• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

لوگوں کو لگتا ہے میری شادی ہو چکی لیکن ایسا نہیں، عروبا مرزا

شائع July 28, 2023
— فوٹو: انسٹاگرام
— فوٹو: انسٹاگرام

مقبول ماڈل اور ابھرتی ہوئی اداکارہ عروبا مرزا نے کہا ہے کہ اگرچہ زیادہ تر لوگوں کو لگتا ہے کہ ان کی شادی ہو چکی لیکن حقیقت یہ ہے کہ ابھی وہ رشتہ ازدواج میں نہیں بندھیں۔

اپریل 2022 میں عروبا مرزا کی عروسی لباس میں تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں، جس پر زیادہ تر افراد نے خیال ظاہر کیا تھا کہ ان کی شادی ہوگئی۔

متعدد سوشل میڈیا پیجز اور شوبز ویب سائٹس نے بھی ان کی شادی کی خبریں چلائی تھیں لیکن اب اداکارہ نے واضح کیا ہے کہ تاحال ان کی شادی نہیں ہوئی۔

عروبا مرزا حال ہی میں ایاز سموں کے شو ’دی ناٹٹ شو‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے شوبز سمیت ذاتی زندگی پر بھی کھل کر بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی پیدائش صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ہوئی لیکن ان کی پرورش اسلام آباد میں ہوئی اور ابھی تک ان کا زیادہ تر خاندان وفاقی دارالحکومت میں رہتا ہے۔

انہوں نے بچپن کا ایک دلچسپ واقعہ بتایا کہ جب وہ 4 سال کی تھیں تو وہ محلے کی ایک لڑکی کے ساتھ ان کے گھر کھیلنے چلی گئیں اور پیچھے سے ان کی والدہ نے مساجد میں اعلانات کروا دیے کہ بچی گم ہوگئی اور ان کا پورا خاندان پریشان ہوگیا۔

ان کے مطابق دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ جن پڑوسیوں کے گھر میں کھیل رہی تھیں، اس گھر کی خاتون نے ان کی گمشدگی کا اعلان سننے کے بعد بچی کے گم ہونے پر اظہار افسوس کیا، لیکن بعد میں انہیں خیال آیا کہ جس بچی کی گمشدگی کا اعلان ہوا ہے وہ یہیں ہے۔

عروبا مرزا کے مطابق بعد ازاں وہ خاتون انہیں والدہ کے پاس لے گئیں، جہاں والدہ نے ان کی خوب پٹائی کی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے جب پہلی بار منفی کردار کیا تو انہیں ہر بار منفی کرداروں کی پیش کش ہوئی اور وہ خود بھی سمجھتی ہیں کہ ان کے لیے منفی کردار کرنا اچھا ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے تین ڈراموں میں مثبت کردار کیے، جس میں سے ایک ڈراما نشر نہیں ہوا، دوسرے کی شوٹنگ نہیں ہوئی اور تیسرے ڈرامے میں ان کے مثبت کردار کو پسند نہیں کیا گیا۔

عروبا مرزا کے مطابق جب 2021 میں منفی کردار پر مبنی ان کا ڈراما ’رنگ محل‘ نشر ہو رہا تھا تب شاپنگ مال میں ایک خاتون ان سے لڑ پڑیں کہ انہوں نے گھر سے ماہ پارا یعنی دوسرے کردار کو کیوں نکال دیا؟

انہوں نے تسلیم کیا کہ انہیں منفی کرداروں میں زیادہ پسند کیا جاتا ہے اور انہیں بھی لگتا ہے کہ انہیں ہمیشہ ایسے ہی کردار ادا کرنے چاہیے۔

خود سے متعلق پھیلنے والی سب سے زیادہ افواہ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر عروبا مرزا نے کہا ہے کہ ان سے متعلق خبریں پھیلائی جاتی ہیں کہ وہ شادی شدہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر لوگوں کو لگتا ہے کہ ان کی شادی ہوچکی لیکن حقیقت میں ایسا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس انہوں نے منگنی کی تھی اور منگنی کی تقریبات اتنی زیادہ اور بڑی تھیں کہ لوگوں کو لگا کہ شاید ان کی شادی ہے۔

عروبا مرزا نے کہا کہ انہوں نے شادی نہیں کی اور فوری طور پر ان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں لیکن جب بھی کریں گی تو وہ دھوم دھام سے کریں گی۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024