سعود شکیل کی شاندار ڈبل سنچری، پاکستان کو پہلی اننگز میں سری لنکا پر149 رنز کی برتری
گال ٹیسٹ کے تیسرے روز مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل کی شان دار ڈبل سنچری کی بدولت پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں سری لنکا پر 149 رنز کی برتری حاصل کی اور پوری ٹیم 461 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
سری لنکا کے شہر گال میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز جب کھیل شروع ہوا تو پاکستان کو میزبان ٹیم کے پہلی اننگز کے اسکور 312 رنز کے مقابلے میں 91 رنز کے خسارے کا سامنا تھا۔
گزشتہ روز قومی ٹیم کے صف اول کے بلے بازوں کی مکمل ناکامی کے بعد نوجوان سعود شکیل اور آغا سلمان نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کی تھیں اور قومی ٹیم نے سری لنکا کے پہلی اننگز کے 312 رنز کے جواب میں 221 رنز بنا لیے تھے اور اسے خسارے کا سامنا تھا۔
کھیل کے تیسرے روز سعود شکیل 69 اور آغا سلمان نے 61 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا تاہم آغا سلمان اپنے انفرادی اسکور میں 22 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 83 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ دوسرے اینڈ سے سعود شکیل نے اسکور میں اضافے کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنے کیریئر کی دوسری شان دار سنچری مکمل کی۔
آغا سلمان اور سعود شکیل نے پاکستان کی جانب سے سری لنکا کے خلاف چھٹی وکٹ پر 177 رنز کی سب سے بڑی شراکت قائم کی۔
پاکستان کے ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی نعمان علی تھے جو 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کے بعد شاہین شاہ آفریدی 8 رنز بنا پر پویلین لوٹے۔
اس موقع پر پاکستان کی جانب سے شان دار سنچری اسکور کرنے والے بلے باز سعود شکیل 172 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے اور نئے آنے والے بلے باز نسیم شاہ نے ان کا ساتھ دیا۔
نسیم شاہ اور سعود شکیل کی شراکت میں 94 رنز کا اضافہ ہوا جس میں نسیم نے صرف 6 رنز کا حصہ ملایا اور 78 گیندوں کا سامنا کرکے آؤٹ ہوگئے۔
سعود شکیل نے کریز پر آنے والے آخری بلے باز ابرار احمد کے ساتھ مل کر اپنے کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری مکمل کی۔
سعود شکیل سری لنکا کی سرزمین پر ٹیسٹ کرکٹ میں ڈبل سنچری کرنے والے پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے۔
انہوں نے یہ اعزاز ملک سے باہر اپنے کیریئر کے پہلے ٹیسٹ میں حاصل کیا۔
ابرار احمد نے سعود شکیل کے ساتھ مل کر 21 رنز کا اضافہ کرنے میں ہاتھ بٹایا تاہم 12 گیندوں پر ایک چھکے کی مدد سے 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی پوری ٹیم تیسرے روز چائے کے وقفے کے بعد 461 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تاہم سعود شکیل ناقابل شکست رہے۔
پاکستان نے گال ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سری لنکا پر 149 رنز کی برتری حاصل کی۔
سری لنکا کی جانب سے رمیش مینڈس سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، پراباتھ جے سوریا کے حصے میں 3 وکٹیں آئیں۔
سری لنکا کے دن کے اختتامی لمحات میں دوسری اننگز کا آغاز کیا اور دن کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے 14 رنز بنائے اور پہلی اننگز کا خسارہ کم ہو کر 135 رنز رہ گیا۔
اوپنر نیشان مدوشکا 8 اور دیمتھ کارونارتنے 6 رنز بنا کر کھیل رہے تھے۔
گال میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور پہلی اننگز میں دھننجیا ڈی سلوا کی سنچری کی بدولت 312 رنز بنائے تھے۔
اس سے قبل پاکستان نے سری لنکا کرکٹ پریذیڈنٹ الیون کے خلاف دو روزہ وارم اپ میچ کھیلا جو ڈرا ہو گیا تھا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ 24 سے 28 جولائی تک کولمبو میں کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔