• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

فیصلہ کیا ہے پاکستان کو موجودہ بحران سے نکال کر دم لیا جائے گا، آرمی چیف

شائع July 24, 2023
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے خانیوال میں ماڈل ایگریکلچر فارم کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی— فوٹو: اے پی پی
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے خانیوال میں ماڈل ایگریکلچر فارم کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی— فوٹو: اے پی پی

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج کو اپنی قوم کی خدمت پر فخر ہے اور ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان کو موجودہ بحران سے نکال کر دم لیا جائے گا۔

خانیوال ماڈل ایگریکلچر فارم کی افتتاحی تقریب کے موقع پر شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج کو اپنی قوم کی خدمت کرنے پر فخر ہے، فوج عوام سے ہے اور عوام فوج سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان کو موجودہ بحران سے نکال کر دم لیا جائے گا، پاکستانی غیرت مند، غیور اور باصلاحیت قوم ہیں۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ تمام پاکستانیوں نے بھکاری کا کشکول اٹھا کر باہر پھینکنا ہے، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو تمام نعمتوں سے نوازا ہے، ہمیں دنیا کی کوئی طاقت ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان شااللہ پاکستان میں زرعی انقلاب آکر رہے گا، ہم اس ماڈل فارم کی طرز کے جدید فارم بنائیں گے جس سے چھوٹے کسان کو فائدہ ہوگا اور گرین انیشیٹو کا یہ دائرہ کار پورے پاکستان میں پھیلا دیا جائے گا۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے، عوام اور ریاست کا رشتہ محبت اور احترام کا ہے، سیکیورٹی اور معیشت کا چولی دامن کا ساتھ ہے، سیکیورٹی کے بغیر معیشت اور معیشت کے بغیر سیکیورٹی نا گزیر ہے۔

آرمی چیف نے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے علامہ اقبال کے شعر کا حوالہ دیا اور ملک و ملت کے ہر فرد کی ملکی ترقی میں اہمیت پر زور دیا۔

اس سے قبل 10 جولائی کو اسلام آباد میں گرین پاکستان انیشیٹو کے تحت غذائی تحفظ پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا تھا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے ہم سب کو مل کر حصہ ڈالنے کی ضرورت ہے اور ہم پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے بحیثیت ادارہ مکمل جان فشانی اور قلب و روح کے ساتھ اس مرحلے کی تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اللّٰہ نے بہت سی نعمتوں سے نوازا ہے اور ہم باصلاحیت قوم ہیں، ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ہم مل کر اس کی ترقی میں حصہ ڈالیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ اللہ کی رحمت سے مایوس نہیں ہونا کیونکہ اللہ کی رحمت سے صرف کافر مایوس ہوتے ہیں، مسلمانوں کے لیے دو ہی حالتیں ہیں، جب اس پر مصیبت آتی ہے تو وہ صبر کرتا ہے اور جب خوشی ملتی ہے تو وہ شکر ادا کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ترقی کی منازل طے کرنی ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت اس کو ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی، ہمارے پاس ہر طرح کی صلاحیت موجود ہے جو پاکستان کو عروج پر لے جاسکتی ہے، مسلمان کے لیے ناامیدی کفر ہے۔

آرمی چیف نے کہا تھا کہ ہم پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے بحیثیت ادارہ مکمل جان فشانی اور قلب و روح کے ساتھ اس مرحلے کی تکمیل کے لیے ہر ممکنہ تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024