• KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:26pm

نگران حکومتوں کی اولین ذمہ داری آزادانہ، منصفانہ انتخابات کا انعقاد ہے، علی مردان ڈومکی

شائع August 20, 2023
علی مردان ڈومکی نے جیلوں میں اصلاحات کے عمل کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی—فائل فوٹو: ڈان نیوز
علی مردان ڈومکی نے جیلوں میں اصلاحات کے عمل کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی—فائل فوٹو: ڈان نیوز

نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ پرامن ماحول میں شفاف اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد نگران حکومتوں کی اولین ذمہ داری ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلے سرکاری اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئینی تقاضوں کے مطابق دارالحکومت اور صوبوں میں نگراں حکومتیں قائم کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عبوری سیٹ اپ اپنے مینڈیٹ کے مطابق عام انتخابات کے انعقاد کے لیے پرامن اور سازگار ماحول کے قیام کو یقینی بنائے گا۔

صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس میں چیف سیکریٹری، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس، ڈی آئی جی فرنٹیئر کور، ڈی جی لیویز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

کمشنرز اور ریجنل پولیس افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور آئی جی پولیس نے اجلاس کو صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی۔

علاوہ ازیں اجلاس کو سیکیورٹی چیلنجز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ انتخابات کے انعقاد کے لیے امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے فعال کردار ادا کریں، ہم سیکیورٹی اداروں کے میرٹ کی بنیاد پر انتظام کو یقینی بنائیں گے اور غیر ضروری دباؤ برداشت نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رابطے اور معلومات کے تبادلے کا ایک مؤثر نظام قائم کیا جانا چاہیے، انہوں نے جیلوں میں اصلاحات کے عمل کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور لیویز صوبے میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کریں اور امن و امان کو بہتر بنانے کے حوالے سے اپنی کارکردگی کا جائزہ لیں تاکہ شہری محفوظ محسوس کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام محب وطن ہیں اور اپنے اداروں کا احترام کرتے ہیں، عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے صوبے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور لیویز کی پیشہ ورانہ مہارت اور کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے، انہیں مکمل تعاون فراہم کرکے ان کی ضروریات پوری کی جائیں گی۔

کارٹون

کارٹون : 18 نومبر 2024
کارٹون : 17 نومبر 2024