• KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:25pm
  • KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:25pm

افغانستان: خوست کے ہوٹل میں بم دھماکا، 3 افراد ہلاک

شائع August 14, 2023
— فوٹو: طلوع نیوز
— فوٹو: طلوع نیوز

افغانستان کے صوبے خوست میں بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 3 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ میں صوبے کے میڈیا کے دفتر نے بتایا کہ افغانستان کے جنوب مشرقی صوبے خوست کے ایک ہوٹل میں ہونے والے دھماکے میں کم از کم 3 افراد ہلاک جبکہ 7 دیگر زخمی ہو گئے۔

رپورٹ کے مطابق دھماکے کی وجہ فوری طور پر واضح نہیں ہوسکی، پاکستان کی سرحد کے قریب اس صوبے میں طویل عرصے سے عسکریت پسندوں اور ان کے دشمنوں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔

خوست کے میڈیا دفتر نے دعویٰ کیا کہ ہلاک ہونے والوں میں پاکستان کے وزیرستان کے علاقے سے تعلق رکھنے والے شامل ہیں، جو سرحد کے بالکل قریب ہے اور جہاں برسوں سے مختلف عسکریت پسند گروپ کام کر رہے ہیں۔

رائٹرز نے بتایا کہ پاکستان کے دفتر خارجہ نے فوری طور پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔

افغانستان میں عبوری طالبان حکومت کو اسلامک اسٹیٹ (داعش )کے عسکریت پسندوں کی بغاوت کا سامنا ہے، جنہوں نے حالیہ مہینوں میں شہریوں، غیر ملکیوں اور طالبان کی سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے والے متعدد حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔

اس دوران پاکستان میں کالعدم طالبان عسکریت پسندوں کی طرف سے حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جبکہ پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ افغان طالبان اپنی سرزمین پر موجود عسکریت پسندوں کے خلاف اقدامات نہیں کر رہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ افغان طالبان نے کہا ہے کہ ان کی توجہ افغانستان کو محفوظ بنانے پر ہے اور انہوں نے حالیہ مہینوں میں داعش کے خلاف کئی حملے کیے ہیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق 2021 میں افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا اور طالبان کے قبضے کے بعد سے بم دھماکوں اور دیگر تشدد میں ایک ہزار سے زیادہ افغان شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔

خیال رہے کہ 9 مارچ 2023 کو افغانستان کے صوبہ بلخ کے طالبان گورنر محمد داؤد مزمل اپنے دفتر میں ہونے والے دھماکے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔

اسی طرح 6 دسمبر 2022 کو افغانستان کے صوبے بلخ میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے کے نتیجے میں پیٹرولیم کمپنی کے 7 ملازمین جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے تھے، جبکہ دسمبر 2022 کے اوائل میں افغانستان کے شہر ایبک میں قائم مدرسے میں دھماکا ہوا تھا جس میں 19 افراد جاں بحق جبکہ 24 زخمی ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 19 نومبر 2024
کارٹون : 18 نومبر 2024