15ماہ کے دوران وزیراعظم کو ملنے والے تحائف نیلام کرنے کی منظوری
وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کو ہدایت کی ہے 15 ماہ میں ملنے والے توشہ خانہ کے تحائف کی شفاف انداز میں نیلامی کے بعد ان سے ملنے والی رقم کو پاکستان میں موجود یتیم اور بے سہارا بچوں کی فلاح کے لیے کام کرنے والے اداروں کو عطیہ کیا جائے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا جہاں وفاقی کابینہ نے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر گذشتہ 15 ماہ میں وزیراعظم کو ملنے والے تمام قیمتی تحائف کی شفاف انداز میں نیلامی کی منظوری دی جبکہ وزیراعظم نے ان تحائف کی شفاف انداز میں نیلامی کے بعد اس سے حاصل ہونے والی رقم یتیم اوربے سہارا بچوں کی فلاح کے لیے کام کرنے والے اداروں کو عطیہ کرنے کی ہدایت کردی۔
وفاقی کابینہ نے ہزارہ ایکسپریس کے نوابشاہ کے قریب حادثہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
وزیراعظم نے کابینہ کے تمام اراکین کا پچھلے 15 ماہ میں ملک کی بہتری کے لیے شبانہ روز محنت میں ان کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا۔
اجلاس میں سیکرٹری کابینہ نے کابینہ کو 20 اپریل 2022 سے 8 اگست 2023 تک کی کارکردگی کی مفصل رپورٹ پیش کی اور کابینہ کو بتایا گیا کہ گذشتہ 15 ماہ میں کابینہ کے 53 اجلاس منعقد ہوئے، وفاقی کابینہ نے مجموعی طور پر 1295 فیصلے کیے ، 99 فیصد فیصلوں پر عملدرآمد کیا گیا۔
بیان کے مطابق وفاقی کابینہ نے وزارت تجارت کی سفارش پر قومی ٹیرف کمیشن کے تکنیکی و غیر تکنیکی ارکان کی تقرری کی بھی منظوری دی۔
وفاقی کابینہ نے وزارتِ تجارت کی ہی سفارش پر سلمان ایس مہدی کی اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن میں بطور چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تقرری کی منظوری دی۔
کابینہ نے وزارتِ خزانہ کی سفارش پر سیلم اللہ کی بطور نائب گورنر اسٹیٹ بینک تقرری کی بھی منظوری دی جبکہ وزارتِ اطلاعات و نشریات کے پیش کردہ قومی موسیقی پالیسی کے مسودے کی بھی منظوری دی، پالیسی کے تحت ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کے موسیقی کے ورثے کے تحفظ، موجودہ دور کی موسیقی کی ترقی اور موسیقاروں کی موسیقی چوری ہونے کے سدباب کے لیے قانونی ڈھانچے کے اطلاق اور جدید تکنیکی وسائل کو بروئے لایا جائے گا۔
وفاقی کابینہ نے وزارتِ پٹرولیم کی سفارش پر آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر، چیف ایگزیکٹو افسر کی تقرری کی سمری پر تفصیلی مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا کہ اس تقرری کے لیے دوبارہ اشتہار دیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ نے وزارت ہوابازی کی سفارش پر قومی ہوا بازی پالیسی 2023 کی منظوری دے دی، اس پالیسی کے تحت ملک میں اس شعبے کی ترقی کے لیے اقدامات اور پاکستان کے ہوائی اڈوں پر مقامی اور بین الاقوامی مسافروں کے لیے موجودہ سہولیات میں بہتری لائی جائے گی۔
وفاقی کابینہ نے سرمایہ کاری بورڈ کی سفارش پر خصوصی سرمایہ کاری کونسل کی مختلف کمیٹیوں میں ارکان کی شمولیت کی منظوری دی، ان ترامیم کے تحت وفاقی وزیر قانون و انصاف ایپکس کمیٹی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ایپکس کمیٹی اور ایگزیکٹو کمیٹی اور سیکریٹری خارجہ ایگزیکٹو کمیٹی اور عملدرآمد کمیٹی کے رُکن ہوں گے۔
اس کے علاوہ کابینہ نے ڈاکٹر محمد جہانزیب خان کی سیکریٹری ایپکس کمیٹی، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے طور پر تقرری کی منظوری دی۔
علاوہ ازیں وفاقی کابینہ نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کے سیکریٹریٹ کے قیام اور جمیل احمد قریشی کی بطور سیکریٹری پرنسپل اکاؤنٹنگ افسر کی بھی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے ریلوے ڈویژن کی سفارش پر ارشد سلیم خٹک کی بطور چیف ایگزیکٹو افسر ریلوے اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مارکیٹنگ کمپنی کی تقرری کی منظوری دے دی۔
بیان کے مطابق وفاقی کابینہ نے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر گذشتہ 15 ماہ میں وزیراعظم کو ملنے والے تمام قیمتی تحائف کی شفاف انداز میں نیلامی کی منظوری دی اور وزیراعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ ان تحائف کی شفاف انداز میں نیلامی کے بعد ان سے ملنے والی رقم کو پاکستان میں موجود یتیم او ربے سہارا بچوں کی فلاح کے لئے کام کرنے والے اداروں کو عطیہ کیا جائے گا۔
کابینہ نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ نیلامی کے عمل میں عوام الناس حصہ لے سکیں گے۔
وفاقی کابینہ نے 14 اگست پر پاکستان کی مختلف جیلوں میں موجود قیدیوں کی سزا میں رعایت کو دوگنا کرنے کی بھی منظوری دی اور اس بات کی ہدایت کی کہ اس رعایت کا قانون کے مطابق تمام قیدیوں پر اطلاق ہوگا۔
کابینہ نے وزارتِ داخلہ کو ہدایت کی کہ جیلوں میں قیدیوں کے لیے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں، وفاقی کابینہ نے پاور ڈویژن کی سفارش پر سولر پالیسی میں ترامیم کی منظوری دے دی۔
ان ترامیم کے اطلاق کے بعد حکومت کی سرکاری عمارتوں کی سولرائزیشن اور حکومت کے ملک گیر 10 ہزار میگاواٹ سولرائزیشن کے منصوبے پر تیزی سے عمل درآمدیقینی بنایا جائے گا۔
کابینہ کو وزارت اطلاعات و نشریات کی طرف سے حکومتی کارکردگی اوروزیراعظم کی 488 دنوں پر مشتمل وزارتِ عظمیٰ پر دو کتابیں پیش کی گئیں، وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے7 اگست 2023 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔
وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے26 جولائی، 7 اگست اور8 اگست 2023 کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں، کابینہ کمیٹی برائے بین الحکومتی تجارتی لین دین کے3 اگست 2023 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی، کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے7 اگست 2023 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔