• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

’یہ جناح کا پاکستان نہیں ہے‘، گرجا گھروں کی توڑپھوڑ پر شوبز شخصیات کا اظہارِ افسوس

شائع August 17, 2023
—فائل فوٹو: انسٹاگرام
—فائل فوٹو: انسٹاگرام

صوبہ پنجاب کے دوسرے بڑے شہر فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں مبینہ توہین مذہب کے بعد متعدد گرجا گھروں کی توڑ پھوڑ اور نذر آتش کرنے پر پاکستان کی متعدد شوبز شخصیات نے سخت مذمت کی ہے۔

گزشتہ روز جڑانوالہ میں قرآن کی مبینہ بے حرمتی کے واقعے کے بعد مشتعل مظاہرین کی جانب سے مسیحی آبادی پر دھاوا بول کر متعدد گرجا گھروں کو نذرِ آتش کر دیا تھا۔

پادری عمران بھٹی نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو بتایا تھا کہ عیسیٰ نگری میں واقع سیلویشن آرمی چرچ، یونائیٹڈ پریس بیٹیرین چرچ اور شہرون والاچرچ میں توڑ پھوڑ کی گئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ مسیحی جس پر توہین مذہب کا الزام عائد کیا گیا ہے، اس کے گھر کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر منظر عام پر آنے والی تصاویر میں چرچ کی عمارتوں سے دھواں اٹھتا اور لوگوں کو فرنیچر کو آگ لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ ایک عیسائی قبرستان کے ساتھ ساتھ مقامی حکومت کے دفتر میں بھی توڑ پھوڑ کی گئی۔

گرجا گھروں کی توڑ پھوڑ اور آگ لگانے کے واقعے پر پاکستان کی متعدد شوبز شخصیات نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سخت مذمت کی اور ملوث افراد کو سخت سزائیں دینے کا بھی مطالبہ کیا۔

اداکارہ سجل علی نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا کہ ’کسی بھی مذہب میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے، یہ انتہائی افسوسناک عمل ہے۔

اداکارہ نے معاشرے میں اتحاد اور امن کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اقلیتوں کے خلاف تشدد کے اس عمل کی شدید مذمت کرتی ہیں۔

اداکارہ ازیکا ڈینئیل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’یہ جناح کا پاکستان نہیں ہے، میں مسیحی برادری کے خلاف اس ظلم کی شدید مذمت کرتی ہوں‘۔

انہوں نے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’چاہے چرچ ہو یا مسجد مقدس مقامات کا احترام کیوں نہیں کیا جا سکتا؟ میں ان مظالم اور غیر منصفانہ تشدد کے خلاف ہوں۔

گلوکار شہزاد رائے نے لکھا کہ ’پہلے بولنے سے ڈرتے تھے، اب نہ بولیں تو ڈر لگتا ہے‘

انہوں نے مزید لکھا کہ اگر ریاست ویڈیو فوٹیج کے ذریعے اس واقعے ملوث ہر فرد کو گرفتار کرکے مثال نہیں بناتی تو ہم برباد ہوجائیں گے۔

سینئر اداکارہ نادیہ جمیل نے سوال کیا کہ ’کہاں ہیں انسانی حقوق کے تمام نام نہاد کارکن؟ پاکستان کی مسیحی برادری کے اس ظلم اور اس افسوسناک عمل کے خلاف آواز اٹھانے والے لوگ کہاں ہیں؟

انہوں نے جڑانوالہ واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ وہ لوگ ہیں جو پاکستان کو بدنام کرتے ہیں، انہیں جیلوں میں ڈالنا چاہیے‘۔

اداکارہ ماہرہ خان نے بھی گرجا گھروں کی توڑ پھوڑ اور نذر آتش کرنے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں شرم آنی چاہیے‘۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024