شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی طلاق کی خبریں ایک بار پھر زیرگردش
پاکستان کرکٹ ٹیم کے نامور کھلاڑی شعیب ملک اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے درمیان علیحدگی کی خبریں ایک بار پھر گردش کرنے لگ گئی ہیں۔
جوڑے کے درمیان طلاق کی خبریں ایک بار پھر اس وقت گردش کرنے لگیں جب شعیب ملک نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے بائیو سے ثانیہ مرزا کا نام حذف کردیا۔
اس سے قبل شعیب ملک نے اپنے انسٹا بائیو میں ثانیہ مرزا کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ کھلاڑی، سُپر ویمن ثانیہ مرزا کا شوہر اور ایک نعمت (بیٹے) کا باپ (father of one true blessing)۔
تاہم اب انہوں نے اپنے انسٹا بائیو میں تبدیلی کرلی ہے، شعیب ملک نے کھلاڑی کی جگہ ’پرو ایتھلیٹ‘ لکھا ہے جبکہ ’سُپر ویمن ثانیہ مرزا کا شوہر‘ ہٹا دیا ہے جبکہ اس کی جگہ ’Live Unbroken‘ لکھ لیا ہے، تاہم اپنے بیٹے کے حوالے سے لکھا ہوا جملہ نہیں ہٹایا۔
شعیب مرزا اور ثانیہ مرزا کے درمیان طلاق کی افواہیں
شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے اپریل 2010 میں شادی کی تھی اور دونوں کی شادی کی خبریں نہ صرف پاکستانی اور بھارتی میڈیا بلکہ عالمی میڈیا کی بھی زینت بنیں۔
دونوں اسٹارز کے درمیان علیحدگی اور طلاق کی افواہیں ابتدائی طور پر دسمبر 2022 میں بھارتی میڈیا میں شائع ہوئی تھیں اور شوبز ویب سائٹس نے مستند ذرائع کا حوالہ دیے بغیر قیاس آرائیاں کی تھیں کہ ان کے درمیان اختلافات ہوگئے۔
کئی ماہ سے طلاق کی افواہیں گردش کرنے کے بعد دونوں نے باضابطہ طور پر اس حوالے سے نہ تصدیق کی اور نہ تردید کی ہے۔
تاہم اس دوران شعیب ملک متعدد بار ثانیہ مرزا کا نام لیتے ہوئے ان کی تعریف کرچکے ہیں۔
ایک انٹرویو میں وہ یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ نہ صرف ان کے اور ثانیہ مرزا بلکہ پوری دنیا کے جوڑوں کے تعلقات میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے اور شاید ہی کوئی ایسا شادی شدہ جوڑا ہے جن کے درمیان کبھی اختلافات نہ ہوتے ہوں۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران دونوں میاں بیوی اس لیے ایک ساتھ نہیں دکھائی دیے، کیوں کہ دونوں کی اپنے اپنے ممالک میں کچھ مصروفیات تھیں۔
ثانیہ مرزا کی سالگرہ پر شعیب ملک نے ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر ان کی تصویر شئیر کرتے ہوئے انہیں سالگرہ کی مبارک باد بھی دی تھی جس کے بعد دونوں کے درمیان علیحدگی کی خبریں دم توڑ گئی تھیں۔