، محمد رضوان، آغا سلمان، افتخار احمد، شاداب خان، اسامہ میر، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف

افغانستان: حشمت اللہ شاہدی (کپتان)، رحمٰن اللہ گرباز، ابراہیم زدران، رحمت شاہ، محمد نبی، اکرام علیخیل، عظمت اللہ عمرزئی، عبدالرحمٰن، راشد خان، مجیب الرحمٰن، فضل حق فاروقی

کارٹون

کارٹون : 4 نومبر 2024
کارٹون : 3 نومبر 2024