• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

چینی صدر کی سابق امریکی سفارتکار ہنری کسنجر سے ملاقات، ’پرانا دوست‘ قرار دے دیا

شائع July 20, 2023
ہنری کسنجر نے بدھ کے روز چین کے اہم سفارت کار وانگ یی سے بھی ملاقات کی— فوٹو: اے ایف پی
ہنری کسنجر نے بدھ کے روز چین کے اہم سفارت کار وانگ یی سے بھی ملاقات کی— فوٹو: اے ایف پی

چین کے صدر شی جن پنگ نے سابق امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ ہنری کسنجر سے بیجنگ میں ملاقات کی اور انہیں ایک ’پرانا دوست‘ قرار دیا۔

خبر ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ہنری کسنجر رواں ہفتے چین کے دورے پر ہیں جہاں وہ امریکا اور چین کے درمیان تعلقات کی بحالی کا مطالبہ کرتے رہے ہیں حالانکہ دونوں ملکوں کے درمیان انسانی حقوق سے لے کر تجارت اور قومی سلامتی کے امور سمیت کئی معاملات پر تعلقات اکثر کشیدہ رہتے ہیں لیکن حال ہی میں امریکا کی جانب سے چین سے تعلقات کی بحالی کے لیے کئی سرگرم کوششیں کی گئی ہیں۔

100 سالہ سفارت کار نے 1970 کی دہائی میں چین کے امریکا کے ساتھ تعلقات کے قیام میں اہم کردار ادا کیا تھا اور انہوں نے کئی برسوں سے چین کے رہنماؤں کے ساتھ قریبی روابط برقرار رکھے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق صدر شی جن پنگ نے جمعرات کو ہنری کسنجر سے ملاقات کے دوران کہا کہ چینی عوام دوستی کی قدر کرتے ہیں اور ہم اپنے پرانے دوست اور چین امریکا تعلقات کو فروغ دینے اور چینی اور امریکی عوام کے درمیان دوستی بڑھانے کے حوالے سے آپ کے تاریخی کردار کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سے نہ صرف دونوں ممالک کو فائدہ ہوا بلکہ دنیا کو بھی بدل کر رکھ دیا۔

چینی رہنما نے کہا کہ دنیا اس وقت ایسی تبدیلیوں کا سامنا کر رہی ہے جو ایک صدی میں نہیں دیکھی گئیں اور بین الاقوامی نظام بہت زیادہ تبدیلیوں کے عمل سے گزر رہا ہے۔

چینی صدر نے کہا کہ چین اور امریکا ایک بار پھر ایسے موڑ پر ہیں جہاں دونوں فریقین کو ایک بار پھر انتخاب کرنا ہوگا۔

ہنری کسنجر نے دیایوتائی اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کی عمارت نمبر 5 میں میزبانی پر شی جن پنگ کا شکریہ ادا کیا جہاں انہوں نے 1971 میں اس وقت کے وزیر اعظم ژو این لائی سے ملاقات کی تھی۔

سابق سفارت کار نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات دنیا میں امن اور ہمارے معاشروں کی ترقی کے لیے مرکزی کردار ادا کریں گے۔

ہنری کسنجر 1971 میں کمیونسٹ چین کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کے مشن پر خفیہ طور پر بیجنگ گئے تھے۔

ان کے اس خفیہ دورے نے سابق امریکی صدر رچرڈ نکسن کے چین کے تاریخی دورے کی راہ ہموار کی تھی جہاں اس وقت کے امریکی صدر ویتنام جنگ کے خاتمے کے لیے چین کے تعاون کے خواہاں تھے۔

اس جواب میں امریکا نے چین کی مدد کی اور چین کو مینوفیکچرنگ پاور ہاؤس اور دنیا کی دوسری سب سے بڑی معیشت بننے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

عہدہ چھوڑنے کے بعد سے امن کا نوبیل انعام جیتنے والے ہنری کسنجر نے چین کے بارے میں کاروباری مشورے دے کر بے پناہ دولت کمائی اور ساتھ ساتھ امریکا کو خبردار بھی کرتے رہے ہیں کہ وہ چین کے حوالے سے کوئی بھی اقدام یا فیصلہ جلد بازی میں لینے سے باز رہے۔

انہوں نے یہ دورہ ایک ایسے موقع پر کیا جب امریکا کے موسمیاتی ایلچی جان کیری بھی چین کے دورے پر ہیں جبکہ اس سے قبل وزیر خزانہ جینٹ ییلن اور سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن نے بھی حال ہی میں چین کے دورے کیے تھے۔

چین کی سی سی ٹی وی نے جمعرات کو کہا کہ 1971 سے لے کر اب تک ڈاکٹر کسنجر 100 سے زیادہ بار چین کا دورہ کر چکے ہیں۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق منگل کو وزیر دفاع لی شانگفو نے کہا تھا کہ آج کی دنیا میں چیلنجز اور مواقع دونوں ایک ساتھ موجود ہیں اور امریکا اور چین دونوں کو غلط فہمیوں کو ختم کرنا چاہیے اور پرامن طور پر ایک ساتھ رہ کر تصادم سے گریز کرنا چاہیے۔

ہنری کسنجر نے بدھ کو چین کے اہم سفارت کار وانگ یی سے بھی ملاقات کی جنہوں نے چین اور امریکا کے درمیان تعلقات پر جمی برف پگھلانے میں تاریخی کردار ادا کرنے پر سابق امریکی سفارت کار کی تعریف کی۔

وانگ یی نے کہا کہ چین کے حوالے سے امریکا کو کسنجر کی طرز کی سفارتی حکمت اور نکسن کی طرز کی سیاسی جرات پر مبنی پالیسی کی ضرورت ہے۔

کسنجر کو امریکی اشرافیہ ایک عرصے سے ان کی سیاسی و سفارتی بصیرت کی قدر کرتے ہوئے نوازتی رہی ہے اور ویتنام میں جنگ بندی میں مرکزی کردار ادا کرنے پر انہیں امن کے نوبیل امن انعام سے نوازا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024