• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

یقینی بنائیں گے کہ نگران حکومت ہماری پالیسیوں کو جاری رکھے، وزیراعظم

شائع July 20, 2023
وزیراعظم نے ایم کیو ایم پاکستان کو یقین دلایا کہ نگران سیٹ اپ سے متعلق فیصلوں پر پارٹی سے مشاورت کی جائے گی—تصویر: اے پی پی
وزیراعظم نے ایم کیو ایم پاکستان کو یقین دلایا کہ نگران سیٹ اپ سے متعلق فیصلوں پر پارٹی سے مشاورت کی جائے گی—تصویر: اے پی پی

وزیر اعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ سرکاری اداروں میں ترجیحی بنیادوں پر اصلاحات متعارف کرائیں اور اس بات کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا کہ نگران حکومت ’مسلسل پیش رفت‘ کے حصول کے لیے ’ہماری پالیسیوں کو جاری رکھے گی‘۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نے یہ باتیں خسارے میں جانے والے سرکاری اداروں میں اصلاحات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ ایک اجلاس کے دوران کہیں۔

وزیراعظم نے آؤٹ سورسنگ سروسز کے ساتھ ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں میں شفافیت کی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ نگران حکومت قومی مفاد کی پالیسیوں کو آگے بڑھائے تاکہ مسلسل پیش رفت ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں اس بات کو یقینی بناؤں گا کہ نگران حکام ہماری پالیسیوں کو جاری رکھیں گے۔

اس کے علاوہ ایم کیو ایم-پاکستان کی جانب سے 2017 کی مردم شماری کے مطابق انتخابات کرانے کے منصوبے پر تحفظات کا اظہار کرنے پر وزیر اعظم شہباز شریف نے پارٹی کی قیادت سے ملاقات کی اور ان کی شکایات کے ازالے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی۔

وزارتی کمیٹی میں اسحٰق ڈار، سردار ایاز صادق اور خواجہ سعد رفیق شامل ہیں۔

وزیراعظم نے ایم کیو ایم پاکستان کو یقین دلایا کہ نگران سیٹ اپ سے متعلق تمام اہم فیصلوں پر پارٹی سے مشاورت کی جائے گی۔

دفتر وزیراعظم کے ایک بیان میں کہا گیا کہ کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں وفد نے وزیر اعظم سے ملاقات کی اور نگران حکومتوں کے قیام اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

دریں اثنا، ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ وزیراعظم نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ عام انتخابات 2017 کی مردم شماری کے مطابق کرانے کے معاملے پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ وزیراعظم نے سندھ کے شہری مراکز کی ووٹر لسٹوں سے بے ضابطگیوں کو ختم کرنے کا حکم دیا ہے۔

دوسری جانب ٹوئٹر پر ایک بیان میں وزیر اعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ تنازع کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے بغیر جنوبی ایشیا کبھی بھی پائیدار امن حاصل نہیں کر سکے گا اور اپنی حقیقی ترقی کی صلاحیت کو کھول نہیں سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور عوام نے ’یوم الحاق پاکستان‘ پر کشمیریوں کے ساتھ اپنی غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ دن 1947 میں سری نگر میں ہونے والے کنوینشن میں آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کی جانب سے ایک قرارداد کو منظور کرنے کی علامت ہے جس میں کشمیر کو پاکستان کے ساتھ ضم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024