• KHI: Fajr 5:32am Sunrise 6:51am
  • LHR: Fajr 5:09am Sunrise 6:34am
  • ISB: Fajr 5:17am Sunrise 6:44am
  • KHI: Fajr 5:32am Sunrise 6:51am
  • LHR: Fajr 5:09am Sunrise 6:34am
  • ISB: Fajr 5:17am Sunrise 6:44am

دریائے ستلج میں 35 سال بعد غیرمعمولی سیلاب، ریسکیو کوششیں جاری

شائع August 19, 2023
سلیمانکی ہیڈ ورکس پر دریائے ستلج میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران اونچی سیلاب کی سطح انتہائی حد تک بلند ہونے کا امکان ہے— فوٹو: ڈان نیوز
سلیمانکی ہیڈ ورکس پر دریائے ستلج میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران اونچی سیلاب کی سطح انتہائی حد تک بلند ہونے کا امکان ہے— فوٹو: ڈان نیوز

پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دریائے ستلج میں 35 سال بعد غیرمعمولی سیلاب کے آنے کے بعد بچاؤ کی کوششیں جاری ہیں۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے گنڈا سنگھ والا میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے اور اس کی یہ صورتحال برقرار رہے گی۔

بیان میں کہا گیا کہ سلیمانکی ہیڈ ورکس پر دریائے ستلج میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران اونچی سیلاب کی سطح انتہائی حد تک بلند ہونے کا امکان ہے، اسی طرح اسلام ہیڈ ورکس میں 22 اگست کے بعد سے اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس(سابقہ ٹویٹر) پر اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ قصور میں گنڈا سنگھ سرحد کے قریب 2لاکھ 78ہزار کیوسک پانی بہہ رہا ہے اور حکومت صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پانی بھارت کی جانب سے چھوڑا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور ریلیف کیمپوں کا دورہ کیا، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، پولیس اور آبپاشی ٹیموں کی گزشتہ 3 دنوں سے جاری مسلسل کاوشوں کو سراہا۔

نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس طرح کے سیلاب کی 35 سالوں میں مثال نہیں ملتی لیکن ہماری ٹیمیں زمین پر موجود ہیں جو ہمارے لوگوں کی حفاظت اور مدد کے لیے موجود ہیں، انشاء اللہ، ہم مل کر اس سے نمٹیں گے۔

اس کے علاوہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ قصور کے کئی دیہاتوں میں 10 سے 12 فٹ تک پانی داخل ہوا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متاثرہ دیہاتوں سے ساڑھے 6ہزار افراد کو نکالا جا چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں خطرات سے دوچار دیہاتوں میں جانی نقصان سے بچنے کے لیے دیہاتوں سے لوگوں کو زبردستی نکالنا پڑا تو ہم وہ بھی کریں گے، علاقے میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ لاہور کے کمشنر اور پنجاب پروینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اہلکار جائے وقوع پر ریسکیو آپریشن کا جائزہ لے رہے ہیں۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ضلعی انتظامیہ کو خط لکھ دیا

دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے جمعہ کو ستلج کے ساتھ والے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ایک خط جاری کیا ہے کہ وہ اس حوالے سے آگاہی کے لیے دریاؤں اور نہروں سے ملحقہ دیہی علاقوں میں مساجد کے ذریعے اعلانات کریں۔

انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سیلاب کی صورتحال سے متعلق مساجد سے اعلانات کریں تاکہ مقامی لوگوں کو آگاہ کیا جا سکے اور نچلی سطح پر معلومات کی موثر ترسیل کو یقینی بنایا جائے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے عوام پر زور دیا کہ وہ انسانی جان و مال کے ممکنہ نقصان کو روکنے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔

’بھارت 21 اگست تک پانی چھوڑتا رہے گا‘

آج جاری ہونے والے ایک بیان میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل عمران قریشی نے کہا کہ اطلاعات ہیں کہ بھارت 21 اگست تک روزانہ کی بنیاد پر پاکستان میں پانی چھوڑتا رہے گا۔

انہوں نے اس حوالے سے تمام محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔

اتھارٹی کے مطابق دریائے ستلج کے قریب آباد بستیوں کو خالی کرایا جا رہا ہے اور لوگوں کو خوراک، رہائش اور ادویات جیسی اشیائے ضروریہ فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور حکام سیلاب سے ہونے والے نقصانات کو روکنے کے لیے تمام اقدامات کریں گے۔

پی ڈی ایم اے نے انتظامیہ کو دریا کے پانی کے راستے میں قائم تجاوزات کو ہٹانے کی بھی ہدایت کی۔

اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ دریاؤں اور ندی نالوں میں نہانے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 18 نومبر 2024
کارٹون : 17 نومبر 2024