• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

عابد علی سے شادی سے قبل ذہن میں ان کے بارے میں منفی خیالات تھے، رابعہ نورین

شائع July 30, 2023
— فائل فوٹو: انسٹاگرام
— فائل فوٹو: انسٹاگرام

مرحوم سینئر اداکار عابد علی سے دوسری شادی کرنے سے متعلق بات کرتے ہوئے سینئر اداکارہ رابعہ نورین کہتی ہیں کہ عابد علی سے شادی کرنے سے قبل میرے ذہن میں ان کے بارے میں منفی خیالات تھے۔

رابعہ نورین سینئر اداکارہ ہیں، ان کو کئی ڈراموں میں نرم دل ساس یا والدہ کے کردار کے لیے جانا جاتا ہے، ان کے مشہور ڈراموں میں میرا قصور، مکافات‎، میرا خدا جانے، لا، مات اور دیگر شامل ہیں۔

ان کی چھوٹی بہن صباحت علی بھی پاکستان کی نامور اداکارہ ہیں، جنہیں ڈراموں میں اکثر منفی کردار کرنے کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔

حال ہی میں اداکارہ رابیعہ نورین نے سما ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے کریئر، شادی اور اپنی زندگی کی جدوجہد کے حوالے سے کھل کر بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ اداکاری سے قبل وہ ٹیچر تھیں، ’گریجویشن کرنے کے بعد گورنمنٹ اسکول میں سینئر ٹیچر کے طور پر نوکری کی، چونکہ میری والدہ، بھائی اور بڑی بہنیں ٹیچر تھیں تو شروع سے طے تھا کہ میں ٹیچر ہی بنوں گی۔‘

لڑکیوں کی پڑھائی کے بارے میں معاشرے کی دقیانوسی سوچ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ’میں نے والدین کو یہ کہتے ہوئے کبھی نہیں سنا کہ لوگ کیا کہیں گے، میں پنجاب کے شہر صادق آباد کے چھوٹے قصبے میں پڑھتی تھی، نقاب اور پردے کے حوالے سے والدین نے ہم پر کبھی زور زبردستی نہیں کی گئی۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’دو سال بطور ٹیچر نوکری کرنے کے بعد ہم کراچی شفٹ ہوگئے، کریئر بنانے کے لیے اس وقت بھی مختلف نوکریاں کیں جن میں رسیپشن (reception) کی نوکری، انگریزی کی ٹیچر بنی، انہوں نے بتایا کہ جب انسان طے کرلے کہ زندگی میں کچھ کرنا ہے تو مختلف تجربات کرنے پڑتے ہیں۔‘

رابعہ نورین نے بتایا کہ بچپن میں وہ اور ان کا پورا گھرانہ مشہور ڈرامہ نگار فاطمہ ثریا بجیا کے ڈرامے شوق سے دیکھتا تھا، ’کراچی شفٹ ہونے کے بعد میں نے والدہ سے فاطمہ ثریا سے ملاقات کی خواہش کی تو والدہ نے ان کے گھر کا پتا ڈھونڈا۔ ’

اداکارہ نے بتایا کہ ’ملاقات کے دوران فاطمہ ثریا نے مجھے ڈراموں میں کام کرنے کی آفر کی اور کہا کہ وہ ڈراموں کے لیے آڈیشن کر رہی ہیں تو مجھے بھی آڈیشن دے دینا چاہیے، جس کے بعد میں نے اداکاری کے سفر کا آغاز کیا۔‘

رابعہ نے اپنی پہلی شادی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے اپنی پہلی شادی خود ختم کی تھی، وہ میری زندگی کا مشکل ترین وقت تھا، میرا دل ٹوٹ گیا تھا، خلع لینے کے بعد کسی پر بھی اعتبار نہیں تھا، ایک بار جب دل ٹوٹ گیا تو سمیٹنا بہت مشکل ہوجاتا ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’خلع لینے کے بعد ایک حد تک میں نے سوچ لیا تھا کہ دوبارہ شادی نہیں کروں گی۔‘

مرحوم اداکار عابد علی سے دوسری شادی کرنے سے متعلق بات کرتے ہوئے سینئر اداکارہ نے بتایا کہ عابد علی سے شادی کرنے سے قبل میرے ذہن میں ان کے بارے میں منفی خیالات تھے۔

انہوں نے بتایا کہ عابد علی کے بارے میں اکثر لوگوں کی رائے تھی کہ وہ غصے کے بہت تیز ہیں اس لیے میرے ذہن میں بھی ان کے بارے میں خیالات کچھ اچھے نہیں تھے، لیکن عابد علی کے ساتھ شوٹنگ کے دوران میں نے کافی عرصے تک ان کا جائزہ لیا کہ وہ انتہائی عاجز انسان ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شوٹنگ کے دوران ہر انسان کی دیکھ بھال کرتے تھے، اس وقت ان کا یہ رویہ دیکھ کر میں نے ان سے بات کرنی شروع کی، جس کے بعد ہم نے ایک دوسرے کے موبائل فون نمبر مانگے اور عابد علی کے مجھے روزانہ صبح گڈ مارننگ، ہیلو، گڈ ایوننگ کے میسجز آتے تھے۔

رابعہ نورین کا کہنا تھا کہ دو تین ماہ گزر جانے کے بعد جب ایک دن ان کا گڈ مارننگ کا میسج نہیں آیا تو میں پریشان ہوگئی، جس کے بعد سے ہمارا تعلق آگے بڑھا۔

اداکار عابد علی کی رابعہ نورین سے دوسری شادی تھی، ان کی پہلی شادی اداکارہ حمیرہ علی سے تھی، جو متعدد ڈارموں میں کام کرچکی ہیں، جن سے ان کی 3 بیٹیاں ہیں جن کے نام ایمان علی، مریم علی اور رحمہ علی ہیں۔

عابد علی نے حمیرہ علی سے علیحدگی کے بعد 2006 میں اداکارہ رابعہ نورین سے شادی کرلی تھی۔

بعد ازاں عابد علی کا ستمبر 2019 میں 67 سال کی عمر میں کراچی میں انتقال ہوگیا تھا، وہ کافی عرصے سے جگر کے عارضے میں مبتلا تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024