عالمی صورتحال کتنی ہی تبدیل کیوں نہ ہو جائے، چین ہمیشہ پاکستان کےساتھ کھڑا رہے گا، چینی صدر
چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی صورتحال میں چاہے کتنی ہی تبدیلیاں رونما کیوں نہ ہوں، چین ہمیشہ ثابت قدمی سے پاکستان کےساتھ کھڑا رہے گا اور شانہ بشانہ آہنی دوستی کو فروغ دیتے ہوئے ترقی اور سلامتی کو بہتر انداز میں مربوط کرے گا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق پاک چین اقتصادی راہداری(سی پیک) کی ایک دہائی کی تکمیل پر مبارکباد دیتے ہوئے تہنیتی پیغام میں چینی صدر نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹیو کا اہم اولین منصوبہ ہے اور 2013 میں اس کے افتتاح سے اب تک دونوں ممالک مشترکہ مشاورت، مشترکہ تعمیر اور مشترکہ شیئرنگ کے اصولوں کے مطابق سی پیک منصوبوں کی تعمیر کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے متعدد ابتدائی ثمرات حاصل کیے گئے ہیں جن کی بدولت ناصرف پاکستان کی اقتصادی و سماجی ترقی کو نئی قوت محرکہ ملی ہے بلکہ خطے میں باہمی رابطے اور انضمام کے عمل کے لیے بھی اچھی بنیاد ڈالی گئی ہے۔
چین کے نائب وزیر اعظم ہی لی فنگ کی جانب سے سی پیک کی ایک دہائی کی تکمیل کی یاد میں منعقدہ تقریب میں پڑھ کر سنائے گئے پیغام میں صدر شی جن پنگ نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری چین اورپاکستان کے درمیان دوستی کا جیتا جاگتا ثبوت بن چکی ہے اور یہ راہداری دونوں ممالک کے درمیان نئے دور میں قریب تر پاک چین معاشرہ تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل میں چین پاکستان کے ساتھ مل کر اعلیٰ معیاری، پائیدار اور عوام دوست اہداف پر قائم رہتے ہوئے منصوبہ بندی اور انتظامات کو بہتر بنانے اور تعاون کو توسیع دینے کا خواہاں ہے تاکہ سی پیک کو بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹیو کے اعلیٰ معیار کے ساتھ مشترکہ تعمیر کے شعبے میں ایک مثالی منصوبہ بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم بہتر معیار کے ساتھ تعاون کو مزید گہرا کرتے ہوئے پاک چین آل ویدر اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کو نئی بلندی تک پہنچائیں گے اور دونوں ممالک خطے کے امن و خوشحالی کے لیے کردار جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ سی پیک کی 10سالہ تقریبات جاری ہیں اور اس سلسلے میں چینی نائب صدر ہی لی فنگ پاکستان کے چار روزہ دورے پر ہیں جہاں 10سال قبل نواز شریف کے دورے حکومت میں سی پیک منصوبے کا افتتاح کیا گیا تھا۔