• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

ایشیا کپ 2023 کا شیڈول جاری، 2 ستمبر کو پاک-بھارت ٹاکرا ہوگا

شائع July 19, 2023
لاہور میں ٹرافی کی رونمائی ہوئی—فوٹو: پی سی بی/ٹوئٹر
لاہور میں ٹرافی کی رونمائی ہوئی—فوٹو: پی سی بی/ٹوئٹر

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی انتظامی کمیٹی کے چئیرمین ذکا اشرف نے ایشیا کپ 2023 کے شیڈول کا اعلان کر دیا، جس کے 4 میچز پاکستان میں ہوں گے جبکہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ 2 ستمبر کو کینڈی میں ہوگا۔

لاہور میں ایشیا کپ 2023 کی ٹرافی کی رونمائی ہوئی جہاں قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ اور پنجاب کی نگران حکومت کے مشیر کھیل اور فاسٹ باؤلر وہاب ریاض سمیت دیگر نے شرکت کی اور پی سی بی کی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے ٹرافی کی رونمائی کے ساتھ ساتھ پریس کانفرنس میں ایونٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق ایشیا کپ کا افتتاحی میچ پاکستان اور نیپال کے درمیان 30 اگست کو ملتان میں کھیلا جائےگا۔

ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہونے والے ٹورنامنٹ کے 4 میچوں کی میزبانی پاکستان کرے گا جن میں ایک میچ سپر فور مرحلے کا بھی شامل ہے۔

پاکستان میں شیڈول ایشیا کپ 3 میچ لاہور اور ایک میچ ملتان میں کھیلا جائے گا جبکہ سری لنکا دیگر 9 میچوں کی میزبانی کرے گا، کینڈی میں 3 اور کولمبو میں 6 میچ کھیلے جائیں گے۔

شیڈول کے مطابق پاکستان اور بھارت کا میچ 2 ستمبر کو کینڈی میں کھیلا جائے گا، جس کے بعد سپر فور مرحلے تک رسائی کی صورت میں ایک مرتبہ پھر دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، اس صورت میں پاکستان اور بھارت 10 ستمبر کو کولمبو میں دوبارہ مدمقابل ہوں گے۔

شیڈول

ایشیا کپ کے لیے 6 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کردیا گیا ہے، گروپ اے میں پاکستان، بھارت اور نیپال جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔

  • 30 اگست: پاکستان بمقابلہ نیپال، ملتان
  • 31 اگست: بنگلہ دیش بمقابلہ سری لنکا، پالیکلے، کینڈی
  • 2 ستمبر: پاکستان بمقابلہ بھارت، کینڈی
  • 3 ستمبر: بنگلہ دیش بمقابلہ افغانستان، لاہور
  • 4 ستمبر: بھارت بمقابلہ نیپال، پالیکلے، کینڈی
  • 5 ستمبر: افغانستان بمقابلہ سری لنکا، لاہور

سپر فور مرحلہ

  • 6ستمبر: گروپ اے کی سرفہرست ٹیم بمقابلہ گروپ بی کی دوسرے نمبر کی ٹیم، لاہور
  • 9 ستمبر: گروپ بی کی سرفہرست ٹیم بمقابلہ گروپ بی کی دوسرے نمبر کی ٹیم، کولمبو
  • 10 ستمبر: گروپ اے کی سرفہرست ٹیم بمقابلہ گروپ اے کی دوسرے نمبرکی ٹیم، کولمبو
  • 12 ستمبر: گروپ اے کی دوسرے نمبر کی ٹیم بمقابلہ گروپ بی کی سرفہرست ٹیم، کولمبو
  • 14 ستمبر: گروپ اے کی سرفہرست ٹیم بمقابلہ گروپ بی کی سرفہرست ٹیم، کولمبو
  • 15 ستمبر: گروپ اے کی دوسرے نمبر کی ٹیم بمقابلہ گروپ بی کی دوسرے نمبر کی ٹیم،
  • کولمبو
  • 17 ستمبر: سپر فور مرحلہ کی سرفہرست ٹیم اور دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کے درمیان کولمبو میں فائنل ہوگا۔
  • 18 ستمبر: فائنل کے لیے ریزرو دن

پی سی بی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ ہماری مہمان نوازی اور انتظامات مثالی رہے ہیں اور یہ ٹورنامنٹ بھی بہترین انداز میں منعقد کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 15 سال بعد پاکستان میں انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کا انعقاد خوش آئند ہے اور ہم چیمپئنز ٹرافی 2025 کے بھی میزبان ہیں۔

ذکا اشرف نے کہا کہ ملتان کے شائقین کے لیے خوشی ہے کہ وہ ایشیا کپ کی میزبانی کر رہے ہیں اور پاکستانی ٹیم کے لیے اچھا موقع ہے کہ وہ بہترین کارکردگی دکھائے اور ایشیا کپ کا ٹائٹل دوبارہ حاصل کرے۔

پاکستان نے آخری مرتبہ 2012 میں ایشیا کپ میں فتح حاصل کی تھی۔

پی سی بی کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ نے ٹورنامنٹ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

جے شاہ نے کہا کہ ایشیا کپ ایک ایسا ایونٹ ہے جو ایشیائی ممالک کو مقابلے کے جذبے اور دوستی کے ذریعے متحد رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ٹورنامنٹ کے ذریعے کھیل کی خوبصورتی اسپورٹنگ مہارت اور اتحاد کی جھلک نظر آئے گی۔

خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے ایشیا کپ کے لیے میزبان پاکستان میں آکر کھیلنے سے انکار کے بعد ٹورنامنٹ کے اکثر میچز سری لنکا منتقل کردیے گئے ہیں اور پاکستان کو ابتدائی مرحلے کے صرف 4 میچوں کی میزبانی دی گئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024