• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

گلگت بلتستان: سیاحوں کی گاڑی دریا میں جا گری، ایک شخص جاں بحق، 5 لاپتا

شائع July 24, 2023
انہوں نے بتایا کہ ملنے والی لاش کو  دوسری گاڑی میں آنے والے متوفی کے بھائی کے حوالے کر دیا گیا ہے — فوٹو: امتیاز علی تاج
انہوں نے بتایا کہ ملنے والی لاش کو دوسری گاڑی میں آنے والے متوفی کے بھائی کے حوالے کر دیا گیا ہے — فوٹو: امتیاز علی تاج

گلگت بلتستان میں سیاحوں کی گاڑی بے قابو ہو کر دریائے سندھ میں جاگری جس کے نتیجے میں اس میں سوار 6 مسافر لا پتا ہوگئے جن میں سے ایک کی لاش نکال لی گئی۔

گلگت بلتستان کی شہری انتظامیہ کے ترجمان مظہر مغل نے بتایا کہ واقعہ صبح 7 بج کر 20 منٹ پر پیش آیا، راجن پور پنجاب سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کی کار گلگت کے نواحی گاؤں حراموش سسی میں شاہراہِ بلتستان پر ڈرائیور سے بے قابو ہو کر دریا میں جاگری اور لاپتا ہو گئی۔

انہوں نے کہا کہ جائے حادثہ سے موبائل فونز، مردانہ جوتے اور گیس سلنڈر ملا ہے۔

مقامی تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) انسپکٹر محمد حسین نے رابطے پر بتایا کہ ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے افراد 2 گاڑیوں میں سوا ہو کر اسکردو سے گلگت بلتستان آرہے تھے کہ ایک گاڑی حراموش سسی کے مقام پر دریائے سندھ میں جاگری جن میں سے ایک شخص کی لاش عالم برج کے مقام سے ملی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملنے والی لاش کو دوسری گاڑی میں آنے والے متوفی کے بھائی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

پولیس اہلکار نے بتایا کہ گاڑی میں متوفی سمیت 6 افراد سوار تھے، دریا میں لاپتا دیگر پانچ افراد کی تلاش جاری ہے۔

ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار افراد کا تعلق راجن پور پنجاب سے ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ 21 جولائی کو بھی گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں گاڑی حادثے کا شکار ہو کر گہری کھائی میں جاگری تھی جس کے نتیجے میں ایک مسافر جاں بحق اور دیگر 14 زخمی ہوگئے تھے۔

اس سے قبل 16 جولائی کو گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں قراقرم ہائی وے کے قریب تھیلچی کے مقام پر سیاحوں کی گاڑی بھی حادثے کا شکار ہوئی تھی جہاں 6 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوگئے تھے۔

دیامر کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) محمد ایاز نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ جاں بحق ہونے والوں میں 3 خواتین، ایک بچہ اور ایک مرد شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024