• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ماسکو: روسی وزارتوں کی عمارت پر ڈرون حملہ

شائع August 2, 2023
روس نے حملے کو یوکرینی دہشت گردانہ حملے کی کوشش قرار دیا—رائٹرز
روس نے حملے کو یوکرینی دہشت گردانہ حملے کی کوشش قرار دیا—رائٹرز

روس کے دارالحکومت ماسکو کے کاروباری ضلع میں ایک بلند و بالا عمارت کو ڈرون سے نشانہ بنایا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ڈرون سے جس عمارت کو نشانہ بنایا گیا اس میں روسی حکومت کی 3 وزارتوں کے دفاتر موجود ہیں جب کہ منگل کے روز ہونے والا یہ حملہ گزشتہ تین روز کے دوران ہونے والا دوسرا واقعہ ہے جسے روس نے یوکرینی دہشت گردانہ حملے کی کوشش قرار دیا۔

یوکرین کے صدارتی مشیر نے کہا کہ روس کو مزید ڈرون حملوں اور مزید جنگ کی توقع رکھنی چاہیے۔

جس عمارت کو نشانہ بنایا گیا اسے آئی کیو کوارٹرز کے نام سے جانا جاتا ہے، اس عمارت میں وزارت اقتصادی ترقی ، ڈیجیٹل اور صنعت و تجارت کی وزارت کے دفاتر واقع ہیں، ویڈیو میں دکھایا گیا کہ حملے سے بلڈنگ کے شیشے ٹوٹ گئے۔

وزارت معاشی ترقی کی ایک مشیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹیلی گرام پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ اس وقت ماہرین عمارت میں ہونے والے نقصانات اور لوگوں کی حفاظت کے لیے انفراسٹرکچر کا جائزہ لے رہے ہیں، اس میں کچھ وقت لگے گا جب کہ وزارت کا عملہ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے کام کر رہا ہے۔

مئی کے آغاز سے ماسکو بارہا ڈرون حملوں کی زد میں آیا ہے جب کہ کریملن کمپلیکس میں واقع ایک عمارت کی چھت پر 2 ڈرون فائر کیے گئے تھے۔

اگرچہ ان حملوں سے کوئی جانی یا بڑا نقصان نہیں ہوا لیکن ان کے باعث بڑے پیمانے پر بے چینی پیدا ہوئی جب کہ یہ حملے کریملن کے اس بیانیے کے ساتھ عجیب لگتے ہیں کہ یوکرین میں روس کا خصوصی فوجی آپریشن منصوبے کے مطابق جاری ہے۔

کریملن کے ترجمان نے معاملے پر مزید تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ درحقیقت ایک خطرہ موجود ہے، یہ بات واضح ہے لیکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب یوکرین نے ان حملوں پر اطمینان کا اظہار کیا جب کہ اس نے براہ راست ان کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

یوکرین کے صدارتی مشیر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ جسے پہلے ٹوئٹر کے نام سے جانا جاتا تھا، پر جاری بیان میں کہا کہ ماسکو تیزی سے مکمل جنگ کا عادی ہو رہا ہے، روس کو مزید ناقابل شناخت ڈرونز، مزید تباہی، مزید شہری تنازعات، مزید جنگ کی توقع کرنی چاہیے۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024