کراچی: دس علاقوں سے ڈینگی کے 85 فیصد کیسز
کراچی: کراچی کے دس علاقوں سے ڈینگی کے 85 فیصد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔ ان علاقوں میں نارتھ ناظم آباد، سائٹ ، کلفٹن کینٹ، صدر، ایف بی ایرا، گلستانِ جوہر، جمشید روڈ، لیاقت آباد، ملیر ، لانڈی اور کورنگی سرِ فہرست ہیں۔
ایک سینیئر ہیلتھ آفیشلز نے خبررساں ایجنسی اے پی پی کو بتایا کہ اس کے پیشِ نظر ضلعی انتظامہ اور صوبائی حکومت کوتمام سرکاری ہسپتالوں میں پلیٹلیٹس، اینٹی باڈی کٹس اور بلڈ بیگز کی وافر مقدار رکھنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
دوسری جانب شہر کے کمشنر شعیب صدیقی کی ہدایات پر شہر کے مختلف حصوں میں سپرے بھی کیا جارہا ہے۔
مقامی خبر رساں ایجنسی پی پی آئی کے مطابق کراچی شہر میں پچھلے دو دنوں میں ڈینگی وائرل بخار کے 42 نئے مریض داخل کئے گئے ہیں اور اس طرح 2013 میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 939 تک جا پہنچی ہے۔ اس بات کا انکشاف سندھ کے ڈینگی سرویلنس سیل نے بدھ کے روز کیا ہے۔
سیل کے فوکل پرسن ڈاکٹر شکیل ملک نے بتایا کہ اس سال جنوری سے اب تک سندھ میں ڈینگی کے 985 کیسز رجسرٹر ہوئے ہیں ان میں سے 939 کراچی میں اور 46 بقیہ صوبے میں ہوئے جبکہ گزشتہ آٹھ ماہ میں دس مریض ہلاک ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بدھ کو نو اور منگل کو 33 کیس صرف کراچی سے آئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ میں حیدرآباد، قمبر، سانگھڑ، ٹھھٹہ اور شکارپور اور لاڑکانہ وغیرہ سے ڈینگی کے مریض رپورٹ ہوئے ہی۔