جنوبی کوریا میں لینڈسلائیڈنگ، سیلاب سے 24 افراد ہلاک
جنوبی کوریا میں بارشوں کے نتیجے میں ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے 24 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔
خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کی سرکاری خبرایجنسی یونہاپ نیوز نے مختلف ریاستوں کی حکومت کے حوالے سے بتایا کہ تین روز سے جاری بارشوں کے دوران لینڈ سلائیڈنگ ہوئی اور ایک ڈیم میں پانی کی سطح پر بلند ہوئی۔
جنوبی کوریا کی وزارت داخلہ کے مطابق آج صبح مختلف علاقوں سے ایک ہزار 567 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا اور شمالی چنگ چیونگ صوبے میں ڈیم بھر گیا اور پانی بہنے لگا۔
صوبائی حکام نے بتایا کہ مقامی حکومتوں کو لوگوں کو محفوظ جگہوں پر منتقل کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں اور مختلف اوقات میں 7 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔
کوریا کے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ خطے میں مزید بارشیں ہوں گی اور متاثرین کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
کوریا ریل روڈ کارپوریشن نے بیان میں کہا کہ چند بلٹ ٹرینز اور تمام عام ریلوے نظام روک دیا گیا ہے تاہم بلٹ ٹرینیں بھی تاخیر کا شکار ہوسکتی ہے کیونکہ نظام سست چل رہا ہے، لینڈسلائیڈنگ، پٹڑی پر سیلاب اور چٹانیں گرنے کے خدشے کے پیش نظر محفوظ سفر خطرے میں ہے۔
وزارت ٹرانسپورٹ نے کہا کہ شمالی چینگچیونگ میں جمعے کو لینڈ سلائیڈ کی وجہ سے ایک عام ریل پٹڑی سے اتر گئی تھی اور پٹڑی پر ریت بھر گئی تھی۔
بیان میں کہا گیا کہ انجینئر زخمی ہوئے ہیں لیکن ریل اس وقت کوئی مسافر موجود نہیں تھا۔
جنوبی کوریا کے وزیراعظم ہین ڈکسو نے حکومتی اداروں سے ملاقات کے دوران فوج سے کہا کہ وہ امدادی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں اور مشینری اور کارکنوں کو متحرک کرنے کے لیے حکومتی عہدیداروں کے ساتھ مل کر کام کریں۔