• KHI: Fajr 5:56am Sunrise 7:17am
  • LHR: Fajr 5:36am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:56am Sunrise 7:17am
  • LHR: Fajr 5:36am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am

فردوس جمال کی 12 گھنٹے طویل سرجری

شائع July 21, 2023
— فائل فوٹو: فیس بک
— فائل فوٹو: فیس بک

سینئر اداکار، پروڈیوسر و ہدایت کار فردوس جمال کی کینسر کی 12 گھنٹے طویل سرجری کرکے ان کا ٹیومر نکال دیا گیا۔

کم از کم 300 ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے اداکار فردوس جمال دسمبر 2021 میں کینسر کا شکار ہوگئے تھے، تب سے وہ زیر علاج ہیں۔

تقریباً دو سال تک کیموتھراپیز کروانے کے بعد دو دن قبل ان کی سرجری کی گئی، جس سے متعلق ان کے بیٹے ماڈل و اداکار بازل فردوس اور حمزہ فردوس نے بھی سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے آگاہی دی۔

اداکار کے دونوں بیٹوں نے والد کی سرجری سے متعلق پوسٹس کیں—اسکرین شاٹ
اداکار کے دونوں بیٹوں نے والد کی سرجری سے متعلق پوسٹس کیں—اسکرین شاٹ

حمزہ فردوس نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں بتایا کہ ان کے والد کی 12 گھنٹے تک طویل سرجری کی گئی، جس دوران ان کا ٹیومر نکال دیا گیا اور اب وہ بہتری کی جانب گامزن ہیں۔

اداکار کے بیٹے بازل فردوس نے والد کی آپریشن سے قبل اور آپریشن کے بعد کی ویڈیوز بھی ٹک ٹاک پر شیئر کیں، جن میں اداکار کو ویل چیئر پر دیکھا جا سکتا ہے اور سرجری کے بعد کی ویڈیوز میں انہیں پیرامیڈیکل اسٹاف کی مدد سے آہستہ آہستہ چلتے دیکھا جا سکتا ہے۔

فردوس جمال کے بیٹے نے والد کی ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد کی طبیعت بہتر ہو رہی ہے اور انہوں نے سرجری کے کئی گھنٹے بعد چلنا پھرنا شروع کردیا۔

انہوں نے واضح نہیں کیا کہ ان کے والد کا کہاں سے ٹیومر نکالا گیا اور انہیں کس قسم کا کینسر لاحق ہے۔

کینسر کے علاج کے دوران دسمبر 2022 میں فردوس جمال کے انتقال کی جھوٹی خبریں بھی وائرل ہوئی تھیں، جس پر سینئر اداکار نے وضاحتی ویڈیو جاری کرتے ہوئے ایسی خبروں پر اظہار افسوس کیا تھا۔

فردوس جمال میں کینسر کی تشخیص کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے ان کے علاج کے لیے ایک کروڑ روپے کی امداد بھی جاری کی تھی۔

کینسر کا شکار ہونے سے قبل زائد العمری کے باوجود فردوس جمال کو شوبز مصروفیات میں متحرک دیکھا جاتا رہا تھا، وہ ٹی وی شوز سمیت ڈراموں میں بھی دکھائی دیتے رہے تھے۔

فردوس جمال نے 1970 کے بعد پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پشاور سینٹر سے اداکاری کا آغاز کیا تھا اور ابتدائی طور پر انہوں نے ہندکو اور پشتو ڈراموں میں جوہر دکھائے تھے۔

ان کا شمار 1980 سے 1990 کے مقبول پی ٹی وی اداکاروں میں ہوتا ہے، انہیں ان کی شاندار اداکاری کی بدولت 1986 میں صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا تھا۔

فردوس جمال نے کم از کم 300 ڈراموں اور 100 سے زائد تھیٹرز اور ریڈیو ڈراموں کے علاوہ 4 درجن سے زائد فلموں میں بھی کام کیا۔

فردوس جمال نے اداکاری کے علاوہ ہدایت کاری، گلوکاری اور پروڈکشن میں بھی قسمت آزمائی کی، ان کے بڑے صاحبزادے حمزہ فردوس بھی اداکار ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 2 جنوری 2025
کارٹون : 1 جنوری 2025