• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پاکستان اور بھارتی عوام جھگڑا نہیں چاہتے، سنی دیول

شائع July 27, 2023
—فائل فوٹو: انسٹاگرام
—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ اداکار سنی دیول کا کہنا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے شہری ایک دوسرے کے لیے محبت اور امن چاہتے ہیں، لیکن یہ سیاسی کھیل ہے جو لوگوں میں نفرت پیدا کررہا ہے۔

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور بھارتی عوام کے حوالے سے یہ گفتگو سنی دیول نے اپنی نئی فلم ’غدر 2‘ کے ٹریلر لانچ کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہی۔

اس فلم میں سنی دیول ’تارا سنگھ‘ کا کردار نبھائیں گے جس میں وہ اپنے بیٹے کو واپس لانے کے لیے پاکستان میں داخل ہوں گے۔

تقریب کے موقع پر سنی دیول کہتے ہیں کہ پاکستان اور بھارتی عوام جھگڑا نہیں چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ ’بات انسانیت کی ہوتی ہے، دونوں ممالک کے لوگ ایک دوسرے سے لڑنا نہیں چاہتے، دونوں طرف یکساں محبت ہے، یہ سیاسی کھیل ہے جو نفرت پیدا کرتا ہے اور وہی آپ اس فلم میں دیکھیں گے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’عوام نہیں چاہتی کہ ہم ایک دوسرے سے جھگڑا کریں، آخر ہم ایک ہی سرزمین سے ہیں۔‘

پاکستان اور بھارتی عوام کے درمیان پیار اور امن کی باتیں سنی دیول کی اپنی فلم ’غدر2‘ میں دکھائی نہیں دیتی، ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ فلم میں دونوں جانب نفرت اور حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کے علاوہ پاکستان مخالف مواد کو بھی دکھایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سنی دیول بھارتی ریاست پنجاب کے شہر گورداسپور سے بھارتیا جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ بھی ہیں۔

فلم کا پہلا حصہ ’غدر: ایک پریم کتھا‘ 2001 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں سنی دیول نے تارا سنگھ کا کردار نبھایا تھا، جو سکھ برادری سے تعلق رکھتے ہیں، فلم میں دکھایا گیا تھا کہ تارا سنگھ پاکستانی مسلم لڑکی سکینہ کی محبت میں گرفتار ہوجاتے ہیں، سکینہ کا کردار اداکارہ امیشہ پٹیل نے نبھایا تھا۔

سکینہ تقسیم کے بعد ہندوستان سے پاکستان آجاتی ہیں لیکن تقسیم سے قبل انہوں نے وہاں ایک ہندو لڑکے (تارا) سے شادی کر رکھی ہوتی ہے۔

اب دو دہائیوں بعد ’غدر: ایک پریم کتھا‘ کے سیکوئل ’غدر 2‘ کو آئندہ ماہ 11 اگست میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

’غدر 2‘ کے جاری کیے گئے ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ سیکوئل کی کہانی وہیں سے شروع کی گئی ہے، جہاں پہلی فلم کی کہانی ختم کی گئی تھی۔

ٹریلر کا آغاز پاکستان کی سڑکوں پر احتجاج کے مناظر کے ساتھ ہوتا ہے، جب ایک بھارتی فوجی تارا سنگھ کو بھارت کے ساتھ جنگ ​​کے امکان کے بارے میں خبردار کرتا ہے۔

ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ جیسی صورتحال ہے، ٹریلر میں تارا سنگھ کو پاکستانی فوجیوں سے مقابلہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے جس میں وہ کہتے ہیں کہ ’تم نہیں جانتے کہ تارا سنگھ کون ہے، میرے دشمنوں سے پوچھو۔‘

اس کے بعد تارا سنگھ اور سکینہ کی خوشگوار ازدواجی زندگی کی جھلک نظر دکھائی جاتی ہے جب وہ اپنے بیٹے ’جیت‘ کے ساتھ رقص کرتے ہیں۔

بعدازاں تارا کا بیٹا پاکستانی فوج کے ہاتھوں پکڑا جاتا ہے جسے فلم میں پاکستانی فوج کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

اپنے بیٹے کو پاکستانی فوج سے چھڑانے کے لیے سنی دیول کے کردار یعنی تارا سنگھ کو مخالفوں سے لڑائی کرتے بھی دکھایا گیا ہے۔

ٹریلر سے معلوم ہوتا ہے کہ اس بار سنی دیول گدھے گاڑی کے پہیے اور ہتھوڑے سے مخالفوں کو مارتے دکھائی دیں گے جب کہ پرانی فلم میں انہوں نے ہینڈ پمپ (برمے) سے مخالفوں کو مارا تھا۔

ٹیزر سے عندیہ ملتا ہے کہ فلم میں حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کے علاوہ پاکستان مخالف مواد کو بھی دکھایا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024