• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

’بیوروکریٹک ذہنیت‘ ڈیجیٹائزیشن کی تیز رفتار ترقی میں رکاوٹ ہے، وفاقی وزیر کا اظہار تاسف

شائع July 19, 2023
وفاقی وزیر نے یہ بات اسلام  آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی—فائل فوٹو: پی آئی ڈی
وفاقی وزیر نے یہ بات اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی—فائل فوٹو: پی آئی ڈی

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیوروکریٹک ذہنیت ملک میں ڈیجیٹائزیشن کی تیز رفتار ترقی میں رکاوٹ بن رہی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر نے یہ بات اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی۔

سید امین الحق نے کہا کہ بیوروکریٹ اب بھی یہ ہی سمجھتے ہیں کہ آلو اور ٹماٹر جیسی چیزیں ہی مقامی اور غیر ملکی سطح پر تجارت کی اشیا ہیں، سرکاری حکام آن لائن سروسز جیسے کال سینٹرز اور فری لانسرز کی جانب سے کمائی جانے والی ترسیلات زر کی معاشی اہمیت و حیثیت سے بے خبر اور لا علم ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر کے ہمراہ پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد زوہیب خان کے علاوہ وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کے حکام بھی موجود تھے۔

امین الحق نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی جیسے اسمارٹ فونز کے ذریعے کنکٹیویٹی ڈیولپمنٹ کے حوالے سے کئی اہداف مقرر کیے گئے ہیں اور ہم تیزی سے ان اہداف کے حصول کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے وضاحت کی کہ ملک میں اچھے معیار کے اسمارٹ فون کی قیمت تقریباً 20 ہزار اور 30 ہزار روپے تک گر چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہدف ملک میں موبائل فون مینوفیکچرنگ کے فروغ کے ذریعے حاصل کیا جا رہا ہے، اسمارٹ فون استعمال کرنے والوں کی تعداد بڑھنے سے ٹیلی کام کمپنیوں اور انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والوں پر بھی اپنی سروسز کو بڑھانے کے لیے دباؤ پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا دوسرا ہدف کنیکٹیویٹی کو بڑھانا ہے جسے یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) کے 77 ارب 8 کروڑ روپے کے 83 منصوبوں کے ذریعے حاصل کیا جا رہا ہے تاکہ ملک بھر کے دور دراز اور سروسز سے محروم علاقوں کو کنیکٹیویٹی کی خدمات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ تمام منصوبے دسمبر 2023 تک مکمل ہو جائیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ سیاسی اور عسکری قیادت ڈیجیٹلائزیشن کی اہمیت سمجھتی ہے اور اس کے نتیجے میں کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ دینے کے لیے رکاوٹوں کو دور کیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ حکومت 20 جولائی کو آئی ٹی انڈسٹری کے حوالے سے عالمی سیمینار کا انعقاد کر نے جا رہی ہے جس سے ملک میں آئی ٹی انڈسٹری کی ترقی میں مدد ملے گی، یہ پاکستان کے لیے سرمایہ کاری اور ترسیلات زر کے حصول کے لیے آئندہ کے ذرائع ہیں۔

امین الحق نے مزید کہا کہ آئندہ چند برسوں میں آئی ٹی برآمدات کو 15 ارب ڈالر تک بڑھانے کے لیے منصوبے بنائے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ فری لانسنگ کورسز فراہم کرنے کے انیشیٹو اگنائٹ ڈیجی اسکلز کے پروگرامز کے تحت دلچسپی رکھنے والے تقریباً 33 لاکھ افراد کو مختلف کورسز کی تربیت دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2022 میں گوگل نے اپنے مختلف پروگراموں میں 15 ہزار پاکستانیوں کو تربیت دی اور 2023 میں یہ تعداد 45 ہزار ہو جائے گی۔

وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہا کہ اب گوگل کے ساتھ مذاکرات کے بعد 2024 میں تقریباً 45 ہزار پاکستانیوں کو کمپنی کی جانب سے تربیت دی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024