• KHI: Fajr 5:03am Sunrise 6:19am
  • LHR: Fajr 4:26am Sunrise 5:48am
  • ISB: Fajr 4:29am Sunrise 5:53am
  • KHI: Fajr 5:03am Sunrise 6:19am
  • LHR: Fajr 4:26am Sunrise 5:48am
  • ISB: Fajr 4:29am Sunrise 5:53am

امریکا-آسٹریلیا جنگی مشقوں کے دوران ہیلی کاپٹر حادثہ، 4 افراد کی ہلاکت کا خدشہ

شائع July 29, 2023
حکام کے مطابق عملے کے ارکان کی تلاش جاری ہے— فوٹو؛ بشکریہ الجزیرہ
حکام کے مطابق عملے کے ارکان کی تلاش جاری ہے— فوٹو؛ بشکریہ الجزیرہ

آسٹریلیا میں جاری امریکا-آسٹریلیا جنگی مشقوں کے دوران فوجی ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں سوار 4 افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلین ڈیفنس فورس (اے ڈی ایف) کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے بعد امریکا اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی مشترکہ مشقیں روک دی گئی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مشقوں میں شریک فوجی ہیلی کاپٹر ریاست کوئنزلینڈ کے دارالحکومت برسبین سے 890 کلومیٹر دور ساحل پر گر کر تباہ ہوگیا۔

بیان میں کہا گیا کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں چار افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔

آسٹریلیا کے وزیردفاع رچرڈ مارلس نے کہا کہ ایم آر ایچ-90 ہیلی کاپٹر اور عملے کے 4 ارکان کی تلاش کے لیے ایک مشن کی کارروائی جاری ہے۔

تیلسمان سبرے فوجی مشقوں کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر ڈیمیئن ہل کا کہنا تھا کہ اس حادثے کے بعد مشقیں روک دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حادثے کے شکار افراد کے لواحقین تک رسائی اور انہیں آگاہی دینے کے لیے جاری مشقیں روکنے کے احکامات جاری کردیے ہیں، مشقوں میں مختلف ملکوں کی نمائندگی ہے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق امریکا-آسٹریلیا مشترکہ جنگی مشقوں میں جاپان، فرانس اور جرمنی سمیت 13 ممالک حصہ لے رہے ہیں جہاں 30 ہزار سے زائد اہلکار موجود ہیں۔

منتظمین کی جانب سے ہیلی کاپٹر حادثے کی وجوہات نہیں بتائی گئیں اور نہ ہی آگاہ کیا گیا ہے کہ مشقوں کا دوبارہ آغاز کب ہوگا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ رات گئے مل گیا تھا لیکن سوار عملے کے 4 ارکان کے حوالے سے تاحال کوئی معلومات نہیں ہیں۔

کوئنزلینڈ پولیس کے سپرنٹنڈنٹ ڈوگلس مک ڈونلڈ نے بتایا کہ ہمیں ہیلی کاپٹر کا ملبہ ملا ہے اور عملے کے ارکان کے زندہ ہونے کی امیدیں ختم نہیں ہوئیں اور اس وقت تلاش کا عمل جاری ہے۔

سیکریٹری اسٹیٹ انٹونی بلنکن کے ہمراہ آسٹریلیا میں موجود امریکی سیکریٹری دفاع لائیوڈ آسٹن نے لاپتا ہونے والے عملے کے ارکان کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تربیت کے دوران حادثات پیش آئیں تو بڑا مشکل ہوتا ہے لیکن ہم اس طرح کے بڑے واقعات کے لیے تربیت لیتے ہیں اور کامیابی کے لیے اعلیٰ درجے کی تربیت حاصل کرتے ہیں تاکہ کسی بھی بحران کی صورت میں ہم شہریوں کی جانیں بچا سکیں۔

رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا جنگ عظیم دوم کے بعد اپنی عسکری طاقت میں بڑے پیمانے پر بحالی کے لیے کام کر رہا ہے اور لانگ رینج صلاحیت حاصل کرنے کے لیے مشقیں کر رہا ہے، جس کا مقصد خطے میں ناخوش گوار واقعات اور چین کے اثر و رسوخ سمیت دیگر معاملات سے نمٹنا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 16 ستمبر 2024
کارٹون : 15 ستمبر 2024