• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بھارت: منی پور واقعات پر ہنگامہ آرائی، دونوں پارلیمان کا اجلاس ملتوی

شائع July 25, 2023
لوک سبھا اور راجیا سبھا میں اپوزیشن اراکین نے منی پور واقعات پر  کھلی بحث کرانے کا مطالبہ کیا — فائل فوٹو
لوک سبھا اور راجیا سبھا میں اپوزیشن اراکین نے منی پور واقعات پر کھلی بحث کرانے کا مطالبہ کیا — فائل فوٹو

بھارتی ریاست منی پور میں جاری تنازعات پر ہنگامہ آرائی کے بعد دونوں پارلیمان کا اجلاس ملتوی کردیا گیا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق منی پور ریاست میں کئی ماہ سے جاری پرتشدد تنازعات پر پارلیمان میں ہنگامہ آرائی ہوئی جس کے بعد دونوں پارلیمان کا اجلاس ملتوی کردیا گیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق لوک سبھا اور راجیا سبھا میں اپوزیشن اراکین نے منی پور واقعات پر کھلی بحث کرانے کا مطالبہ کیا اور پلے کارڈ اٹھا کر سخت نعرے بازی کی اور کارروائی میں خلل پیدا کردیا۔

بھارتی نشریاتی ادارے انڈیا ٹو ڈے کے مطابق بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ حکومت بحث کے لیے تیار ہے، لیکن ایوان زیریں لوک سبھا میں اپوزیشن اراکین نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ایوان زیریں سے خطاب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

نشریاتی ادارے انڈین ایکسپریس کے مطابق وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اپوزیشن کے اہم رہنماؤں بشمول کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، ترنمول کانگریس لیڈر سدیپ بندیوپادھیائے اور دراوڑ منیترا کزگم کے ٹی آر بالو سے مذاکرات کیے۔

راجیا سبھا میں چیئرمین جگدیپ دھنکر نے مسلسل خلاف ورزی کرنے پر عام آدمی پارٹی کے سنجے سنگھ کو بقایا کارروائی کے لیے معطل کردیا۔

واضح رہے کہ منی پور میں مئی سے کشیدگی بڑھ گئی ہے اور اکثریتی ہندو میتی اور عیسائی کوکی قبائل کے درمیان نسلی تنازعات میں کم از کم 120 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

گزشتہ ہفتے ایک ذلت آمیز ویڈیو منظر عام پر آئی جس میں مبینہ طور پر دکھایا گیا ہے کہ مئی میں کوکی قبائل سے تعلق رکھنے والی دو خواتین کو برہنہ کرکے سڑک پر پریڈ کرائی گئی ارو میتی قبائل کے مردوں کی طرف سے مذاق اڑایا گیا اور ہراساں کیا گیا۔

اتوار کو امریکا نے بھی ان ویڈیوز پر تشویش کا اظہار کیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے اس واقعے کو ’سفاکانہ‘ اور ’خوفناک‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا متاثرین سے اپنی ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ امریکا نے منی پور تشدد کے پرامن اور جامع حل کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے حکام پر زور دیا ہے کہ وہ تمام گروہوں، عوام کے گھروں اور عبادت گاہوں کی حفاظت کرتے ہوئے ان کی انسانی ضروریات کو پورا کریں۔

قبل ازیں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے منی پور واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے شرمناک عمل قرار دیا اور سخت کارروائی کا عزم کیا۔

مئی میں پیش آنے والے واقعے کے بعد پہلی بار عوامی سطح پر بات کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ’میرا دل دکھ اور غصے سے بھرا ہوا ہے‘۔

ادھر بھارتی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ڈی وائے چندرچوڑ نے کہا کہ منی پور واقعہ کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے شرمناک ہے، اس عمل نے پوری قوم کا سر شرم سے جھکا دیا ہے، ویڈیو میں نظر آنے والی خواتین سے بدتمیزی ہرگز قابل قبول نہیں ہے۔   قانونی نیوز سائٹ بار اور بینچ نے چیف جسٹس چندرچوڑ کے حوالے سے کہا کہ ’اگر حکومت کارروائی نہیں کرتی ہے تو ہم کریں گے۔‘

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024