• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پی این ایس طارق پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل، وزیراعظم اور ترک نائب صدر نے لانچنگ کی

شائع August 2, 2023
وزیراعظم شہبازشریف نے ترکیہ کے نائب صدر کے ہمراہ پی این ایس طارق کی لانچنگ کی — فوٹو: ڈان نیوز
وزیراعظم شہبازشریف نے ترکیہ کے نائب صدر کے ہمراہ پی این ایس طارق کی لانچنگ کی — فوٹو: ڈان نیوز
وزیراعظم شہبازشریف نے ترکیہ کے نائب صدر کے ہمراہ پی این ایس طارق کی لانچنگ کی — فوٹو: ڈان نیوز
وزیراعظم شہبازشریف نے ترکیہ کے نائب صدر کے ہمراہ پی این ایس طارق کی لانچنگ کی — فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان اور ترکیہ کے باہمی اشتراک سے تیار ہونے والا ملجم کلاس جنگی بحری جہاز ’پی این ایس طارق‘ پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل ہو گیا۔

اس موقع پر کراچی شپ یارڈ میں منعقدہ خصوصی تقریب میں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز شریک تھے، ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز تقریب کے اعزازی مہمان تھے۔

تقریب میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل امجد نیازی سمیت اعلیٰ سول و فوجی حکام بھی شریک تھے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے ترکیہ کے نائب صدر کے ہمراہ پی این ایس طارق کی لانچنگ کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس جہاز کی لانچنگ ترکیہ اور پاکستان کے دورمیان تجارتی تعلقات میں اضافے کی ایک مثال ہے، پاکستان اور ترکیہ کی دوستی اور بھائی چارے کا تعلق مثالی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترک صدر رجب طیب اردوان عظیم رہنما ہیں جو غیر معمولی طور پر اپنی قوم کی خدمت کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چین کے اعلیٰ سطح کے وفد نے پاکستان کا دورہ کیا اور ہم نے سی پیک کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا، اس کی کئی جہتیں ہیں، اس میں گرین کوریڈور، بزنس کوریڈور، اسپیشل کوریڈورز اور انفارمیشن کوریڈورز سمیت دیگر مختلف شعبوں کے حوالے سے معاہدے شامل ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس معاہدے سے پاکستان اور چین کے تجارتی حجم میں اضافہ ہوگا، میں اپنے برادر ملک ترکیہ کو دعوت دوں گا کہ وہ اس مشترکہ منصوبے میں شامل ہو۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں ہمیں جن معاشی چیلنجز کا سامنا رہا، اس کا سب سے زیادہ بوجھ اس ملک کے غریب عوام پر پڑا، اس کی کئی وجوہات ہیں جن کی تفصیل میں اس وقت نہیں جا رہا، اس میں بیرونی کساد بازاری، مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات کی عالمی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان معاشی مشکلات کے باوجود اس جدید جہاز کی تیاری میں شامل ٹیم کی کاوشیں تسلیم کرتے ہوئے اس کا حوصلہ بڑھانے کے لیے میں 20 کروڑ روپے کا تحفہ لایا ہوں، اس کی تقسیم نیول چیف حصہ بقدر جثہ کے حساب سے کریں گے۔

قبل ازیں ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جہاز کی تیاری میں شامل ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ اپنی تقریر کا آغاز کرنے سے قبل میں باجوڑ میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کرنے کے ساتھ لواحقین سے تعزیت اور واقعے پر اظہار افسوس کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہر طرح کی دہشت کی مذمت کرتے ہیں، یہ عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، سیلاب میں جہاں ترکیہ نے پاکستان کی مدد کی وہیں زلزلے کے دوران پاکستان کا تعاون مثالی تھا۔

ترک نائب صدر نے کہا کہ خطے میں پاکستان کو خاص اسٹریٹجک حیثیت حاصل ہے، پاکستان اور ترکیہ کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان کو دہشت گردی کا بھی سامنا ہے جس سے ملک کے عوام کو ہونے والی تکلیف کا ہمیں احساس اور اندازہ ہے، ہمیں اس دہشت گردی کا مل کر مقابلہ کرنا چاہیے۔

ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز گزشتہ رات پاکستان کے دورے پر کراچی پہنچے تھے، پاک بحریہ کے لیے 4 کارویٹس کی تعمیر کے لیے ملجم پروجیکٹ 2018 میں شروع کیا گیا تھا، ان میں سے 2 پاکستان میں اور 2 ترکیہ میں تیار کیے گئے۔

وزیر اعظم نے اس سے قبل نومبر 2022 میں تیسرے بحری جہاز ’پی این ایس خیبر‘ کی لانچنگ تقریب میں شرکت کی تھی، پہلے 2 بحری جہاز ’پی این ایس بابر‘ کو اگست 2021 میں استنبول میں اور ’پی این ایس بدر‘ کو مئی 2022 میں کراچی میں لانچ کیا گیا تھا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملجم پروجیکٹ بحری شعبے میں پاکستان-ترکیہ تعاون کی ایک ٹھوس علامت کی نمائندگی کرتا ہے، یہ خود انحصاری اور مقامیت پروری (چیزوں کو مقامی طور پر تیار کرنے) کی جانب ایک ٹھوس قدم ہے اور یہ پاک بحریہ کی اہم سیکیورٹی ضروریات کو پورا کرے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں، جس کی خصوصیت قیادت کی سطح پر متواتر تبادلے، علاقائی اور عالمی مسائل پر یکسانیت اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس مئی 2022 میں کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں پاک بحریہ کے تیسرے ملجم کلاس کارویٹ بحری جہاز ’پی این ایس بدر‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا تھا کہ بحری جہاز ترکیہ کے ’ایم ایس اسفات‘ کے تعاون سے کراچی شپ یارڈ میں تیار کیا گیا۔

ملجم پروجیکٹ

ترکیہ اور پاکستان کے درمیان مشترکہ تعاون پر مبنی ملجم پروجیکٹ پر 2018 میں ترکیہ کی سرکاری دفاعی کنٹریکٹر فرم (ASFAT inc) کے ساتھ دستخط کیے گئے تھے جس کے مطابق پاکستان نیوی، ترکیہ سے ملجم کلاس کے چار جہاز حاصل کرے گی۔

ملجم کے جہاز 99 میٹر لمبے ہیں، ان کی نقل مکانی کی صلاحیت 2400 ٹن ہے اور ان کی رفتار 29 ناٹیکل میل ہے، یہ اینٹی سب میرین جنگی فریگیٹس ہیں جنہیں ریڈار سے چھپایا جاسکتا ہے اور اس سے پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاک بحریہ کے لیے پہلے کارویٹ پی این ایس بابر کی لانچنگ تقریب اگست 2021 میں استنبول میں کی گئی تھی جبکہ دوسرے جہاز پی این ایس بدر کا سنگ بنیاد مئی 2022 میں کراچی میں رکھا گیا تھا۔

بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ پاک ۔ ترک اسٹریٹجک پارٹنرشپ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور یہ شراکت داری مستقل بہتری کی جانب گامزن ہے۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024