• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

چین: تباہ کُن بارشوں، سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 33 ہوگئی

شائع August 9, 2023
— فائل فوٹو: رائٹرز
— فائل فوٹو: رائٹرز

چین کے شہر بیجنگ میں شدید بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، جہاں اب تک 33 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 18 افراد اب بھی لاپتا ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتوں میں چین کے دارالحکومت میں ریکارڈ بارشیں ہوئیں، جن کی وجہ سے انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچا اور ساتھ ہی شہر کے مضافاتی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔

حکام نے بتایا کہ بیجنگ میں خراب موسمی صورتحال کی وجہ سے عمارتیں منہدم ہوگئیں جبکہ سیلاب سے اب تک 33 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

سرکاری نشریاتی ادارے ’سی سی ٹی وی‘ کے مطابق بیجنگ کے نائب میئر ژیا لن ماؤ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ’میں فرض کی ادائیگی کے دوران جان دینے والوں اور سیلاب میں ہلاک ہونے والے بدقسمت متاثرین سے گہری تعزیت کا اظہار کرنا چاہتا ہوں‘۔

بیجنگ نے جمعہ کو کہا کہ گزشتہ ماہ قدرتی آفات کی وجہ سے چین میں 147 افراد ہلاک یا لاپتا ہوئے۔

چین کی ایمرجنسی منیجمنٹ کی وزارت نے کہا کہ ان 147 میں سے 142 افراد سیلاب یا ارضیاتی آفات کا سامنا کیا، بیجنگ سے ملحقہ ہیبی صوبے میں 15 افراد ہلاک جبکہ 22 افراد کی گمشدگی رپورٹ ہوئی۔

اتوار کو شمال مشرقی صوبے جیلن میں 14 افراد ہلاک اور ایک شخص کی گمشدگی رپورٹ ہوئی تھی۔

سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا کہ حالیہ دنوں میں شمال میں واقع چینی صوبے ہیلونگ جیانگ میں درجنوں دریاؤں میں پانی انتباہی سطح سے زیادہ ہوگیا ہے۔

حالیہ ہفتوں میں دنیا بھر میں لاکھوں لوگ شدید موسمی واقعات اور گرمی کی طویل اور شدید لہروں سے متاثر ہوئے ہیں، جبکہ ایسے واقعات کے بارے میں سائنسدانوں کا مؤقف ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ان میں اضافہ ہو رہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024