• KHI: Asr 4:42pm Maghrib 6:22pm
  • LHR: Asr 4:10pm Maghrib 5:51pm
  • ISB: Asr 4:14pm Maghrib 5:56pm
  • KHI: Asr 4:42pm Maghrib 6:22pm
  • LHR: Asr 4:10pm Maghrib 5:51pm
  • ISB: Asr 4:14pm Maghrib 5:56pm

عمرے پر تھی جب شوہر کے انتقال کی اطلاع ملی، اداکارہ فہیمہ اعوان

شائع July 21, 2023
فائل فوٹو: اسٹاگرام/فہیمہ اعوان
فائل فوٹو: اسٹاگرام/فہیمہ اعوان

اداکارہ فہیمہ اعوان نے انکشاف کیا ہے کہ رواں سال ماہ رمضان میں وہ عمرہ کرنے گئی ہوئی تھیں جب انہیں اپنے شوہر کے انتقال کی اطلاع ملی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں اس وقت صدمے میں چلی گئی تھی، ایسے میں پاکستان واپس جانے کے لیے فلائٹ بھی نہیں مل رہی تھی۔‘

فہیمہ اعوان پاکستانی اداکارہ ہیں، انہوں نے متعدد پاکستانی ڈراموں میں معاون اداکارہ کے طور پر کردار نبھائے ہیں، ان کے مشہور ڈراموں میں الف اللہ اور انسان، دیوانگی، رسوائی، ڈھونک، فطور اور دیگر شامل ہیں۔

حال ہی میں اے آر وائے ڈیجیٹل پر میزبان ندا یاسر کے مارننگ شو میں شرکت کے دوران انہوں نے اپنے شوہر کے انتقال اور اس سے پہلے درپیش مشکلات کے حوالے سے کئی انکشافات کیے۔

فہیمہ نے بتایا کہ جب ان کے شوہر 2012 میں اغوا ہوئے تو وہ وقت انتہائی مشکل تھا، ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے زندگی کے بارے میں کچھ علم نہیں تھا، اس وقت میں نے شوبز انڈسٹری میں قدم نہیں رکھا تھا، مجھے لوگوں کے بارے میں کچھ معلوم نہیں تھا۔

فہیمہ نے مزید بتایا کہ اغواکاروں نے ہم سے پیسے لیے جس کے بعد خوش قسمتی سے میرے شوہر گھر واپس آگئے، شوہر بتاتے تھے کہ اغواکاروں نے ان پر بہت ظلم و تشدد کیا تھا، اس وقت میں نے فیصلہ کیا کہ مجھے خود کو مضبوط کرنا چاہیے، کام کرنا چاہیے، اس لیے میں نے شوبز انڈسٹری جوائن کرلی۔

انہوں نے بتایا کہ ’ابتدائی طور پر میں نے اشتہارات میں کام کرنا شروع کیا، لیکن جب وقت بڑھتا گیا تو اشتہارات کے ذریعے گھر چلانا مشکل ہوگیا تھا تو پھر میں نے شوہر کی رضامندی سے ڈراموں میں کام کرنا شروع کیا۔

اداکارہ نے بتایا کہ شوہر اغوا ہونے کے بعد ڈپریشن کا شکار ہوگئے تھے اور انہیں آرتھرائٹس ہوگیا تھا جس میں جسم کے جوڑوں میں شدید درد ہوتا ہے، اس دوران انہیں دو مرتبہ دل کا دورہ بھی پڑا۔

فہیمہ نے بتایا کہ تھیراپی کے بعد جب شوہر کی صحت بہتر ہونا شروع ہوئی تھی تو ہمیں لگا کہ سب ٹھیک ہوجائے گا، جس کے بعد میں عمرے پر چلی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ جب میں عمرے پر تھی تو مجھے فون کال کے ذریعے گھر والوں نے اطلاع دی کہ شوہر کا انتقال ہوگیا ہے، میں اس وقت صدمے میں چلی گئی تھی، ایسا لگا کہ میری روح جسم سے نکل چکی ہے، پاکستان واپس آنے کے لیے فلائٹ ملنا بھی مشکل تھی۔

اداکارہ نے اپنے شوہر کے انتقال کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ وہ دیوار کا سہارا لے کر کھڑے تھے کہ اچانک بے ہوش ہوگئے اور قریب رکھا ستون پیٹ پر گرگیا جس کی وجہ سے ان کے آنتوں کو شدید نقصان پہنچا جس کے باعث ان کا انتقال ہوگیا۔

فہیمہ اعوان کہتی ہیں کہ ’عید کے روز میں مکہ مکرمہ میں تھی، سفید لباس پہنا ہوا تھا ایسے میں انہیں فون کال کے ذریعے معلوم ہوا کہ شوہر کا انتقال ہوگیا ہے تو انہیں یقین نہیں آیا اور زار و قطار رونے لگی اور مشکل سے اپنے آپ کو سنبھالا تھا۔ ’

انہوں نے بتایا کہ ’اللہ نے مجھے بہت عظیم مقام پر بلایا ہوا تھا، میں نے اللہ سے مدد مانگی کہ مجھے اپنے بچوں کے لیے زندہ رہنا ہے، اب میں ہی اپنے بچوں کی ماں اور باپ ہوں۔ ’

کارٹون

کارٹون : 28 ستمبر 2024
کارٹون : 27 ستمبر 2024