• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

’ایک نئے ستارے کا جنم‘، حمزہ کو ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپیئن بننے پر قوم کی مبارکباد

شائع July 23, 2023
ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپیئن شپ جیتنے کے بعد پاکستان کے حمزہ خان ٹرافی کے ہمراہ — فوٹو: ٹوئٹر/ ورلڈ اسکواش
ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپیئن شپ جیتنے کے بعد پاکستان کے حمزہ خان ٹرافی کے ہمراہ — فوٹو: ٹوئٹر/ ورلڈ اسکواش

نوجوان حمزہ خان کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پاکستان 37 سال بعد ایک بار پھر ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپیئن بن گیا جس پر ملک بھر کی ممتاز شخصیات نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نوجوان اسٹار کو مبارکباد سے نوازا ہے۔

حمزہ خان نے مصر کے محمد ذکریا کو فائنل میں شکست دی اور 1986 کے بعد چیمپیئن شپ جیتنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔

پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے حمزہ خان کو چیمپیئن شپ جیتنے پر مبارکباد دی اور ان کی اس کامیابی کو سراہتے ہوئے زلمی فاؤنڈیشن کی طرف سے 10 لاکھ روپے کے انعام کا بھی اعلان کیا۔

اداکار فیصل قریشی نے ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپیئن شپ جیتنے پر حمزہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی فتح نے 1986 میں جان شیر خان کی فتح کی یاد تازہ کردی۔

تحریک انصاف کے رہنما اور خیبر پختونخوا کے سابق وزیر خزانہ تیمور جھگڑا نے بھی اس حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے اس فتح کو پاکستان اور پشاور کے لیے قابل فخر لمحہ قررا دیا۔

کھیلوں کے معروف مبصر اور پی ٹی وی اسپورٹس کے سابق میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز نے کہا کہ حمزہ نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے جو کارنامہ آج انجام دیا اور جو آگے انجام دیں گے اس میں 2020 میں انڈر15 برٹش اوپن کی فتح نے پلیٹ فارم کا کردار ادا کیا۔

صحافی عالیہ رشید نے بھی نوجوان حمزہ کو فتح کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج ایک نئے ستارے کا جنم ہوا ہے۔

صحافی عبدالرشید شکور نے کہا کہ حمزہ کے لیے یہ سفر آسان نہ تھا، گزشتہ سال امریکا میں ٹریننگ کے دوران انہیں فوری واپس آکر ٹریننگ کیمپ جوائن کرنے کا کہا گیا اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں نتائج بھگتنے کی دھمکی بھی دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ حمزہ کو دھمکی دی گئی تھی کہ اگر وہ وطن واپس نہ آئے تو ان کا این او سی منسوخ کر کے پاکستان اسکواش ایسوسی ایشن کی رکنیت ختم کر دی جائے گی اور انہیں فرانس میں ورلڈ جونیئر چیمپیئن شپ میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

سیاسی حلقے بھی حمزہ کو مبارکباد دینے میں پیش پیش رہے اور حکمران جماعت مسلم لیگ(ن) نے نوجوان کو اس شاندار فتح پر مبارکباد پیش کی۔

سابق حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف بھی حمزہ خان کو سراہنے میں پیچھے نہ رہی اور کہا کہ پورے پاکستان کو آپ پر فخر ہے۔

قومی اسمبلی کے اسپیکر راجا پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے بھی مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی دنیا بھر میں پاکستان کا نام اسی طرح روشن کرتے رہیں گے۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے بھی اس کارنامے کو انجام دینے پر حمزہ کو مبارکباد پیش کی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024