• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

فاطمہ جناح کی زندگی پر بنی ویب سیریز ’مادر ملت‘ یوم آزادی پر ریلیز کرنے کا اعلان

شائع August 2, 2023
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

فاطمہ جناح کی زندگی پر بنائی گئی ویب سیریز ’مادر ملت‘ کے پہلے سیزن کو رواں ماہ 14 اگست کو ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

اس سے قبل گزشتہ برس مذکورہ ویب سیریز کو یوم آزادی پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم نامعلوم وجوہات کی بنا پر اس کی ریلیز مؤخر کردی گئی تھی۔

اب ویب سیریز کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے رواں ماہ 14 اگست کو ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

مذکورہ ویب سیریز کی کہانی فاطمہ جناح کی زندگی پر مشتمل ہے، تاہم اس میں قیام پاکستان سے قبل متحدہ ہندوستان کے سیاسی حالات اور فاطمہ جناح کا بچپن اور جوانی بھی دکھائی جائے گی۔

اس کی ہدایات دانیال کے افضال نے دی ہیں، جنہوں نے گزشتہ برس بتایا تھا کہ تین سیزنز پر مشتمل سیریز کا ہر سیزن 15 اقساط پر مشتمل ہوگا اور پہلے سیزن میں فاطمہ جناح کا بچپن اور جوانی دکھائی جائے گی، جس میں قیام پاکستان سے قبل متحدہ ہندوستان کے حالات بھی دکھائے جائیں گے۔

ان کے مطابق پہلے سیزن میں فاطمہ جناح کے بچپن اور جوانی کا کردار اداکارہ سندس فرحان ادا کریں گی جب کہ دوسرے سیزن میں سجل علی ’مادر ملت‘ کا روپ دھاریں گی۔

انہوں نے بتایا تھا کہ سیریز کے دوسرے سیزن میں تحریک آزادی، تقسیم برصغیر اور قیام پاکستان کے واقعات دکھائے جائیں گے اور اس سیزن میں سجل علی ’مادر ملت‘ کا کردار ادا کریں گی جب کہ تیسرے سیزن میں سامعہ ممتاز فاطمہ جناح کا روپ دھاریں گی۔

ویب سیریزکے گزشتہ برس جاری کیے گئے مفصل 15 منٹ دورانیے کے ٹریلر میں فاطمہ جناح کے قیام پاکستان سے قبل، قیام پاکستان کے وقت اور قیام پاکستان کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔

ٹریلر میں فاطمہ جناح کے لڑکپن اور جوانی کا کردار سندس فرحان جب کہ ان کی ادھیڑ عمری کا کردار سجل علی اور زائد العمری کا کردار سامعہ ممتاز کو ادا کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ٹریلر میں سوشل میڈیا سے اداکاری کے میدان میں آنے والی دنانیر مبین کے کردار کو بھی دکھایا گیا ہے، جنہوں نے ’انیتا پونا والا‘ نامی صحافی کا کردار ادا کیا ہے۔

مفصل ٹریلر میں فاطمہ جناح کے سیکریٹری جوزف کا کردار بھی دکھایا گیا ہے، جسے عمر عبداللہ نے ادا کیا ہے۔

ٹریلر میں قیام پاکستان کے وقت ہونے والی قتل و غارت گری کو بھی دکھایا گیا ہے اور ٹرین میں بچوں، خواتین اور مرد حضرات کی لاشوں کے دل ہلا دینے والے مناظر بھی دکھائی گئے ہیں۔

ٹریلر میں قیام پاکستان کے بعد فاطمہ جناح کو صدارتی انتخاب کے امیدوار کے طور پر بھی دکھایا گیا ہے۔

ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ سیریز میں کئی کردار ہوں گے اور اس میں اس وقت کے سیاسی و مذہبی حالات بھی دکھائے جائیں گے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024