• KHI: Asr 4:08pm Maghrib 5:44pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:02pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:03pm
  • KHI: Asr 4:08pm Maghrib 5:44pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:02pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:03pm

لیبیا میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہ کے شکار 40 متاثرین کے کیسز کی انکوائری شروع کرنے کا فیصلہ

شائع July 20, 2023
انسانی اسمگلروں کے خلاف ایف آئی اے کے مقامی تھانے میں تقریباً 5 مزید مقدمات درج کرائے گئے ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز
انسانی اسمگلروں کے خلاف ایف آئی اے کے مقامی تھانے میں تقریباً 5 مزید مقدمات درج کرائے گئے ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) گجرات سرکل کی جانب سے لیبیا میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہ کا شکار بننے والے کم از کم 40 متاثرین کے کیسز کی انکوائری شروع کی جا رہی ہے جبکہ لوگوں کو غیرقانونی راستے سے بیرون ملک بھیجنے میں ملوث کم از کم 2 مزید مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ کشتی حادثے کے کم از کم 40 متاثرین کے مقدمات ابھی درج ہونا باقی ہیں کیونکہ ان کے ورثا ایجنٹس کی تفصیلات اور اپنے پیاروں کی سفری تاریخ بتانے سے گریزاں ہیں۔

ان ورثا نے گزشتہ ماہ ایف آئی اے کے مقامی دفتر میں دو روزہ کیمپ میں پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (پی ایس ایف اے) کی ٹیم کو اپنے ڈی این اے کے نمونے فراہم کیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کے اعلیٰ حکام نے ایسے 40 کیسز کی انکوائری کا حکم دیا ہے تاکہ متاثرین کی فضائی سفری تاریخ کے ذریعے تفصیلات معلوم کی جا سکیں اور ان اسمگلروں کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکیں جو انہیں کشتیوں سے اٹلی کے لیے لیبیا بھیجنے میں ملوث تھے۔

عہدیدار نے کہا کہ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں اس فراڈ میں ملوث انسانی اسمگلروں کے خلاف مقدمہ درج کیا جا سکتا ہے۔

دریں اثنا ایف آئی اے گجرات سرکل نے گزشتہ روز مزید 2 ایجنٹس کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا، ان میں سے ایک ڈنگہ ٹاؤن کے قریب گاؤں امرا کلاں کے افضل اور منڈی بہاؤالدین ضلع کے گاؤں چورنڈ کے حمید احمد شامل ہیں، دونوں ملزمان کے خلاف ایف آئی اے تھانے میں پہلے ہی مقدمات درج ہیں۔

ان گرفتاریوں کے بعد اب تک گرفتار ہونے والے ملزمان کی تعداد 41 ہو گئی، ان ملزمان کو کشتی حادثے کے متاثرین کو بیرون ملک بھجوانے میں ملوث ایجنٹوں کے خلاف شروع کیے گئے کریک ڈاؤن کے دوران گجرات، منڈی بہاؤالدین اور وزیر آباد کے علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔

علاوہ ازیں انسانی اسمگلروں کے خلاف ایف آئی اے کے مقامی تھانے میں تقریباً 5 مزید مقدمات درج کرائے گئے ہیں جس سے ایسے کیسز کی مجموعی تعداد 130 ہو گئی ہے۔

دوسری جانب حادثے میں ضلع گجرات سے تعلق رکھنے والے 6 جاں بحق افراد کی لاشیں اب تک اپنے آبائی علاقوں میں نہیں پہنچیں، لاشوں کی شناخت اُن کے ڈی این اے کے نمونوں کو اُن کے رشتہ داروں کے ڈی این سے ملا کر کی گئی۔

ایف آئی اے تھانے میں متاثرہ خاندانوں سے تعلق رکھنے والے کم از کم 120 افراد کے ڈی این اے کے نمونے جمع کیے گئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 18 نومبر 2024
کارٹون : 17 نومبر 2024