منی پور میں ہجوم کے ہاتھوں خواتین کی برہنہ پریڈ پر بولی وڈ شخصیات کا اظہار افسوس
بھارتی ریاست منی پور میں مشتعل ہجوم کی جانب سے دو خواتین کو برہنہ کرکے انہیں کئی کلو میٹرز تک پریڈ کروانے اور اسی دوران ان پر تشدد کیے جانے کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد بولی وڈ شخصیات نے اظہار برہمی کرتے ہوئے ملوث افراد کو سخت سے سخت سزائیں دینے کا مطالبہ کردیا۔
منی پور کے ضلع کانگ پوکپی کی مختصر دورانیے کی ویڈیوز 19 جولائی کو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں، جن میں مشتعل ہجوم کو دو برہنہ خواتین کو پریڈ کرواتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
وائرل ویڈیوز میں مشتعل افراد برہنہ خواتین پر تشدد بھی کرتے دکھائی دیے جب کہ ان کے ساتھ نامناسب حرکتیں بھی کرتے رہے اور بعد ازاں ایک خاتون کو گینگ ریپ کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مذکورہ ویڈیو کم از کم دو ماہ پرانی ہے، مذکورہ واقعہ رواں برس 4 مئی کو ہوا تھا اور متاثرہ خواتین کے مسیحی قبیلے کوکی کے معزز افراد نے 18 مئی کو پولیس کو واقعے کا مقدمہ دائر کرنے کی درخواست دی تھی۔
’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق کوکی قبیلے کی جانب سے درخواست دیے جانے کے ایک ماہ بعد 21 جون کو پولیس نے مقدمہ دائر کرتے ہوئے پہلی گرفتاری 19 جولائی کو کی تھی۔
مذکورہ واقعے میں ایک ہزار تک افراد کو نامزد کیا گیا تھا اور خواتین کو برہنہ کرنے کے معاملے میں علاقے کے ہندو قبیلے کے میتلی افراد کے لوگ ملوث تھے۔
خواتین کو برہنہ کرکے انہیں کئی کلومیٹرز تک بے لباس گھمانے اور ان پر تشدد کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد بھارت کے مختلف سیاست دانوں، صحافیوں، سماجی رہنماؤں اور اسپورٹس مین کی طرح بولی وڈ شخصیات نے بھی واقعے پر اظہار افسوس کیا اور حکومت سے ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
ماضی کی مقبول اداکارہ ارمیلا نے منی پور واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے لکھا کہ حیرت کی بات یہ ہے کہ مذکورہ واقعہ مئی میں ہوا اور ابھی تک ملوث ملزمان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر اقتدار میں بیٹھے لوگ پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ایسے لوگوں کو شرم آنی چاہیے۔
بولی وڈ ہیرو اکشے کمار نے بھی واقعے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں امید ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کو ایسی سخت سزا دی جائے گی کہ دوبارہ کوئی بھی ایسی حرکت کرنے کا نہیں سوچے گا۔
کیارہ اڈوانی نے بھی خواتین کی ویڈیو پر اظہار افسوس کرتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ متاثرہ خواتین کو انصاف ملے گا اور ملوث افراد کو انتہائی سخت سزا دی جائے گی۔
اداکار سونو سود نے بھی واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے لکھا کہ ویڈیو نے سب کی روح کو رلادیا، خواتین کی نہیں انسانیت کی پریڈ کرائی گئی۔
فلم ساز وویک اگنی ہوتری نے بھی منی پور واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے لکھا کہ بھارت میں ہر جگہ مذہبی فسادات ہو رہے ہیں اور ان میں صرف اور صرف ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے متاثرہ خواتین سے معافی بھی مانگی۔