• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

بھارت: ہمالیہ میں مسلسل بارشوں کے سبب لینڈ سلائیڈنگ، 41 افراد ہلاک

شائع August 14, 2023
گزشتہ 48 گھنٹوں سے مسلسل بارش جاری ہے—فوٹو: ٹوئٹر/سکھوندر سنگھ
گزشتہ 48 گھنٹوں سے مسلسل بارش جاری ہے—فوٹو: ٹوئٹر/سکھوندر سنگھ

بھارت کے ہمالیائی علاقوں میں مسلسل موسلادھار بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 41 افراد ہلاک اور درجنوں لاپتہ ہوگئے ہیں۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق 9 افراد مندر گرنے سے ہلاک ہوگئے ہیں اور درجنوں افراد تاحال لاپتہ اور ملبے میں پھنسے ہوئے ہیں۔

بھارتی ریاستیں اترکھنڈ اور ہماچل پردیش میں کئی روز سے جاری بارش سے گاڑیاں بہہ گئیں، عمارتیں اور پل تباہ ہوگئے ہیں۔

مون سون سیزن میں بھارت کے مختلف علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ عام ہوتی ہے لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے اس کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔

بھارتی ریاست ہماچل پردیش کی ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ مٹی کے تودے گرنے سے مکانات زمین بوس ہوگئے، بسیں اور کاریں سڑکوں پر جگہ جگہ پھنس گئیں، سیکڑوں افراد کو ریسکیو کرکے محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا جبکہ ایمرجنسی ورکرز ملبہ ہٹانے میں مصروف نظر آئے۔

ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سُکھوِندر سنگھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ایک بار پھر ہماچل پردیش مشکل صورت حال سے گزر رہا ہے، گزشتہ 48 گھنٹوں سے مسلسل بارش جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کے مختلف علاقوں سے بادل پھٹنے اور لینڈ سلائیڈنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں اور املاک کا نقصان ہوا۔

مزید ہلاکتوں کی اطلاعات سامنے آنے کا سلسلہ آج بھی جاری رہا، وزیر اعلیٰ نے متاثرہ علاقوں کو پہنچے والے نقصانات کا معائنہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی دارالحکومت شملہ میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ رونما ہوا ہے جہاں ایک مندر منہدم ہوگیا جس کے ملبے سے ریسکیو اہلکاروں نے کم از کم 9 لاشیں نکالی ہیں۔

ریاستی حکام نے بتایا کہ اسکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور غیرمحفوظ لوگوں کو محفوظ مقامات پر واقع پناہ گاہوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

بھارت کے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ریاست کے کچھ علاقوں میں 24 گھنٹوں کے دوران 273 ملی میٹر تک بارش ہوئی ہے۔

محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی عہدیدار پروین بھردواج نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب ہم ریاست میں بادل پھٹنے کے متعدد واقعات اور بڑے پیمانے پر نقصانات دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سولن ضلع میں بادل پھٹنے کے بعد مکانات گر گئے، جس کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد ہلاک ہو گئے، ضلع منڈی میں ایک ماں اور بچہ مکان منہدم ہونے کے سبب ہلاک ہو گئے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024