• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

فاطمہ جناح کی زندگی پر بنائی گئی ویب سیریز 2024 میں ریلیز کرنے کا اعلان

شائع August 21, 2023
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

فاطمہ جناح کی زندگی پر بنائی گئی ویب سیریز ’مادر ملت‘ کے ہدایت کار نے ایک بار پھر ویب سیریز کو رواں برس کے بجائے اگلے برس ریلیز کرنے کا اعلان کردیا۔

ابتدائی طور پر مذکورہ ویب سیریز کو 14 اگست 2022 کو ریلیز کیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن ایسا نہیں ہو سکا تھا۔

بعد ازاں ویب سیریز کو اگست 2023 میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا اور رواں ماہ اس کے ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے ہر حال میں یوم آزادی پر پیش کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا تھا۔

لیکن رواں ماہ 14 اگست پر بھی ویب سیریز کو ریلیز نہیں کیا جا سکا تھا اور اب ہدایت کار نے اسے آئندہ سال ریلیز کرنے کا اعلان کردیا۔

ویب سیریز کے ہدایت کار اور لکھاری دانیال افضل نے برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی اردو‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’مادر ملت‘ کو آئندہ سال ریلیز کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ویب سیریز کو بیک وقت کسی او ٹی ٹی پلیٹ فارم سمیت کسی ٹی وی چینل پر بھی نشر کیا جائے گا، تاہم انہوں نے کسی بھی پلیٹ فارم اور ٹی وی چینل کا نام نہیں بتایا۔

دانیال افضل نے رواں برس ویب سیریز کو ریلیز نہ کرنے کی بھی کوئی وجہ نہیں بتائی۔

انہوں نے تصدیق کی کہ ویب سیریز کے تین سیزن ہیں اور تینوں سیزن میں 1910 سے لے کر 1967 کا زمانہ دکھایا گیا ہے۔

ہدایت کار کا کہنا تھا کہ ویب سیریز کے پہلے سیزن میں فاطمہ جناح کا بچپن یعنی قیام پاکستان سے قبل کا زمانہ اور متحدہ ہندوستان کا دور دکھایا جائے گا۔

دوسرے سیزن میں فاطمہ جناح کی جوانی اور تقسیم ہند کا دور دکھایا جائے گا جب کہ آخری سیزن میں قیام پاکستان کے بعد کا زمانہ اور ان کی پاکستانی سیاست اور انتخابات سمیت ان کی زندگی کا آخری دور دکھایا جائے گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پہلی بار شائقین کو فاطمہ جناح کی زندگی کے مختلف پہلو دیکھنے کو ملیں گے، اب تک لوگ صرف انہیں قائد اعظم کی بہن اور ان کے ساتھ ہمیشہ سائے کی طرح رہنے والی خاتون کے طور پر دیکھتے آئے ہیں۔

دانیال افضل کے مطابق فاطمہ جناح متحدہ ہندوستان میں ممبئی میں پلی بڑھیں، وہیں وہ دوران تعلیم ہاسٹل میں رہیں اور انہیں ممبئی گرل بھی کہا جاتا تھا لیکن لوگ انہیں صرف قائد اعظم کی بہن کے طور پر پہچانتے ہیں اور پہلی بار وہ اسکرین پر ان کی نجی زندگی کے کئی راز کھلتے دیکھیں گے۔

ہدایت کار کے مطابق آئندہ برس ویب سیریز کا پہلا سیزن ریلیز کیا جائے گا، جس میں فاطمہ جناح کے بچپن کا دور ہوگا۔

حال ہی میں ویب سیریز کی جاری گئی او ایس ٹی کی ویڈیو میں متعدد نئے کرداروں کو متعارف کرایا گیا ہے، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ ویب سیریز نہ صرف میگا بجٹ ہوگی بلکہ اس میں متعدد بڑے کردار دکھائی دیں گے۔

او ایس ٹی کی ویڈیو میں قائد اعظم محمد جناح، علامہ اقبال اور مہاتما گاندھی سمیت دیگر بڑے کرداروں کو بھی دکھایا گیا ہے۔

مہاتما گاندھی کا کردار سرمد کھوسٹ، علامہ اقبال کا کردار عثمان مختار جب کہ قائد اعظم کا کردار عامر قریشی ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

او ایس ٹی ویڈیو میں کبریٰ خان اور انوشے اشرف سمیت دیگر کرداروں کو بھی دکھایا گیا ہے، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ ویب سیریز میں بڑے اداکار دیکھنے کو ملیں گے۔

ویب سیریز کے حوالے سے دانیال افضل پہلے بتا چکے تھے کہ سیریز کا ہر سیزن 15 اقساط پر مشتمل ہوگا اور پہلے سیزن میں فاطمہ جناح کا بچپن اور جوانی دکھائی جائے گی، جس میں قیام پاکستان سے قبل متحدہ ہندوستان کے حالات بھی دکھائے جائیں گے۔

ان کے مطابق پہلے سیزن میں فاطمہ جناح کے بچپن اور جوانی کا کردار اداکارہ سندس فرحان ادا کریں گی جب کہ دوسرے سیزن میں سجل علی ’مادر ملت‘ کا روپ دھاریں گی۔

انہوں نے بتایا تھا کہ سیریز کے دوسرے سیزن میں تحریک آزادی، تقسیم برصغیر اور قیام پاکستان کے واقعات دکھائے جائیں گے اور ان کے بڑھاپے کا روپ سامعہ ممتاز دھاریں گی۔

ویب سیریزکے گزشتہ برس جاری کیے گئے مفصل 15 منٹ دورانیے کے ٹریلر میں فاطمہ جناح کے قیام پاکستان سے قبل، قیام پاکستان کے وقت اور قیام پاکستان کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024