• KHI: Asr 4:23pm Maghrib 6:00pm
  • LHR: Asr 3:38pm Maghrib 5:16pm
  • ISB: Asr 3:38pm Maghrib 5:16pm
  • KHI: Asr 4:23pm Maghrib 6:00pm
  • LHR: Asr 3:38pm Maghrib 5:16pm
  • ISB: Asr 3:38pm Maghrib 5:16pm

اپنے ہی ملک میں بار بار بتانا پڑتا ہے کہ پاکستانی ہوں، نتاشا بیگ

شائع August 16, 2023
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

معروف گلوکارہ و اداکارہ نتاشا بیگ نے انکشاف کیا ہے کہ ایک شاپنگ مال میں ایک شخص نے اپنی روتی ہوئی بچی کو ان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے چپ کرانے کی کوشش کی اور بیٹی کو بتایا کہ وہ دیکھو چینی خاتون کھڑی ہیں۔

نتاشا بیگ ماضی میں بھی بتا چکی ہیں کہ انہیں ان کی شکل و صورت کی وجہ سے زیادہ تر لوگ چینی خاتون سمجھتے ہیں اور جب وہ اردو میں بات کرتی ہیں تو لوگ مزید حیران ہو جاتے ہیں کہ چینی خاتون اردو بھی صاف بول لیتی ہیں۔

حال ہی میں نتاشا بیگ ’ہنسنا منع ہے‘ میں شریک ہوئی، جہاں انہوں نے اپنی شکل و صورت سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ بچپن میں وہ کرکٹر تھیں اور انہوں نے تقریباً 19 سال کی عمر تک کرکٹ کھیلی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہیں کرکٹر بننے کا کوئی شوق نہیں تھا لیکن بچپن میں وہ ہر کام کرنے کی عادی تھیں جو انہیں اچھا لگتا تھا، انہیں کرکٹ بھی اچھی لگی، اس لیے انہوں نے کھیلنا شروع کی۔

ان کے مطابق 2010 سے قبل انہوں نے کرکٹ کو خیرباد کہہ کر گلوکاری سمیت ماڈلنگ پر توجہ دی۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے نتاشا بیگ نے بتایا کہ انہیں ان کی شکل و صورت کی وجہ سے زیادہ تر لوگ چینی یا کوریائی خاتون سمجھتے ہیں اور انہیں اپنے ہی ملک میں ہر کسی کو بتانا پڑتا ہے کہ وہ پاکستانی ہیں۔

گلوکارہ کے مطابق ایک بار وہ بیرون ملک سے واپس آرہی تھیں تو ایئرپورٹ پر ان کے ڈرائیور سے سیکیورٹی گارڈ نے پوچھا کہ خاتون کس ملک سے آئی ہیں؟

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے سیکیورٹی گارڈ کا سوال سن کر خود ہی انہیں جواب دیا کہ وہ پاکستانی ہی ہیں۔

گلوکارہ نے ایک اور واقعہ بتایا کہ ایک بار شاپنگ مال میں ایک شخص نے ان کے پیچھے پیچھے آکر ان سے اردو میں پوچھا کہ آپ چائنیز ہیں؟

اسی طرح نتاشا بیگ نے ایک دلچسپ واقعہ بتایا کہ جب وہ کم عمر تھیں تو والدین کے ساتھ شاپنگ مال گئیں، جہاں ایک شخص کی کم سن بیٹی رو رہی تھیں۔

گلوکارہ کے مطابق وہ شاپنگ مال میں بوریت کا شکار ہوکر ایک جگہ پر کھڑی ہوگئیں، جہاں مذکورہ شخص نے اپنی روتی بیٹی کو ان کی جانب اشارہ کرکے بتایا کہ وہ دیکھو چینی خاتون کھڑی ہیں۔

نتاشا بیگ نے کہا کہ مذکورہ شخص کی جانب سے اپنی روتی بچی کو چپ کروانے کے لیے انہیں چینی قرار دینے پر مزید غصہ آیا لیکن انہوں نے اس شخص کو کچھ نہیں بولا۔

گلوکارہ نے شکوہ کیا کہ انہیں اپنے ہی ملک میں لوگوں کو بار بار بتانا پڑتا ہے کہ وہ پاکستانی ہیں۔

اس سے قبل انہوں نے ڈان آئیکون کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کے والدین اور آبا و اجداد کا تعلق شمالی علاقہ جات ’ہنزہ‘ سے ہے، تاہم وہ خود صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پیدا ہوئیں اور وہیں پلی بڑھیں۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ ان کی شکل و صورت چینی نژاد لوگوں سے ملتی ہے، اس لیے لوگ انہیں پاکستانی نہیں سمجھتے۔

کارٹون

کارٹون : 9 جنوری 2025
کارٹون : 8 جنوری 2025