روس: داغستان میں پیٹرول اسٹیشن پر آتشزدگی سے 30 افراد ہلاک
روس کے جنوبی خطے داغستان میں فیول اسٹیشن میں آتشزدگی سے 3 بچوں سمیت 30 افراد ہلاک ہوگئے۔
خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق روس کی ایمرجنسی سروسز کی وزارت نے بیان میں کہا کہ جنوبی خطے داغستان میں رات گئے ایک فیول اسٹیشن میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جہاں 3 بچوں سمیت 30 افراد ہلاک ہوئے۔
سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ داغستان کے دارالحکومت مخاچکالا میں شاہراہ کے کنارے قائم ایک آٹو ریپیئر کی دکان میں لگی اور اس کے بعد دھماکا ہوا اور قریبی پیٹرول پمپ تک پھیل گئی۔
ایک عینی شاہد نے بتایا کہ یہاں پر جنگ جیسا ماحول بن گیا تھا۔
جائے وقوع پر موجود ایک اور شہری نے بتایا کہ آگ اس جگہ لگی تھی جہاں کاریں پارک کی ہوئی تھیں اور پھر پیٹرول اسٹیشن تک پھیل گئی۔
انہوں نے کہا کہ دھماکے کے بعد چیزیں ہمارے اوپر آگریں اور ہمیں کچھ نظر نہیں آرہا تھا۔
روس کی ایمرجنسی سروسز کی وزارت کی جانب سے جاری تصاویر میں فائر فائٹرز کو آگ کے بلند ہوتے شعلے بجھانے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق آن لائن سامنے آنے والی ویڈیوز میں نظر آرہا ہے کہ سنگل اسٹوری عمارت پر آگ لگی ہوئی ۔
روسی وزارت نے ٹیلیگرام پر بیان میں کہا کہ مخاچکالا میں امدادی کارروائی کے دوران مزید 3 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 30 ہوگئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پیٹرول اسٹیشن پر آتشزدگی سے ہلاکتوں کے علاوہ 105 افراد زخمی بھی ہوگئے ہیں۔
داغستان کی وزارت صحت کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ میں بتایا گیا کہ زخمیوں میں 13 بچے شامل ہیں۔
روس کی سرکاری خبرایجنسی نے ایمرجنسی سروسز کی وزارت کے حوالے سے بتایا کہ 600 مربع میٹر پر پھیلی ہوئی آگ بجھانے کے لیے فائر فائٹرز کو ساڑھے 3 گھنٹوں سے زیادہ وقت لگا۔
داغستان کے گورنر سرگئی میلیکوف کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کی وجوہات اور دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ روس کے تیل کی دولت سے مالامال خطہ خانتے مانسکیسک میں آئل فیلڈ میں بھی دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔