• KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm
  • KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm

امریکا نے ڈنمارک، نیدرلینڈز سے یوکرین کو ایف-16 جنگی طیاروں کی فراہمی کی منظوری دے دی

شائع August 18, 2023
یوکرین کی فضائیہ کے ترجمان یوری احنات نے کہا تھا کہ آنے والے موسم خزاں اور موسم سرما میں امریکی ساختہ ایف 16 لڑاکا طیارے نہیں چلا سکیں گے — فوٹو: رائٹرز
یوکرین کی فضائیہ کے ترجمان یوری احنات نے کہا تھا کہ آنے والے موسم خزاں اور موسم سرما میں امریکی ساختہ ایف 16 لڑاکا طیارے نہیں چلا سکیں گے — فوٹو: رائٹرز

امریکی حکام نے کہا ہے کہ پائلٹوں کی تربیت مکمل ہوتے ہی روسی حملے سے دفاع کے لیے یوکرین کو ڈنمارک اور نیدرلینڈز سے ایف 16 جنگی جہاز دینے کی منظوری دی گئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق یوکرین نے روسی فضائی حملوں سے نمٹنے کے لیے امریکا سے ایف 15 جنگی جہاز طلب کیے ہیں۔

حکام نے کہا کہ امریکا نے ڈنمارک اور نیدرلینڈز کے حکام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پائلٹوں کی تربیت کے بعد امریکا، یوکرین کے لیے ایف 16 طیاروں کی منتقلی کی درخواستوں کی منظوری میں تیزی لائے گا۔

ڈنمارک کے وزیر خارجہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ایکس‘ (ٹوئٹر) پر کہا کہ ’ہم یوکرین کو ایف 16 جنگی طیارے فراہم کرنے کے امریکی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔‘

وزیر خارجہ نے کہا کہ اب ہم اپنے یورپی شراکت داروں کے ساتھ اس معاملے پر مزید تبادلہ خیال کریں گے۔

خیال رہے کہ ڈنمارک اور نیدرلینڈز نے حال ہی میں ایسی یقین دہانی کے لیے کہا تھا کہ امریکا کو اپنے اتحادیوں سے یوکرین کو فوجی جنگی طیارے منتقل کرنے چاہئیں۔

واضح رہے کہ 11 ممالک پر مشتمل اتحاد رواں ماہ ڈنمارک میں یوکرین کے پائلٹوں کو ایف 16 جنگی طیارے اڑانے کی تربیت دینے جا رہا ہے۔

نیدرلینڈر کے قائم مقام وزیر دفاع نے جولائی میں کہا تھا کہ 2024 کے اوائل میں تربیت کے ’نتائج‘ دیکھنے کی توقع ہے۔

نیٹو کے ارکان ڈنمارک اور نیدرلینڈز پائلٹوں کے ساتھ ساتھ معاون عملے کو تربیت دینے، طیاروں کی دیکھ بھال اور یوکرین کو روس کے ساتھ جنگ میں استعمال کے لیے ایف 16 حاصل کرنے کے قابل بنانے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

نیدرلینڈز کے وزیر اعظم مارک روٹے نے مئی میں کہا تھا کہ ان کا ملک یوکرین کو ایف 16 جنگی طیارے فراہم کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہا ہے، کیونکہ وہ اس وقت اپنی مسلح افواج سے لڑاکا طیاروں کو ختم کر رہا ہے۔

نیدرلینڈز کی وزارت دفاع کے اعداد و شمار کے مطابق نیدرلینڈز کے پاس اس وقت 24 آپریشنل ایف 16 طیارے ہیں جنہیں 2024 کے وسط تک مرحلہ وار ختم کر دیا جائے گا جبکہ مزید 18 جیٹ طیارے اس وقت فروخت کے لیے دستیاب ہیں، جن میں سے 12 عارضی طور پر فروخت کیے گئے ہیں۔

امریکی حکام نے کہا کہ امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنے ڈنمارک اور نیدرلینڈز کے ہم منصبوں کو خطوط بھیجے ہیں اور انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ درخواستوں کو منظور کر لیا جائے گا۔

انٹونی بلنکن نے دونوں وزرا کو لکھے گئے خط میں کہا کہ ’میں یوکرین کو ایف 16 لڑاکا طیاروں کی منتقلی اور یوکرین کے پائلٹوں کو ایف 16 کے قابل اساتذہ کے ذریعے تربیت دینے کے لیے امریکا کی مکمل حمایت کا اظہار کرنے کے لیے لکھ رہا ہوں۔‘

انٹونی بلنکن نے کہا کہ یہ اہم ہے کہ یوکرین، روسی جارحیت اور اپنی خود مختاری کی خلاف ورزی کے خلاف اپنا دفاع کرنے کے قابل ہو۔

انہوں نے کہا کہ درخواستوں کی منظوری سے یوکرین کو پائلٹوں کے تربیت مکمل ہوتے ہی اپنی نئی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے مئی میں ایف 16 طیاروں پر یوکرینی پائلٹوں کے تربیتی پروگرام کی توثیق کی تھی اور ڈنمارک میں تربیت کے علاوہ رومانیہ میں بھی ایک تربیتی مرکز قائم کیا جانا تھا۔

یوکرین کی فضائیہ کے ترجمان یوری احنات نے کہا تھا کہ آنے والے موسم خزاں اور موسم سرما میں امریکی ساختہ ایف 16 لڑاکا طیارے نہیں چلا سکیں گے۔

قبل ازیں امریکی حکام نے کہا تھا کہ ایف 16 جیٹ طیارے موجودہ جوابی حملے میں یوکرین کے لیے بہت کم مددگار ثابت ہوں گے۔

خیال رہے کہ امریکی جنگی طیاروں ایف 16 کو لاک ہیڈ مارٹن نے بنایا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024