زیتون کا تیل ’ڈیمینشیا‘ کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار

شائع July 26, 2023
—فوٹو: رائٹرز
—فوٹو: رائٹرز

امریکا میں کی جانے والی ایک طویل تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ زیتون کے تیل کا یومیہ استعمال ’ڈیمینشیا‘ کے مرض سے نہ صرف بچانے میں مددگار ہوتا ہے بلکہ اس سے مذکورہ مرض سے متاثرہ افراد کی زندگی بھی طویل ہوسکتی ہے۔

ماضی میں زیتون کے تیل کے استعمال سے متعلق کی جانے والی متعدد تحقیقات میں اسے نہ صرف دماغی بلکہ دیگر بیماریوں کے لیے بھی مفید بتایا گیا تھا۔

لیکن اب امریکا میں تقریبا تین دہائیوں تک ہونے والی تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ اس سے دماغی تنزلی کی ہونے والی بیماری ’ڈیمینشیا‘ کو کم کیا جا سکتا ہے۔

طبی جریدے میں شائع رپورٹ کے مطابق امریکن فار نیوٹریشن کی جانب سے کی جانے والی تحقیق کے نتائج جلد ہی ایک کانفرنس میں پیش کیے جائیں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ تحقیق کے حوالے سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں ماہرین نے دعویٰ کیا کہ یومیہ صرف ایک چمچ زیتون کا تیل استعمال کرنے سے ’ڈیمینشیا‘ کے مریضوں کی زندگی طویل ہو سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ماہرین نے 1990 سے 2018 تک مجموعی طور پر امریکا کے 90 ہزار سے زائد رضاکاروں پر تحقیق کی اور ان کی طبی رپورٹس کا بھی جائزہ لیا۔

تحقیق میں شامل افراد کو امراض قلب سمیت کینسر جیسی کوئی بیماری نہیں تھی اور اس میں مرد و خواتین شامل تھے اور رضاکاروں میں سے زیادہ تر ’ڈیمینشیا‘ سے متاثر تھے۔

اٹھائیس سال تک جاری رہنے والی تحقیق کے دوران تقریبا 5 ہزار کے قریب افراد ’ڈیمینشیا‘ کی وجہ سے ہلاک بھی ہوئے۔

ماہرین نے تمام افراد کی جانب سے زیتون کے تیل کے استعمال کیے جانے کے فوائد جاننے کے لیے ان کے ڈیٹا اور طرز زندگی کا موازنہ کیا تو معلوم ہوا کہ ان افراد کی زندگی طویل ہوگئی، جنہوں نے یومیہ کم از کم ایک چمچ زیتون کا تیل استعمال کیا۔

ماہرین کے مطابق یومیہ زیتون کے تیل کا ایک چمچ استعمال کرنے والے افراد کی زندگی 28 فیصد طویل ہوجاتی ہے جب کہ زیتون کا استعمال نہ کرنے والے افراد میں بیماری سے مرنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اگر ’ڈیمینشیا‘ کے مرض میں مبتلا افراد بیماری کی شرح کو کم کرنے کے لیے دوسرے تیل اور چیزوں کی جگہ اگر زیتون کا تیل استعمال کریں تو ان کی بیماری 15 فیصد تک کم ہوسکتی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ زیتون کے تیل میں وٹامن ای سمیت متعدد ایسے اجزا پائے جاتے ہیں جو دماغ کے لیے انتہائی مفید ہوتے ہیں، اسی وجہ سے زیتون کا تیل دماغی صحت کو بہتر بناکر ’ڈیمینشیا‘ سے مرنے کے خطرات کو کم کرتا ہے۔

ماہرین نے یہ واضح نہیں کیا کہ ’ڈیمینشیا‘ کے افراد کو یومیہ زیتون کے تیل کا ایک چمچ کس طرح استعمال کرنا چاہئیے، کیا انہیں تیل کو کھانوں میں شامل کرکے اسے استعمال کرنا چاہئیے یا پھر سیرپ کی طرح اسے پینا چاہئیے؟

کارٹون

کارٹون : 5 جنوری 2025
کارٹون : 4 جنوری 2025