• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

لاہور: سابق چیئرمین پی سی بی اعجاز بٹ انتقال کر گئے

شائع August 3, 2023
اعجاز بٹ  85 برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے—فائل فوٹو: اے ایف پی
اعجاز بٹ 85 برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے—فائل فوٹو: اے ایف پی

سابق ٹیسٹ کرکٹر اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین اعجاز بٹ 85 برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر موجود اپنے آفیشل پیج پر جاری بیان میں افسوسناک خبر کی تصدیق کی۔

پی سی بی نے اپنے ٹوئٹ میں اظہار تاسف کرتے ہوئے کہا کہ اسے اعجاز بٹ کے انتقال کی خبر سے دکھ ہوا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں مرحوم کے دوستوں اور اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر بلے باز اعجاز بٹ نے پاکستان کی جانب سے 8 ٹیسٹ میچ کھیلے، طویل عرصے تک علالت کا شکار رہنے کے بعد انتقال کرنے والے اعجاز بٹ 2008 سے 2011 تک چیئرمین پی سی بی کے عہدے پر فائز رہے۔

اعجاز بٹ کا تین سالہ دور پاکستان کرکٹ کے لیے رولر کوسٹر سفر کی مانند اتار چڑھاؤ کا شکار رہا، ان کا دور پاکستان کے دورے پر آنے والی سری لنکا کی ٹیم پر دہشت گردانہ حملے اور بدنام زمانہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل جیسے تنازعات سے بھرا رہا۔

اس کے علاوہ ان کے دور میں ٹیم کے کئی کپتان تبدیل کیے گئے، ان کے عہد میں نصف درجن کپتانوں نے باری باری قومی ٹیم کی قیادت کی۔

ان کے دور میں پاکستان کے بہت سے چوٹی کے کھلاڑی جیسے یونس خان، شاہد آفریدی، شعیب ملک، کامران اکمل اور دیگر پر ڈسپلن کی خلاف ورزی کی وجہ سے بھاری جرمانے عائد کیے گئے، اس کے بعد سنگین تحفظات کے باوجود جلد ہی وہ تمام کھلاڑی بحال کردیےگئے، اس تمام صورتحال نے ملک میں کھیل کو ایک مذاق بنا کر رکھ دیا۔

ان کے 3 سالہ دور میں پاکستان نے انگلینڈ میں ورلڈ ٹی 20 ورلڈ کپ جیتا اور 2011 میں بھارت میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی، اس کے بعد ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں میں ٹیم کی رینکنگ مسلسل گرتی چلی گئی۔

اعجاز بٹ کو ٹیم کے کپتان، کوچز، ٹیم مینجمنٹ اور پی سی بی سیٹ اپ میں بار بار تبدیلیاں کرنے پر بھی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، ان کے 3 سالہ دور میں ایک سے زیادہ چیف آپریٹنگ افسران، چیف سلیکٹرز اور دیگر عہدیداروں کو بورڈ میں کام کرتے دیکھا گیا۔

اعجاز بٹ کے دور میں شعیب ملک، یونس خان، شاہد آفریدی، محمد یوسف، سلمان بٹ اور مصباح الحق نے کپتانی کی جب کہ کوچز میں سابق آسٹریلوی فاسٹ باؤلر جیف لاسن، انتخاب عالم، وقار یونس اور محسن خان نے خدمات انجام دیں۔

ان کے دور میں سلیم الطاف، وسیم باری اور سبحان احمد کو بطور چیف آپریٹنگ افسر آزمایا گیا، اس کے علاوہ اسپنر عبدالقادر، لیگ اسپنر اقبال قاسم، محسن خان اور محمد الیاس کو مختلف مواقع پر چیف سلیکٹر مقرر کیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024