• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

پاکستان کرکٹ بورڈ کا پہلی بار خواتین کرکٹرز کیلئے ڈومیسٹک کنٹریکٹ کا اعلان

شائع August 16, 2023
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں خواتین کرکٹ کی ترقی اور فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب 74 باصلاحیت خواتین کرکٹرز کو 11 ماہ کے ڈومیسٹک کنٹریکٹ دیے گئے جو کہ ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا معاہدہ ہے۔

تاریخی پیش رفت کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ 74 خواتین کھلاڑیوں میں سے 59 کا تعلق ایمرجنگ اور انڈر 19 کیٹیگریز سے ہے، جب کہ ان میں شامل 14 کھلاڑی ایسی ہیں جو پہلے ہی سینئر لیول پر پاکستان ویمن ٹیم کی نمائندگی کر چکی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ اہم پیشرفت خواتین کرکٹرز کے اعتماد میں اضافے کا باعث بنے گی جب کہ ایکشن سے بھرپور خواتین کرکٹ سیزن یکم ستمبر سے دوبارہ شروع ہونے والا ہے۔

پی سی بی نے کہا کہ یہ ڈومیسٹک کنٹریکٹس ان کھلاڑیوں کو دیے گئے ہیں جنہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹس، ایمرجنگ ٹورنامنٹس، انڈر 19 ڈومیسٹک ٹورنامنٹ اور آئی سی سی انڈر 19 ویمنز ورلڈ کپ سمیت مختلف کرکٹ پلیٹ فارمز پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

کرکٹ بورڈ نے کہا کہ ان کھلاڑیوں کا انتخاب سابق ٹیسٹ کرکٹر سلیم جعفر کی سربراہی میں نیشنل ویمن سلیکشن کمیٹی نے قومی اور اکیڈمی کے کوچز کی سفارشات کی روشنی میں کیا ہے۔

اس میں مزید کہا گیا کہ اس اقدام کا مقصد نہ صرف ان کھلاڑیوں کی محنت اور لگن کا اعتراف کرنا ہے بلکہ ملک میں خواتین کرکٹ کے معیار کو بلند کرنا بھی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ان کنٹریکٹس کا فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس عزم کی نشاندہی کرتا ہے جس کی قیادت مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرپرسن ذکا اشرف کر رہے ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ کا عزم ملک میں خواتین کی کرکٹ کی ترقی، اس کا فروغ، اسے قابل عمل کیریئر بنانے کا راستہ فراہم کرنا، زیادہ سے زیادہ خواتین کو کھیلوں میں حصہ لینے اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی ترغیب دینا ہے۔

پی سی بی نے بیان میں کہا کہ یہ قدم ویمن کرکٹ پر بہت گہرے اثرات ڈالے گا جس سے زیادہ کھلاڑیوں کو اعلیٰ سطح پر کھیلنے کی خواہش کا حوصلہ ملے گا۔

پی سی بی عبوری انتظامی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے کہا کہ میں ان 74 خواتین کرکٹرز کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اپنی بھرپور صلاحیتوں اور لگن سے یہ کنٹریکٹ حاصل کیے، آج کا دن پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے اہم موقع ہے جب کہ ہم نے ملک میں خواتین کرکٹ کی ترقی کے لیے تاریخی قدم اٹھایا ہے۔

اس موقع پر خواتین کرکٹ کی سربراہ تانیہ ملک اپنے بیان میں کہا کہ ہم اپنی 74 بہترین خواتین کرکٹرز کو ڈومیسٹک کنٹریکٹ دینے کا اعلان کرتے ہوئے بہت پرجوش ہیں، یہ تاریخی لمحہ نہ صرف ان کی غیر معمولی صلاحیتوں کا اعتراف ہے بلکہ اس کا مقصد خواتین کھلاڑیوں میں اعتماد اور عزم پیدا کرنا ہے۔

اس میں مزید کہا گیا کہ ڈومیسٹک کنٹریکٹ کے علاوہ پی سی بی نے خواتین کرکٹرز کے لیے ملک بھر میں 8 کرکٹ اکیڈمیوں میں تربیت کی سہولیات بھی دوبارہ شروع کر دی ہیں جن میں سے سات کام کر رہی ہیں۔

آپریشنل اکیڈمیوں میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور، حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی، انضمام الحق ہائی پرفارمنس سینٹر ملتان، قیوم اسٹیڈیم پشاور، ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم ایبٹ آباد، کوئٹہ بگٹی اسٹیڈیم اور بہاولپور میں ویمن سپورٹس اسٹیڈیم شامل ہیں۔

جن کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کنٹریکٹ کی پیشکش کی گئی ہے وہ ویمن سینٹرل کنٹریکٹ 24-2023 کا حصہ نہیں ہوں گی، ڈومیسٹک کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کو ماہانہ معاوضے کے علاوہ میچ فیس، ڈیلی الاؤنس اور میچ کی انعامی رقم میں سے بھی حصہ ملے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024