• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

سیلاب متاثرین کو 20 لاکھ گھر تعمیر کرکے دیں گے، بلاول بھٹو زرداری

شائع July 21, 2023
وزیر خارجہ نے کہا کہ دوسری جماعتیں امیر لوگوں کو مزید امیر بناتی ہیں لیکن پیپلز پارٹی انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے غریب لوگوں کو مالی مستحکم کر رہی ہے—فوٹو: ڈان نیوز
وزیر خارجہ نے کہا کہ دوسری جماعتیں امیر لوگوں کو مزید امیر بناتی ہیں لیکن پیپلز پارٹی انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے غریب لوگوں کو مالی مستحکم کر رہی ہے—فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج لوگوں کو شاید احساس نہ ہو لیکن ہم نے پیپلز ہاؤسنگ اسکیم کا منصوبہ دیا ہے وہ ریاست سے خواتین کو اثاثوں کی منتقلی ہے۔

لاڑکانہ میں سیلاب متاثرین کو تعمیر شدہ گھر حوالہ کرنے سے متعلق پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیلاب سے آپ کو جو نقصان ہوا تھا اس کو آہستہ آہستہ درست کرنے جا رہے ہیں۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمیں صوبہ سندھ میں 20 لاکھ گھر تعمیر کرانے ہیں جس میں وقت ضرور لگے گا لیکن میرا وعدہ ہے کہ سیلاب میں جس کے بھی گھر کو نقصان ہوا ان کو نہ صرف مالی مدد فراہم کی جائے گی بلکہ ان کو مکان کے مالکانہ حقوق بھی دیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ اس صوبے سے ایک انقلاب شروع ہو رہا ہے، اس وقت پورے ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی مشکلات ہیں اور اس کا حل پیپلز پارٹی کی نظر میں ایک ہی ہے کہ عام آدمی، غریبوں کی مدد کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم پاکستان کے عام آدمی کو معاشی طور پر مضبوط بنائیں گے تو وہ دن بھی دور نہیں جب ہم ملک کو بھی اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیلاب سے ہمیں تاریخی نقصان ہوا تھا لیکن جب ہمارا پیپلز ہاؤسنگ اسکیم کا کام مکمل ہوجائے گا تو آپ کی مالی پوزیشن سے سیلاب سے پہلے کی نسبت مزید بہتر ہوگی، اگر آگے ایسا کوئی سیلاب آیا بھی تو آپ کے گھر کو نقصان نہیں ہوگا کیونکہ یہ مکان اس طرح بنائے گئے ہیں کہ ان کو سیلاب میں کوئی نقصان نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جن کا اپنا مکان ہو اور مالکانہ حقوق نہ ہوں تو وہ غیریقینی میں زندگی گزارتے ہیں، ان کو معلوم نہیں ہوتا کہ کب ایسا وقت آئے جب ان سے اپنا گھر چھینا جائے، اب جب ہم نے آپ کو اپنے گھر کا مالک بنایا ہے، زمین دی ہے تو ایک ایسا اثاثہ دیا ہے جن کو گھر کی عورتوں کے نام کیا ہے۔

چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ ہمیں شہید بینظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری نے سکھایا ہے کہ جب آپ عورتوں کو معاشی طور پر مضبوط کرتے ہیں تو پورے خاندان کو مضبوط کرتے ہیں جس میں اگلے نسل کا بھی خیال رکھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایسی کوئی صورت حال ہو کہ آپ کاروبار کرنا چاہیں یا قرض لینا چاہیں تو آپ کے پاس ایسا اثاثہ ہے کہ آپ بینک کو قرض لینے کے لیے کہہ سکتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ایک حادثے کو ایک موقع میں تبدیل کیا ہے، ہماری کوشش ہے کہ سندھ بھر میں سیلاب متاثرین کو نہ صرف گھر بناکر دیں گے بلکہ ان کو اپنے مالکانہ حقوق بھی دیں گے اور ان کو معاشی طور پر مضبوط کریں گے جس سے پاکستان اور سندھ کی معیشت کا فائدہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے نظریے کو سندھ کے ہر ضلعے میں لے کر جائیں گے اور انتخابات دور نہیں ہیں، اسی قسم کے منصوبے بلوچستان خیبرپختونخوا اور پنجاب کے عوام کے لیے بھی لے کر جائیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ دوسری جماعتیں امیر لوگوں کو مزید امیر بناتی ہیں لیکن پیپلز پارٹی انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے غریب لوگوں کو مالی طور پر مستحکم کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج لوگوں کو شاید احساس نہ ہو لیکن ہم نے یہ جو منصوبہ دیا ہے وہ اثاثوں کی منتقلی ہے جو کہ ریاست اور حکومت سندھ سے زمین لے کر ہم آپ لوگوں کو دے رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024