• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

قومی ہاکی ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کیلئے بھارت پہنچ گئی

شائع August 1, 2023
کوچ نے عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں جارحانہ اسٹائل سے کھیلے گی — فوٹو: ٹوئٹر / پاکستان ہاکی فیڈریشن
کوچ نے عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں جارحانہ اسٹائل سے کھیلے گی — فوٹو: ٹوئٹر / پاکستان ہاکی فیڈریشن

پاکستان ہاکی ٹیم ایشین چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت پہنچ گئی، یہ ٹورنامنٹ چنئی میں 3 اگست سے شروع ہو رہا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں قومی ٹیم کے آخری پریکٹس سیشن کا آغاز ہوا تاہم دوپہر کا سیشن روانگی میں تاخیر ہونے کے سبب منسوخ کر دیا گیا۔

قومی ہاکی ٹیم ہمسایہ ملک کے سرحدی شہر امرتسر سے چنئی بذریعہ فلائٹ روانہ ہوگی، تاہم ان کے ساتھ ہیڈکوچ شہناز شیخ نہیں ہیں، جو اب بھی ویزے کا انتظار کر رہے ہیں۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے گزشتہ ہفتے شہناز شیخ کا بطور کنسلٹنٹ تقرر کیا تھا اور ان کے بطور ہیڈ کوچ ویزے کے لیے درخواست دی تھی۔

تاہم ترجمان پی ایچ ایف کو یقین ہے کہ شہناز شیخ کو بھارت کا ویزا مل جائے گا کیونکہ ایشین ہاکی فیڈریشن، بھارتی ہائی کمیشن کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

پاکستانی اسکواڈ میں زیادہ تر نوجوان کھلاڑی شامل ہیں، جو ایشین چیمپئنز ٹرافی مہم کا آغاز 3 اگست کو ملائیشیا کے خلاف کریں گے جبکہ ان کی نظریں 20 اگست کو ہونے والے فائنل پر مرکوز ہیں، ٹیم کے کپتان عمر بھٹہ واحد تجربہ کار کھلاڑی ہیں، جو 200 سے زائد میچز میں شرکت کر چکے ہیں۔

جبکہ باقی کھلاڑیوں نے ان کے مقابلے میں صرف نصف میچز کھیلے ہیں۔

پاکستان ٹیم کے کوچ محمد ثقلین نے ڈان کو بتایا کہ ٹیم کا جذبہ اور اس میں فائنل کھیلنے کی صلاحیت موجود ہے، اور ہم اس کے لیے جائیں گے۔

اس ٹورنامنٹ میں شرکت سے کچھ عرصہ قبل میزبان بھارت اور ملائیشیا نے بالترتیب یورپ کے تربیتی دورے اور اور اسپین میں چار ملکی ٹورنامنٹ میں حصہ لیا تھا، دوسری جانب پاکستان نے ایونٹ کے لیے تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا تھا۔

محمد ثقلین نے بتایا کہ تمام مخالف ٹیمیں تجربہ کار اور بہت زیادہ تیاری کے ساتھ آرہی ہیں لیکن پاکستان ٹیم نے بہت تربیت کی ہے اور لڑکے فٹ ہیں۔

کوچ نے عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں جارحانہ اسٹائل سے کھیلے گی اور فاروڈ لائن میں دفاعی کھلاڑیوں پر دباؤ میں کمی لانے کی صلاحیت موجود ہے۔

کوچ محمد ثقلین کی طرح پاکستان کے کپتان عمر بھٹہ کو یقین ہے کہ ان کے ساتھی کھلاڑی توانا ہیں اور بھارت میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کا چیمپئنز ٹرافی میں شاندار ریکارڈ ہے، جس سے انہیں اعتماد ملے گا۔

عمر بھٹہ نے نوٹ کیا کہ قومی ٹیم کا مقصد انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی رینکنگ میں بہتری کرنا ہے، اس وقت پاکستان سولہویں نمبر پر موجود ہے، ان کا کہنا تھا کہ یہ ٹورنامنٹ ایشین گیمز میں پاکستان کی تیاری میں مددگار ثابت ہوگا۔

عمر بھٹہ نے کہا کہ زیادہ تر ٹیمیوں میں 22 کھلاڑی شامل ہیں تاکہ وہ مختلف حکمت عملی کے تحت بینچ کو آزما سکیں اور یہی معاملہ ہمارا ہے، ہم ایشین گیمز کے لیے مضبوط اسکواڈ تیار کرنے کی کوشش کریں گے۔

پاکستانی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: محمد عمر بھٹہ (کپتان)، رانا عبدالوحید اشرف (نائب کپتان)، اکمل حسین، عبداللہ اشتیاق خان، محمد عبداللہ، محمد صفیان خان، احتشام اسلم، اسامہ بشیر، عقیل احمد، ارشد لیاقت، محمد عماد، عبدالحنان شاہد، زکریا حیات، رومان، محمد مرتضٰی یعقوب، محمد شہزاد خان، افراز، عبدالرحمٰن

پاکستان کے میچوں کا شیڈول:

3 اگست : پاکستان بمقابلہ ملائیشیا

4 اگست : پاکستان بمقابلہ کوریا

6 اگست : پاکستان بمقابلہ جاپان

7 اگست : پاکستان بمقابلہ چین

9 اگست : پاکستان بمقابلہ بھارت

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024