• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

خاکروب کو میسی سے آٹوگراف لینا مہنگا پڑ گیا، فوری نوکری سے فارغ

شائع August 6, 2023
میسی سے آٹو گراف لینے کی اسی خواہش میں ایک امریکی خاکروب اپنی نوکری گنوا بیٹھا — فوٹو: بشکریہ کلچ پوائنٹ
میسی سے آٹو گراف لینے کی اسی خواہش میں ایک امریکی خاکروب اپنی نوکری گنوا بیٹھا — فوٹو: بشکریہ کلچ پوائنٹ

لیونل میسی کا شمار فٹبال کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جو بلا شک و شبہ موجودہ دور کے سب سے بڑے کھلاڑی ہیں اور دنیا بھر میں شائقین ان سے ملنے اور آٹوگراف لینے کے متمنی رہتے ہیں، لیکن میسی سے آٹوگراف لینے کی کوشش میں امریکا میں ایک خاکروب اپنی نوکری سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

فٹبال کے معروف خبر رساں ادارے گول ڈاٹ کام کے مطابق عالمی شہرت یافتہ فٹبالر، امریکا کے انٹر میامی کلب کا حصہ بن گئے ہیں جس نے ڈیوڈ بیکہم کے کلب کے کاروبار کو نئی اونچائیاں عطا کی ہیں اور شائقین 36 سالہ میسی کی محض ایک جھلک تک دیکھنے کے لیے گھنٹوں کھڑے رہتے ہیں۔

تاہم میسی سے آٹوگراف لینے کی اسی خواہش میں ایک امریکی خاکروب اپنی نوکری گنوا بیٹھا۔

نوکری سے محروم ہونے والے خاکروب سلامانکا نے لا ناسیون سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس علاقے میں بسیں کھڑی ہوتی ہیں مجھے اس جگہ پر موجود تمام باتھ روم صاف کرنے تھے، جس وقت بس سے تمام کھلاڑی باہر آئے تو میں اس وقت وہیں موجود تھا اور سب سے آخر میں میسی باہر آئے۔

اس موقع پر میں نے میسی کو دیکھتے ہی آواز لگائی ’ورلڈ چیمپیئن‘ جس پر میسی نے فوراً مڑ کر میری جانب دیکھا، میں نے فوراً اپنی وردی اتاری جس کے نیچے ارجنٹائن کی جرسی پہنی ہوئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے وہ شرٹ پھینک کر میسی کے حوالے کی اور انہوں نے مجھے ارجنٹائن کی شرٹ پر آٹو گراف دیا، لیکن اسی وقت فوراً سیکیورٹی آگئی اور مجھے اپنے ساتھ لے گئی، جس کے بعد مجھے نوکری سے نکال دیا گیا لیکن میسی سے ملاقات کا ہر لمحہ میرے لیے بہت قیمتی تھا۔

کچھ لوگوں نے سزا کی شدت اور خاکروب کو فوری نوکری سے برخاست کیے جانے پر کلب کو تنقید کا نشانہ بنایا، لیکن کولمبیا سے تعلق رکھنے والے خاکروب بھی جانتے ہیں کہ کلب کا اس حوالے سے معیار انتہائی سخت ہے۔

کلب کے ملازمین کے ساتھ ساتھ دیگر ذرائع سے حاصل کیے گئے ورکرز پر بھی لازم ہے کہ وہ فٹبالرز کو ہرگز پریشان نہیں کریں گے اور ان سے کسی قسم کی تصویر، آٹوگراف وغیرہ کا مطالبہ نہیں کرسکتے۔

ارجنٹائن کے ورلڈ کپ چیمپیئن فٹبالر لیونل میسی نے دو سال فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین میں گزارنے کے بعد گزشتہ ماہ انٹر میامی کلب کے ساتھ معاہدہ کر لیا تھا۔

میسی اپنے کلب انٹر میامی کی جانب سے آج ایف سی ڈیلس کے خلاف میچ میں ایکشن میں نظر آئیں گے جہاں فاتح ٹیم لیگ کپ کے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024