بھارت کے زرمبادلہ کے ذخائر 600 ارب ڈالرز سے بڑھ کر 15 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے
بھارت کے زرمبادلہ کے ذخائر مسلسل تیسرے ہفتے بڑھ کر 14 جولائی تک کُل 609 ارب ڈالر ہوکر تقریباً 15 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔
ڈان اخبار میں شائع خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی مرکزی بینک کی جانب سے جاری اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں گزشتہ ہفتے 12 ارب 74 کروڑ ڈالرز کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو کہ گزشتہ 4 میں سب سے زیادہ تھا جبکہ اس سے قبل گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران 3 ارب 8 کروڑ ڈالرز کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
بھارتی ماہر معیشت گورو سین گپتا کا کہنا تھا کہ غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ڈالر کی قیمت میں کمی اور امریکی محکمہ خزانہ کی پیداوار میں کمی کے باعث ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی مرکزی بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں غیرملکی کرنسی کی قیمتوں میں اضافہ یا کمی کے باعث تبدیلی ہوتی رہتی ہے۔
گورو سین گپتا کا مزید کہنا تھا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کا ایک اور سبب غیر ملکی ایکسچینج مارکیٹ میں بھارت کی مرکزی بینک کی فاریکس پرچیزنگ ہیں، بھارتی مرکزی بینک رواں برس روپے کی قدر کو مضبوط رکھنے کی کوشش کرے گا۔
نیشنل سیکیورٹی ڈیپازیٹری لمیٹڈ کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 3 ماہ کے دوران غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے بھارتی ایکوئٹی میں 16 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی گئی جس سے بھارتی مرکزی بینک کو زرمبادلہ کے ذخائر اضافہ دیکھنے کو ملا۔