• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

26 سال بعد پہلی سندھی فیچر فلم ریلیز ہونے کے لیے تیار

شائع August 1, 2023
یہ واضح  نہیں فلم کب تک ریلیز ہوگی — پرومو فوٹو
یہ واضح نہیں فلم کب تک ریلیز ہوگی — پرومو فوٹو

پاکستان میں اردو، پنجابی اور پشتو کے بعد جلد ہی سندھی زبان کی فیچر فلم کو بھی ریلیز کیا جائے گا، تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ سندھی زبان کی فلم کو کب تک پیش کیا جائے گا۔

ماضی میں دیگر مقامی زبانوں کی طرح سندھی میں بھی فلمیں بنائی جاتی تھیں، جنہیں صوبائی سینماؤں میں نمائش کے لیے پیش کیا جاتا تھا، اس وقت متعدد چھوٹے اضلاع میں بھی سینما ہوا کرتے تھے۔

سندھی زبان کی آخری فیچر فلم 1997 میں ریلیز ہوئی تھی، جس کے بعد اب پہلی بار سندھی زبان کی آنے والی فلم کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے جلد ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

ڈان امیجز کی رپورٹ کے مطابق فلم ساز راہول اعجاز کی بنائی گئی فلم ’سندھو جی گونج‘ (دریائے سندھ کے پانی کا شور) کی شوٹنگ مکمل کرلی گئی ہے، تاہم اب فلم کا پوسٹ پروڈکشن کام چل رہا ہے۔

مذکورہ فلم کو مقبول اداکار شمعون عباسی، اختیار علی کلوڑ اور وجدان شاہ نے پروڈیوس کیا ہے اور اسے جنوبی کوریا سمیت امریکی ملک ایکواڈور کی پروڈکشن کمپنی کی معاونت سے تیار کیا جا رہا ہے۔

فلم کی کہانی دریائے سندھ اور اس کے انسانوں کی زندگی پر پڑنے والے اثرات اور دریا کے انسانوں کے ساتھ تعلقات پر مبنی ہے، فلم کے ذریعے پانچ مختلف کہانیاں دکھائی جائیں گی۔

جاری کیے گئے ٹیزر میں دو افراد کو دریائے سندھ کے کنارے پر بیٹھ کر دریا کو سندھ بھر کے عوام میں میں ممکنہ تقسیم کی بات کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مذکورہ فلم کو انگریزی ترجمے کے ساتھ پیش کیا جائے گا، تاہم اسے کب تک ریلیز کیا جائے گا یہ کہنا قبل از وقت ہے۔

فلم ساز راہول اعجاز نے ڈان امیجز کو بتایا کہ ان کی فلم ابتدائی طور پر مختلف فلم فیسٹیول میں پیش کی جائے گی، جس کے بعد اسے پہلے عالمی سینماؤں میں ریلیز کیا جائے گا اور پھر اسے ملک میں پیش کیا جائے گا۔

فلم کے پروڈیوسر شمعون عباسی نے بھی فلم کا حصہ بننے پر فخر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں راہول اعجاز کی جانب سے بنائی جانے والی فلم کی کہانی اور خیال اچھا لگا۔

فلم کی مرکزی کاسٹ میں وجدان شاہ، انصار مہر اور ثمینہ سحر شامل ہیں تاہم اس میں دیگر کردار بھی شامل ہوں گے۔

خیال رہے کہ راہول اعجاز 2021 میں پہلے سندھی فلم ساز بنے تھے، جن کی فلم ’اے ٹرین کراسز دی ڈیزرٹ‘ روس میں ہر سال منعقد ہونے والے اسلامی دنیا کے اہم ترین فلم فیسٹیول ’کازان‘ میں پیش کیا گیا تھا۔

’اے ٹرین کراسز دی ڈیزرٹ‘ نامی فلم 20 منٹ دورانیے پر مشتمل ہے اور اس کی کہانی دو بھائیوں کے دکھوں اور مسائل کے گرد گھومتی ہے، جس میں سے ایک بھائی کینسر کے مرض میں مبتلا ہوتے ہیں۔

فلم میں دکھایا گیا ہے کہ کینسر جیسے موذی مرض کا سامنا کرنے والے شخص اپنے بھائی کو التجا کرتے رہتے ہیں کہ وہ انہیں تکالیف سے نجات دلانے کے لیے زندگی سے آزاد کردیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024