• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm

کینیڈا کے جنگلات میں لگی آگ سے کاربن کے اخراج کا 9 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

شائع August 3, 2023
کینیڈا کے جنگلات میں آگ سے کاربن کا اخراج تقریباً 290 میگا ٹن ہے — تصویر: رائٹرز
کینیڈا کے جنگلات میں آگ سے کاربن کا اخراج تقریباً 290 میگا ٹن ہے — تصویر: رائٹرز

یورپی یونین کے موسمیاتی نگرانی کے ادارے نے کہا ہے کہ کینیڈا کے جنگلات میں گزشتہ برس بڑے پیمانے پر لگنے والی آگ نے 2014 کے کاربن کے اخراج کے ریکارڈ میں دو گنا اضافہ کر دیا ہے اور خدشہ ہے کہ یہ آگ ہفتوں یا مہینوں تک جنگلات کو اپنی لپیٹ میں رکھے گی۔

خبر ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق کینیڈا میں لگنے والی یہ تباہ کُن آگ رواں برس 3 کروڑ ایکڑ رقبے پر پھیل چکی ہے جو کیوبا یا جنوبی کوریا کے مجموعی رقبے سے زیادہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق آگ سے اٹھنے والے دھوئیں سے کینیڈا کی فضا آلودہ ترین ہوگئی ہے اور اس کی وجہ سے پڑوسی ملک امریکا میں بھی فضائی آلودگی بے قابو ہوچکی ہے، جہاں اب تک 10 کروڑ سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں، پروازیں بھی منسوخ ہو رہی ہیں اور آؤٹ ڈور تقریبات سے گریز کیا جا رہا ہے۔

یورپ کی کوپرنیکس ایٹموسفیئر مانیٹرنگ سروس (سی اے ایم ایس) نے کہا کہ انہوں نے سیزن شروع ہونے کے بعد مئی کے آغاز میں ہی آگ کا سراغ لگا لیا تھا جو اس وقت تک بڑے پیمانے پر ملک کے مختلف علاقوں میں پھیل چکی ہے۔

سی اے ایم ایس نے کہا کہ اس سے قبل فضا میں سب سے زیادہ دھویں کا اخراج 2014 میں ریکارڈ کیا گیا تھا لیکن جولائی کے اختتام پر کاربن کا مجموعی اخراج 2014 کے مقابلے میں دو گنا زیادہ ہوچکا ہے۔

سی اے ایم ایس کے سینئر سائنس دان مارک پیرنگٹن کا کہنا تھا کہ ’دھویں کا اخراج مسلسل اسی رفتار سے بڑھ رہا ہے جس سے خدشہ ہے کہ یہ ہمارے اعدادوشمار میں سالانہ بنیاد پر کینیڈا میں آگ کے مجموعی اخراج کا ریکارڈ توڑ دے گا۔

انہوں نے کہا کہ ’چونکہ جولائی کے اختتام اور اگست کے آغاز میں شمالی علاقوں میں آگ سے آلودہ مواد کا اخراج سب سے زیادہ ہوتا ہے، اس لیے خدشہ ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں ان اعدادوشمار میں مزید اضافہ ہوگا، جس کے لیے ہم اپنی نگرانی جاری رکھیں گے‘۔

رپورٹ کے مطابق شمالی علاقہ جات میں آگ لگنے کے واقعات کا آغاز عموماً مئی میں ہوتا ہے، جس کا سلسلہ اکتوبر تک جاری رہتا ہے، اس دوران جولائی اور اگست میں اس میں شدت آتی ہے، مذکورہ دونوں مہینے کینیڈا میں سال کے گرم اور خشک ترین مہینے ہیں۔

رواں برس کینیڈا میں بڑے پیمانے پر لگنے والی آگ کے ساتھ ساتھ روس کے جنگلات بھی آگ کی زد میں آئے ہیں۔

سی اے ایم ایس نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ حال ہی میں جنگلات میں لگنے والی آگ مزید شمال بشمول آرکٹرک سرکل کی جانب بڑھ رہی ہے جس سے بڑے پیمانے پر دھویں کا اخراج ہوگا۔

سی اے ایم ایس، جس کے پاس 2003 تک کا ریکارڈ موجود ہے، نے کہا کہ اس وقت کینیڈا میں جنگلات میں آگ لگنے سے کاربن کا مجموعی اخراج تقریباً 290 میگا ٹن ہے جبکہ پچھلا ریکارڈ 2014 میں 138 میگا ٹن تھا۔

کینیڈا کا شمار پہلے ہی دنیا میں تیزی سے گرم ہونے والے خطوں میں ہوتا ہے جبکہ موسمیاتی تبدیلی سے ملک کو درپیش شدید موسمیاتی واقعات کی تعداد اور شدت میں اضافہ ہوا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2024
کارٹون : 19 دسمبر 2024