• KHI: Fajr 5:53am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:33am Sunrise 7:00am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am
  • KHI: Fajr 5:53am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:33am Sunrise 7:00am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am

کترینہ کیف کی کاپی سمجھا گیا، جس سے کیریئر تباہ ہوا، زرین خان

شائع July 27, 2023
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

بولی وڈ کی خوبرو اداکارہ زرین خان نے کہا ہے کہ جیسے ہی انہوں نے اداکاری شروع کی تو انہیں کترینہ کیف کا ہم شکل سمجھا گیا، جس کا اثر ان کے کیریئر پر پڑا۔

زرین خان نے 2010 میں سلمان خان کی فلم ’ویر‘ سے کیریئر شروع کیا تھا جب کہ کترینہ کیف نے 2003 میں ’بوم‘ سے اداکاری میں قدم رکھا، لیکن انہیں بھی 2005 میں سلمان خان کی فلم ’میں نے پیار کیوں کیا‘ سے شہرت ملی۔

اگرچہ کترینہ کیف کو بھی ابتدائی طور پر کیریئر آگے بڑھانے میں مشکل ہوئی تاہم بعد ازاں وہ بولی وڈ کی سپر اسٹار بننے میں کامیاب ہوئیں لیکن ان کے مقابلے زرین خان کا کیریئر ڈیڑھ دہائی گزرنے کے باجود آگے نہیں بڑھا۔

زرین خان نے گزشتہ 13 برس میں کوئی خاص اور میگا کاسٹ و میگا بجٹ فلمیں نہیں کیں اور انہیں زیادہ تر معاون کرداروں کی پیش کش کی جاتی ہے اور وہ کافی عرصے سے کسی بولی وڈ فلم میں دکھائی بھی نہیں دیں۔

حال ہی میں انہوں نے ’ریڈٹ‘ پر مداحوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے اپنے کیریئر پر بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہیں کترینہ کیف کا ہم شکل سمجھے جانے کی وجہ سے نقصان ہوا۔

’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق زرین خان نے مداحوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی وہ انڈسٹری میں آئیں تو انہیں کترینہ کیف کا ہم شکل اور جڑواں قرار دیا گیا۔

انہوں نے لکھا کہ شروع میں انہیں بھی فخر ہوتا تھا کہ انہیں کترینہ کیف کا ہم شکل سمجھا جا رہا ہے، کیوں کہ وہ خود بھی ان کی مداح تھیں۔

اداکارہ نے دعویٰ کیا لیکن لوگوں کا یہی موازنہ ان کے کیریئر کی تباہی بھی ثابت ہوا اور انہیں کترینہ کیف کا ہم شکل سمجھا جانے لگا، جس سے انہیں کام ملنا بند ہونے لگا۔

انہوں نے براہ راست کترینہ کیف کو اپنے کیریئر کی تباہی کا ذمہ دار قرار نہیں دیا لیکن کہا کہ لوگ اور فلم انڈسٹری کے افراد انہیں ان کا ہم شکل سمجھ کر انہیں نظر انداز کرنے لگے۔

ساتھ ہی انہوں نے سلمان خان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو خوفناک اور خطرناک قرار دیا لیکن اس کی انہوں نے کوئی وضاحت نہیں کی۔

اس سے قبل بھی زرین خان دعویٰ کر چکی ہیں کہ انہیں کترینہ کیف سمیت پریٹی زنٹا اور سنی لیونی کا ہم شکل سمجھ کر نظر انداز کیا گیا۔

زرین خان نے فروری 2021 میں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ انہیں کترینہ کیف، پریٹی زنٹا اور سنی لیونی سمیت دیگر اداکاراؤں سے ملتی شکل کی وجہ سے فلموں میں کاسٹ نہیں کیا جا رہا۔

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ کوئی بھی فلم ساز کترینہ کیف کی کاپی کے ساتھ کام کرنا پسند نہیں کرتا، اس لیے انہیں کام نہیں دیا جا رہا۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024