• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

بھارت: سپریم کورٹ منی پور میں جنسی تشدد کے واقعات کی تحقیقات کی نگرانی کرے گی

شائع August 7, 2023
چیف جسٹس نے کہا کہ ریٹائرڈ پولیس افسر سپریم کورٹ کو واپس رپورٹ کریں گے—فائل فوٹو
چیف جسٹس نے کہا کہ ریٹائرڈ پولیس افسر سپریم کورٹ کو واپس رپورٹ کریں گے—فائل فوٹو

بھارتی سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ مئی سے شمال مشرقی ریاست منی پور میں جاری نسلی فسادات کے دوران خواتین کے خلاف ہونے والے تشدد کے تمام معاملات کی نگرانی کی جائے گی۔

غیرملکی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق بھارتی چیف جسٹس دھنانجیا یشونت چندراچد جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کہا کہ جنسی تشدد کی تمام شکایات کی نگرانی کے لیے ایک ریٹائرڈ سینئر پولیس اہلکار کا تقرر کیا جائے گا جس کی تحقیقات فیڈرل سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشنز کرے گی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ریٹائرڈ پولیس افسر سپریم کورٹ کو واپس رپورٹ کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ مہینے منی پور ریاست میں اکثریتی میتی قبیلے کے سیکڑوں مردوں کی جانب سے کوکی قبیلے کی خواتین کی برہنہ پریڈ کرانے کی ویڈیو منظرعام پر آئی تھی جس میں مشتعل ہجوم خواتین کو برہنہ کرکے سڑک سے لے جا رہا تھا جس کی بین الاقوامی سطح پر شدید مذمت ہوئی تھی۔

سپریم کورٹ نے تشدد سے پیدا ہونے والے انسانی مسائل کی نگرانی کرنے کے لیے مختلف ہائی کورٹس سے تین ریٹائرڈ خاتون ججوں کی ایک کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔

متاثرہ خواتین نے پولیس کو شکایات میں کہا تھا کہ بعدازاں ان کے ساتھ اجتماعی زیادتی بھی کی گئی تھی۔

مئی سے لے کر اب تک خواتین کو جان بوجھ کر تشدد کا نشانہ بنانے کے کئی دیگر واقعات ہوئے ہیں جن کے نتیجے میں 180 سے زیادہ اموات ہوئی ہیں اور ہزاروں بے گھر ہو گئے ہیں۔

منی پور میں مئی میں جھڑپیں شروع ہونے کے بعد سے صورتحال گھمبیر ہو گئی ہے جہاں دونوں فریق بنکر کھود رہے ہیں اور ایک دوسرے کو نشانہ بنانے کے لیے جدید ترین ہتھیاروں کا استعمال کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ مہینوں سے جاری تشدد کا آغاز 3 مئی کو اس وقت ہوا جب ایک عدالت نے ریاست کو حکم دیا کہ وہ اکثریتی میٹی قبیلے کے لیے خصوصی اقتصادی فوائد اور سرکاری ملازمتوں اور تعلیم میں کوٹہ بڑھانے پر غور کرے جو اب تک کوکی قبیلے کے افراد کے لیے مخصوص ہیں۔

کوکی سول سوسائٹی گروپ کے ترجمان نے بتایا کہ حالیہ قتل کے واقعات پر فوری تبصرہ کرنے کے لیے ان کے پاس کچھ نہیں ہے۔

32 لاکھ نفوس پر مشتمل ریاست منی پور میں تشدد پھوٹنے کے واقعات میں اب تک کم از کم 180 افراد ہلاک اور ہزاروں افراد اپنے گھر چھوڑ کر نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں۔

3 مئی کو کوکی سمیت پہاڑی قبائل کے اراکین نے میٹی برادی تک فوائد کی ممکنہ توسیع کے خلاف احتجاج شروع کیا۔

میٹی برادی منی پور کی آبادی کا نصف حصہ ہیں اور ان کے لیے کوٹے میں توسیع کا مطلب یہ ہوگا کہ انہیں تعلیم اور سرکاری ملازمتوں میں حصہ ملے گا جو کوکی قبیلے اور دیگر کے لیے مختص ہیں۔

منی پور کی میانمار کے ساتھ تقریباً 400 کلومیٹر طویل سرحد ہے اور وہاں 2021 میں بغاوت کے سبب ہزاروں پناہ گزین بھارتی ریاست منتقل ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024