ٹوئٹر پر کتاب شائع کرنے کا فیچر متعارف کا اعلان
مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے عندیہ دیا ہے کہ جلد ہی پلیٹ فارم پر ایک ایسا فیچر متعارف کرایا جائے گا، جس کے تحت صارفین پوری کی پوری کتاب بھی شائع کر سکیں گے۔
اس وقت ٹوئٹر پر عام صارفین 280 الفاظ پر مشتمل ٹوئٹ کرنے کے اہل ہیں جب کہ ٹوئٹر بلیو کے صارفین 10 ہزار الفاظ پر مشتمل ٹوئٹ بھی کرسکتے ہیں۔
لیکن نئے فیچر کے تحت صارفین نوٹس بھی شائع کر سکیں گے جب کہ اسی فیچر کو استعمال کرتے ہوئے صارفین اپنی مرضی کے تحت طویل آرٹیکلز اور یہاں تک کہ پوری کتاب بھی شائع کر سکیں گے۔
ٹوئٹر پر مذکورہ نئے فیچر کو پیش کیے جانے کی تصدیق ایلون مسک نے خود کی اور انہوں نے ایک صارف کے ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے بتایا کہ نئے فیچر پر کام جاری ہے۔
صارف نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ ٹوئٹر ’نوٹس‘ کے نام سے ایک نئے فیچر پر کام کر رہا ہے، جسے جلد متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
اسی ٹوئٹ پر ایلون مسک نے تصدیق کی کہ مذکورہ فیچر کے تحت صارفین طویل آرٹیکلز بھی شائع کر سکیں گے اور چاہیں تو پوری کی پوری کتاب بھی شائع کریں۔
ساتھ ہی ایلون مسک نے بتایا کہ مذکورہ فیچر کے تحت صارفین کتاب کی اشاعت کے ساتھ اس میں مختلف میڈیا فائلز بھی شامل کر سکتے ہیں، یعنی صارفین چاہیں تو ان میں ویڈیوز، تصاویر اور دیگر چیزیں بھی شامل کریں۔
یہ واضح نہیں ہے کہ مذکورہ فیچر میں انفوگرافس بھی استعمال کیے جا سکیں گے یا نہیں؟
ایلون مسک نے یہ بھی واضح نہیں کیا کہ مذکورہ فیچر تمام ٹوئٹر صارفین کے لیے ہوگا یا پھر اسے صرف ٹوئٹر بلیو کے صارفین استعمال کر سکیں گے؟
ممکنہ طور پر مذکورہ فیچر بھی صرف ٹوئٹر بلیو کے صارفین کے لیے ہوگا، تاہم یہ بھی خیال کیا جا رہا ہے کہ اسی فیچر تک عام صارفین کو بھی محدود رسائی دی جا سکتی ہے۔