دیگر ڈراموں کے بعد ’میرے پاس تم ہو‘ کو بھی بھارت میں نشر کرنے کا اعلان
بھارتی ٹی وی چینل ’زندگی‘ نے پاکستان کے مقبول ترین ڈراموں میں سے ایک ’میرے پاس تم ہو‘ کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے 2 اگست سے ٹی وی پر نشر کرنے کا اعلان کردیا۔
’زندگی‘ ٹی وی پر پہلے ہی متعدد پاکستانی مقبول ڈرامے پیش کیے جا رہے ہیں، جس میں ’کہاں کہ وہ سچے تھے، قصہ مہربانو کا، چپکے چپکے، دمبخت: آتش عشق، آسمانوں پہ لکھا، جو چلے تو جاں سے گزر گئے، یہ دل میرا، یہ رہا دل اور سنو چندا 2‘ سمیت دیگر ڈرامے شامل ہیں۔
اب ’زندگی ٹی وی‘ نے ’میرے پاس تم ہو‘ کے ٹریلرز کو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اسے 2 اگست سے ٹی وی چینل سمیت ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بھی دکھانے کا اعلان کردیا۔
’میرے پاس تم ہو‘ سال 2019 اور 2020 کا مقبول ترین ڈراما تھا، اس میں عدنان صدیقی نے ’شہوار‘ نامی ایک ایسے شادی شدہ امیر شخص کا کردار ادا کیا تھا، جسے ایک شادی شدہ غریب خاتون سے عشق ہوجاتا ہے۔
عدنان صدیقی کے کردار ’شہوار‘ کو ڈرامے میں عائزہ خان کے کردار ’مہوش‘ سے محبت ہوجاتی ہے۔
مہوش کا کردار ڈرامے کے غریب کردار ’دانش‘ یعنی ہمایوں سعید کی اہلیہ ہوتی ہیں مگر غربت کی وجہ سے مہوش آگے چل کر شوہر سے طلاق لے کر امیر شخص ’شہوار‘ سے شادی کی خواہش مند ہوتی ہیں۔
’میرے پاس تم ہو‘ میں شادی شدہ مرد اور خاتون کو دولت کی وجہ سے تعلقات پر اور پاکستانی معاشرے کے برعکس حالات میں دکھانے پر ڈرامے پر شدید تنقید بھی کی گئی تھی۔
تاہم ساتھ ہی یہ پاکستانی ٹیلی وژن کی تاریخ کا سب سے مقبول ڈرامہ بھی بنا اور اب اسے بھارت میں بھی دکھایا جائے گا۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ’زندگی‘ ٹی وی بھارت کا وہ واحد ٹی وی چینل ہے جو پاکستان سمیت دیگر ممالک کے ڈراموں کو بھی ہندی اور اردو زبان میں نشر کرتا ہے۔
اس چینل کا آغاز ویسے تو ’زی انٹرٹینمنٹ‘ کے تحت 2014 میں ہوا تھا اور ابتدائی طور پر یہ صرف ٹی وی چینل تھا، تاہم بعد ازاں اسے ’زی فائیو‘ کی ایپلی کیشن کے تحت صرف ڈیجیٹل اسٹریمنگ چینل بنا دیا گیا تھا۔
’زی فائیو‘ ایپلی کیشن بھی ’زی انٹرٹینمنٹ‘ کی ملکیت ہے لیکن بعد ازاں ایک بار پھر ’زندگی‘ کو ٹی وی چینل میں تبدیل کرکے اسے ڈش اور دیگر پلیٹ فارمز پر بھی پیش کردیا گیا۔
اس وقت ’زندگی‘ کو نہ صرف ٹی وی چینل کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے بلکہ اسے مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
’زندگی‘ ٹی وی نے ’اڑی حملوں‘ کے بعد کچھ عرصے کے لیے پاکستانی مواد کو دکھانا بند کردیا تھا لیکن بعد ازاں چینل نے پاکستانی ڈراموں کو دکھانا شروع کردیا جب کہ اسی چینل نے پاکستانی ویب سیریز بھی بنائیں۔
بھارت میں پاکستانی ڈراموں اور ویب سیریز کو بہت پسند کیا جاتا ہے اور وہاں کے لوگ پاکستانی ٹی وی اداکاروں کے بہت بڑے مداح ہیں۔